چین:پاکستانی صحافی شاہد افراز خان کو چائنا میڈیا گروپ نے اپنا معتبر ترین ایوارڈ عطا کر دیا
اردو ٹوڈے، بیجنگ

چین کے سب سے بڑے میڈیا ادارے چائنا میڈیا گروپ (سی ایم جی) سے وابستہ پاکستانی صحافی شاہد افراز خان کو اُن کی سال 2024 میں بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کے اعتراف میں ” ایکسی لینٹ ایوارڈ 2024″ سے نوازا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ چائنا میڈیا گروپ کا معتبرترین اعزاز کہلاتا ہے جو ادارے سے وابستہ غیرملکی صحافیوں کو دیا جاتا ہے۔
رواں سال یہ ایوارڈ چھ غیر ملکی صحافیوں کو دیا گیا ہے جن میں پاکستان سمیت امریکہ ،برطانیہ اور دیگر ممالک کے صحافی شامل ہیں۔
سی ایم جی کی جانب سے شاہد افراز خان کو پاکستان۔ چین تعلقات کے فروغ سمیت چین سے جڑے سیاسی سماجی موضوعات کو اجاگر کرنے میں اُن کی خدمات کے اعتراف میں یہ اعلیٰ اعزاز دیا گیا ہے۔ شاہد افراز خان ریڈیو پاکستان سے بطور سینئیر پروڈیوسر وابستہ ہیں اور اس وقت چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس میں بطور غیر ملکی ماہر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔