ای کامرس

ای کامرس کی شاندارعکاسی

شاہد افراز خان ،بیجنگ

Ecommerce in China

دنیا میں اگر ای کامرس یا آن لائن خریداری کی بات کی جائے تو چین کا سالانہ "ڈبل 11 ” فیسٹیول دنیا میں آن لائن شاپنگ کا سب سے بڑا میلہ کہلاتا ہے۔کہا جا سکتا ہے کہ چینی صارفین اس میلے کا سال بھر شدت سے انتظار کرتے ہیں ،  آن لائن شاپنگ کارٹ میں مطلوبہ مصنوعات کو ہفتوں پہلے شامل کیا جاتا ہے، بہترین رعایتی قیمت پر مصنوعات خریدی جاتی ہیں، اور نئی خریدی گئی مصنوعات کی آمد کا انتظار ، یہ پیٹرن اکتوبر کے آخر سے نومبر کے وسط تک جاری رہتا ہے۔”ڈبل 11  "شاپنگ میلے کا آغاز 2009 میں” گیارہ نومبر” کو ہوا تھا اسی مناسبت سے اسے "ڈبل 11  ”  میلہ کہا جاتا ہے۔آج اس شاپنگ فیسٹیول کو چین کی اہم ترین معاشی سرگرمی کا درجہ حاصل ہے اور اسے مسلسل بڑھتی ہوئی گھریلو طلب اور دوسری جانب معیار زندگی کے لئے لوگوں کی بڑھتی ہوئی خواہشات کو پورا کرنے کی اہم کڑی سمجھا جاتا ہے.اس میلے نے چین کے اندر جہاں کھپت کے نئے رجحانات کو متعارف کروایا ہے وہاں دنیا کو بھی چینی منڈی کے مشاہدے اور چینی صارفین کی طلب  کا مشاہدہ کرنے کے لئے ایک دریچہ بھی فراہم کیا ہے۔

آن لائن شاپنگ میلے "ڈبل 11 ” کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ چین کے بڑے ای کامرس پلیٹ فارمز میں سے ایک "ٹی مال” کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گیارہ نومبر کو میلے کے آغاز کے بعد ، پہلے گھنٹے کے اندر 102 برانڈز کا کاروبار جن میں سے نصف سے زائد چینی برانڈز ہیں، 100 ملین یوآن (تقریباً 13.9 ملین امریکی ڈالر) سے تجاوز کر چکا تھا۔ یہاں تک کہ کچھ چینی برانڈز کی فروخت پچھلے سال 11 نومبر کے پورے دن کی مجموعی فروخت کے مقابلے میں رواں برس پہلے ہی  گھنٹے کے اندر  تجاوز کر چکی تھی۔ایکسپریس ڈلیوری کے ذریعے لائی گئی سہولت کی بدولت اب  "ڈبل 11”   محض چینی صارفین کے لئے ایک مقامی خصوصی شاپنگ فیسٹیول نہیں رہا ہے بلکہ غیر ملکی صارفین کے لئے بھی وسیع ورائٹی پیش کرتا ہے۔ایک اور معروف چینی ای کامرس ادارے JD.com  کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کچھ ممالک اور خطوں میں، چین سے متعلق تاریخی ناولوں کی "پری سیل” میں سال بہ سال 380 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو غیر ملکی صارفین میں کتب بینی کے ذریعے چین کے بارے میں جاننے کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے. آن لائن خوردہ فروش "سونینگ” کے اعداد و شمار کے مطابق ، رواں سال کے "ڈبل 11” کی افتتاحی مدت کے دوران ٹریڈ ان آرڈرز کا حجم ماہانہ بنیادوں پر 122 فیصد بڑھ گیا  ہے، جو صارفین کے بڑھتے ہوئے رجحان کی بھی عکاسی کرتا ہے۔تاہم ، کم قیمت ، جو پہلے تہوار کا سب سے بڑا "سیل پوائنٹ” تھا ، اب پہلے کی طرح پرکشش نہیں ہے ، کیونکہ بہت سے صارفین کھپت کے فوائد کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور صحت ، تعلیم اور کھیلوں پر اپنے بجٹ کو بڑھانے کے لئے زیادہ تیار ہیں۔

چونکہ یہ فیسٹیول گیارہ نومبر یعنیٰ موسم سرما میں آتا ہے، اسی باعث ٹی مال کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کیمپنگ مصنوعات کی فروخت کے حجم میں سال بہ سال 115 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ اسکیئنگ تنظیم نے رواں سال کے "ڈبل 11” کے پہلے گھنٹے کے اندر اندر 61.9 فیصد سالانہ اضافہ دیکھا حاصل ہے۔ یہ اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ چین نے بیجنگ 2022 سرمائی اولمپکس کی کامیاب میزبانی کرنے کے بعد ملک میں برف کے کھیلوں کی جانب ایک ابھرتے ہوئے جوش و خروش کا مشاہدہ کیا ہے.رواں سال کے شاپنگ فیسٹیول میں اب تک جن شعبہ جات میں نمایاں دلچسپی کا مظاہرہ کیا گیا ہے ان میں ، غذائیت اور صحت کی مصنوعات، اور گھریلو طبی آلات بھی شامل ہیں.اس رجحان کو پانچویں چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں پیش کردہ نئی مصنوعات سے بھی مزید تقویت ملی ہے جس میں نت نئے جدید گھریلو طبی آلات مثلاً 5 جی سے چلنے والا ذہین نرسنگ بیڈ جو دل کی دھڑکن ، سانس لینے اور جسم کی نقل و حرکت کی نگرانی کی صلاحیت رکھتا ہے اور بزرگوں کے لئے ڈیزائن کردہ وائرلیس بلوٹوتھ ہیئرنگ ایڈ وغیرہ شامل ہیں۔یہ بات بھی قابل زکر ہے کہ چین میں عمر رسیدہ افراد کی ایک بڑی آبادی ہے اور بزرگوں سے وابستہ مصنوعات اور خدمات کی مارکیٹ میں ترقی کی زبردست صلاحیت موجود ہے۔مبصرین پرامید ہیں کہ چین کا یہ  "ڈبل 11”  شاپنگ میلہ گزرتے وقت کے ساتھ طب اور صحت کی دیکھ بھال، سمارٹ گھر، سیاحت، ثقافت اور تفریحی صنعتوں کو مؤثر طریقے سے فروغ دیتے ہوئے صارفین کی مضبوط قوت خرید سے اقتصادی ترقی کے لئے نئے مواقع اور  نئی رفتار پیدا کرے گا۔

Leave a Reply

Back to top button