عمران خان کا 22 دسمبر کو مہنگائی کے خلاف احتجاج کا اعلان
لاہور(آئی ایم آئی )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 22 دسمبر کو مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ حکومت کا ہنی مون پیریڈ ختم ہوچکا، ہم نے وفاقی حکومت کو بہت مواقع دیے۔ انہوں نے کہا کہ 22 دسمبر کو مہنگائی کے خلاف تاریخی احتجاج کیا جائے گا جو ملک گیر ہوگا۔ عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے4 حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کرائی جائے، حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ ہرحلقے میں 60 سے 70 ہزار ووٹ غیرتصدیق شدہ ہیں،اگر60 سے 70 فی صد ووٹ جعلی ہیں تو انتخابات کا کیا فائدہ، ہم تو صرف 4 حلقوں کی بات کر رہے ہیں، جس دن سپریم کورٹ نے 4 حلقوں کی تصدیق کرائی، تاریخی دھاندلی آئے گی، اگرپنجاب میں انتخابات درست ہوئے ہیں توصوبائی حکومت کو کس بات کا خوف ہے۔ عمران خان نے کہا کہ عام انتخابات میں پاکستان کی جمہوریت پرڈاکا ڈالا گیا، اگربلدیاتی انتخابات بھی ایسے کرانے ہیں تو نہیں کرائے جائیں، بلدیاتی انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں بائیومیٹرک سسٹم لارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل انصاف نہیں دے سکتے، سپریم کورٹ میں پیرکو حاضرہوں گا، امید ہے سپریم کورٹ انصاف فراہم کرے گی۔