بے یقینی کی صورتحال پر قابو پانے کے لئے پیر پگارا کی رہنمائی حاصل کی جائے، چودھری ساجد حسین
خیرپور: فنکشنل لیگ کے مرکزی رہنماء و سابق سینیٹرچودھری ساجد حسین نے کہا ہے کہ ملک نازک صورتحال سے گذر رہا ہے ہر طرف افرا تفری بدامنی اور دیگر مسائل نے سر اٹھا رکھا ہے ملک میں قیام امن اور بے یقینی کی صورتحال پر قابو پانے کے لئے پیر پگارا کی رہنمائی حاصل کی جائے وہ اپنی رہائش گاہ پر امن پسند شہریوں کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے چودھری ساجد حسین نے کہا ہے کہ پگارا خاندان کی سر زمین پاکستان کے لئے بڑی قربانیاں ہیں اس دھرتی کے محبان اسلام نے بڑی قربانیاں دیکر ملک بنایا افسوس کہ امن دشمن عناصر ملک کو بے گناہوں کے خون سے نہلارہے ہیں صورتحال نہایت پیچیدہ ہے اس صورتحال میں تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے مفادات چھوڑ کر کردار ادا کرنا ہوگا چودھری ساجد حسین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملوں اغوا برائے تاوان اور دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کی ۔