وزیر اعظم انویسٹمنٹ اسکیم پر آئی ایم ایف کے تحفظات دور کر دیے، ایف بی آر
اسلام آ باد(آئی ایم آئی ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے ممبر ان لینڈ ریونیو پالیسی شاہد حسین اسد نے کہا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید کسی قسم کی کوئی توسیع نہیں کی جائیگی اور 16 دسمبر کے بعد گوشوارے جمع کرانے والوں پر جرمانے اور ڈیفالٹ سرچارج عائد کیے جائیں گے۔اس کے ساتھ ساتھ انکا آڈٹ بھی کیا جائے گا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ رواں مالی سال کے لیے ٹیکس وصولیوں کے ہدف میں کمی نہیں کی گئی، 2475 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرلیا جائیگا، وزیراعظم کی اعلان کردہ انویسٹمنٹ اسکیم کے بارے میں آئی ایم ایف کے تحفظات دور کر دیے گئے ہیں۔ گاڑیوں پر ٹیکس کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ ایف بی آر نے کسی قسم کا کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا اور نہ ہی کوئی نیا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، ایف بی آر کی ویب سائٹ پر جاری کیا جانے والا چارٹ پرانا ہے جو یکم جولائی سے نافذ العمل ہیں اور اس میں صرف گڈز اور ٹرانسپورٹرز کے لیے 18 نومبر کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شرح سے ٹیکس دیا گیا ہے لیکن بعض لوگ ناسمجھی میں اسے نئے ٹیکس کا نوٹیفکیشن سجھمے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔