لاہور: معروف شیعہ ذاکر علامہ ناصر عباس ملتانی قتل
لاہور: پاکستان کے شہر لاہور میں نا معلوم موٹر سائیکل سوار مسلح دہشتگردوں نے مشہور و معروف ذاکر علامہ ناصر عباس ملتانی کو قتل کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق علامہ ناصر عباس ملتانی کو مسلح افراد نے ایف سی کالج کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ علامہ ناصر کو شدید زخمی حالت میں شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ پولیس کے مطابق حملے کے وقت ان کا ڈرائیور بھی انکے ساتھ تھا جو گاڑی کو بھگا کر فوری طور پر اسپتال لے گیا لیکن علامہ ناصر عباس جانبر نہ ہو سکے۔ علامہ ناصر عباس تحفظ عزاداری کونسل پاکستان صوبہ پنجاب کے نائب صدر اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رکن تھے۔ اس اندوہناک واقعے پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان، تحفظ عزاداری پاکستان، اور پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ نے شدید مذمت کرتے ہوئے جلد از جلد قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے تین روزہ پر امن سوگ کا اعلان کیا ہے۔