تمام مقدمات کا سامنا کرونگا، یہ سب فراڈکیس ہیں،پرویزمشرف
اسلام آ باد(آئی ایم آئی ) سابق صدر جنرل(ر)پرویز مشرف نے کہا ہے پاکستان کیلیے جان بھی حاضر ہے، انھوں نے جو کچھ کیا وہ ملک اور عوام کے مفاد کیلیے کیا، وہ ڈرنے والے نہیں ہیں ، تمام مقدمات کا سامنا کریں گے یہ سب فراڈ کیس ہیں ، انھوں نے اچھی حکومت چلائی اور ملک کو زمین سے اٹھا کر آسمان پر لے گئے۔موجودہ حکومت کے ساتھ ان کے اختلافات ہیں تاہم اگر یہ ملک و عوام کیلیے کچھ کرتی ہے تو ان کی نیک خواہشات اس کے ساتھ ہیں۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ جب وہ پی ایم اے میں تھے تو انھوں نے حلف لیا تھا کہ وہ ملک کیلیے جان کی بازی لگا دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ مانتے ہیں کہ آئین کی بالا دستی ہونی چاہیے، جب ایسی حالت ہو کہ ملک ڈوب رہا ہو اور عوام بدحال ہوں تو ملک کو بچانا چاہیے۔ ایک طرف ملک اور دوسری طرف آئین تھا 12اکتوبر ہو یا تین نومبر انھوں نے ملک کے بہترین مفاد میں فیصلے کیے ۔آئندہ بھی موقعہ ملا تو پھر ملک کے لیے بہترین فیصلہ کریں گے۔ آئین کا آرٹیکل 5 کہتا ہے ملک کو بچانا ہر شخص کا فرض ہے اور یہی حلف انھوں نے پی ایم اے میں لیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ انھیں فخر ہے کہ ان پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے اور یہ الزام ہو بھی نہیں سکتا ہے کیونکہ ان کے ماں باپ نے ان کی تربیت ہی ایسی کی ہے۔ پاکستان واپس آنے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ لوگ میری دماغی کیفیت کو سمجھیں کہ میں ملک واپس کیوں آیا، لوگوں نے بہت کہا کہ نہ آئیں بہت خطرہ ہے لیکن وہ اس کے باوجود واپس آئے،انھوں نے کہا کہ یہ میرا ملک ہے ، ان کا گھر ، رشتے دار ،دوست سب یہاں ہیں وہ یہاں نہیں آئیں گے تو اور کہاں جائیں گے،انھوں نے کہا کہ وہ اس لیے بھی پاکستان آئے کیونکہ لوگ تبدیلی کے لیے تیار تھے، ملک کی معیشت تباہ ہو چکی تھی، آپ اس دور کا میرے دور سے موازنہ کر لیں۔