وزارت داخلہ اوریورپی یونین کے درمیان ملک بدرکئے جانے والے افراد سے متعلق معاملات طے پاگئے
اسلام آباد: یورپی یونین اور پاکستانی وزارت داخلہ میں ملک بدر کئے جانے والے افراد کے حوالے سے معاملات طے پاگئے ہیں جس کے مطابق یورپی یونین جرائم پیشہ افراد سے متعلق تمام ثبوت پاکستان کو مہیا کرنے کا پابند ہوگا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق برسلز میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا جس کے مطابق جرائم پیشہ افراد اور دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے والے افراد کو ملک سےبے دخل کئے گئے ملزمان کے کوائف پاکستان کو فراہم کئے جائیں گے جب کہ یورپی یونین نے بے دخلی سے متعلق پاکستان کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق یورپی یونین نے ڈی پورٹیز کے حوالے سے پاکستان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اوریورپی یونین آئندہ ڈی پورٹیز کی تصدیق اوران کی منظم طریقے سے واپسی کے سلسلے میں وزارت داخلہ پاکستان کے وضع کردہ طریقہ کار کی مکمل پاسداری کرے گی جب کہ بے دخل کئے جانے والے جرائم پیشہ افراد یا ہشت گردی میں ملوث ملزمان کے خلاف حکومت پاکستان کے ساتھ ثبوتوں کا تبادلہ بھی کیا جائے گا ۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ طے شدہ معامالات کی روشنی میں اب تصفیہ طلب امورکے حل سے بے دخل ہونے والے افراد کی منظم واپسی ممکن ہوگی اورجرائم و دہشت گردی کی بنیاد پربےدخل افراد کے ثبوت پاکستان کو دیے جائیں گے۔ ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یورپی یونین نے انسانی اسمگلرز کے خلاف پاکستان کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہا جب کہ وزیرداخلہ نے یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے تمام امور خوش اسلوبی کے ساتھ طے پانے کا خیر مقدم کیا ہے۔