اٹلی پاکستان میں سرمایہ کاری اور اقتصادی سرگرمیوں کو مزید توسیع دے گا، وینزو پراٹی
کراچی (آن لائن) اٹلی پاکستان کا قریبی دوست ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری اور اقتصادی سرگرمیوں کو مزید توسیع دے گا۔ ان خیالات کا اظہار اپنے اعزاز میں دیئے گئے لینڈی رینزو پاکستان کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے اٹلی کے سفیر وینزو پراٹی نے کیا۔ انہوں نے اپنے دور میں اٹلی کے سفارت خانے کی پاکستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری، روزگار اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ اٹلی کے سفیر جلد ہی اپنی 4 سالہ سفارت کاری کی مدت ختم ہونے پر واپس چلے جائیں گے اس موقع پر لینڈی رینزو پاکستان نے ان کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ کا اہتمام کیا۔ تقریب میں انہوں نے پاکستان اور خاص طور پر سی این جی انڈسٹری کو درپیش مسائل پر بھی بات کی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جلد اس مسئلے کا کوئی مثبت حل نکالا جائے گا اور لینڈی رینزو پاکستان میں آپریشن کو جاری رکھ سکے گی۔ قبل ازیں لینڈی رینزو پاکستان کے چیف ایگزیکٹو البرٹو باربیری نے پاکستان میں کمپنی کی اربوں روپے کی بھاری سرمایہ کاری کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 15 دسمبر کو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی جانب سے سی این کٹس اور سلنڈر پر پابندی کے فیصلے سے سی این جی انڈسٹری بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر لینڈی رینزو کے پاکستانی حکام کو دی جانے والی سفارشات پر بھی بات کی۔ سفارشات میں مقامی طور پر تیار ہونے اور فروخت ہونے والی سی این جی کٹس کے کوٹے اور کٹس کی برآمدات پر عائد پابندی کو جزوی طور پر ختم کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔ اٹلی کے سفیر نے سی ای او، لینڈی رینزو کی سفارشات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی حکومت کے نمائندے لینڈی رینزو اور پاکستانی حکام کے درمیان جاری بات چیت کے نتائج کو غور سے دیکھ رہے ہیں۔ الوداعی تقریب میں اٹلی کے قونصل جنرل البرٹو فرانسز چینز، سفارت خانہ اٹلی کے فرسٹ سیکریٹری ڈاکٹر فیڈیریکوبیانچی، ڈائریکٹر کارپوریٹ پلاننگ، پاک سوزوکی، جمیل احمد سمیت دیگر افراد نے شرکت کی