چینثقافت

چین کا جشن بہار گالا

Chinese New Year

: شاہد افراز خان ،بیجنگ

Chinese New Year 2022
چینی سال نو

چین میں یکم فروری سے جشن بہار اور نئے قمری سال کا آغاز ہو چکا ہے اور اس وقت ملک بھر میں جشن بہار کی خوشیاں انتہائی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہیں۔ چین میں ہر سال کو کسی خاص جاندار سے موسوم کیا جاتا ہے اور یہ نیا شروع ہونے والا سال "ٹائیگر” کا سال ہے جو چینی سماج میں بہادری، طاقت، اور برائی سے لڑنے کی صلاحیت کی عکاسی کرتا ہے۔ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی جشن بہار کی خوشیوں کا آغاز  شاندار جشن بہار گالا سے کیا گیا۔چین میں اس جشن بہار گالا نشریات کا آغاز 1983 میں کیا گیا تھا، جو چینی ثقافت اور مختلف فنون سے مزین وسیع پیمانے پر منعقد کیا جانے والا میلہ ہے۔ اسے نئے قمری سال کی آمد کے موقع پر چینی قومی ٹیلی ویژن کے ذریعے لانچ کیا گیا تھا۔ گزشتہ تقریباً چالیس  سالوں میں ا سپرنگ فیسٹیول گالا میں لاتعداد خاندان حصہ لے چکے ہیں، جبکہ اسے گنیز بک آف ریکارڈز کے مطابق سب سے زیادہ دیکھے جانیوالے ٹی وی پروگرام کی سند بھی حاصل ہے۔ نئے سال کے موقع پر کنبے کے تمام لوگوں کی ایک دوسرے سے ملاقات، ڈمپلنگ بنانا، سپرنگ فیسٹیول گالا دیکھنا، نئے سال کی شام کے کھانے میں شریک ہونا اور سرخ لفافوں کا تبادلہ چینی روایت اور ثقافت کا حصہ بن چکا ہے۔

اکتیس جنوری کی شام کو اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے   چائنا میڈیا گروپ کے جشنِ بہار ایوننگ گالا نے دنیا کے اربوں ناظرین کو ٹائیگر کے سال میں خوش آمدید کہا ۔ اس شاندار ثقافتی شو میں خوبصورت گانے، روائتی رقص، مزاحیے خاکے، سنسنی خیز کرتب اور جدید ٹیکنالوجیز  سے ناظرین کے لئے شاندار تفریح پیش  کی گئی۔یہ بات قابل زکر ہے کہ رواں سال جشن بہار ایوننگ گالا کی 40ویں سالگرہ بھی  ہے۔ گزشتہ چالیس سالوں کی ترقی کے بعد "اسپرنگ فیسٹیول ایوننگ گالا” سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی اور اطلاق کی نمائش کا ایک جامع پلیٹ فارم بن چکا ہے، جو ہر سال تمام ناظرین  کے نئے جمالیاتی ذوق کی تسکین کرتا ہے۔ 1983میں چین کے پہلے ایوننگ گالا کے موقع پر نہ تو کوئی خوبصورت اسٹیج تھی اور نہ ہی چمکیلی روشنیاں تھیں۔ لہذا پہلا اسپرنگ فیسٹیول گالا "تکنیکی مواد” سے قدرے عاری تھا۔ لیکن اب اسپرنگ فیسٹیول گالا میں اختراعی ٹیکنالوجیز کے اطلاق سے ناظرین کے لیے ایک شاندار سمعی و بصری تجربہ پیش کیا جاتا ہے ۔رواں سال جشن بہار ایوننگ گالا کے موقع پر پہلی مرتبہ 720  زاویے کی خمیدہ ایل ای ڈی اسکرینوں کا استعمال کیا گیا، اور ایکس آر، اے آر ورچوئل وژن ٹیکنالوجی، ہولوگرافک اسکیننگ ٹیکنالوجی اور رینڈرنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا جس  نے گالا نشریات کے حسن میں مزید اضافہ کیا ۔یوں سامعین اور  ناظرین بیک وقت ایک شاندار سمعی و بصری تجربے سے محظوظ ہوئے۔حیرت انگیز طور پر رواں سال دنیا بھر کے 170 سے زیادہ ممالک اور خطوں کے 600 سے زائد میڈیا اداروں نے  "اسپرنگ فیسٹیول گالا” کو نشر  اور رپورٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیے

چینی صدر شی جن پھنگ کا عالمی نقطہ نظر

چین، زرعی جدت کا مشاہدہ

عوامی حکومت کا عوام کے ساتھ باہمی اعتماد سازی کا رشتہ

نئے چینی سال کے موقع پر، یہ سرگرمی نہ صرف چینی عوام بلکہ دنیا بھر کے ناظرین و سامعین کے لیے ایک دلچسپ اور شاندار ثقافتی تقریب رہی۔پاکستان میں بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے جشن بہار گالا کی نشریات دیکھیں  اور اسے سوشل میڈیا  پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا۔رواں سال کے گالا میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا  کے قیام کی صد سالہ تقریب، دیہی احیاء، ماحولیاتی تہذیب، سرمائی اولمپکس، اور چین کی ایرو اسپیس انڈسٹری جیسے اہم شعبہ جات میں ترقی کو نمایاں انداز سے اجاگر کیا گیا۔ مجموعی طور پر کہا جا سکتا ہے کہ یہ ٹیلی ویژن شو ٹیکنالوجی اور آرٹ کا گہرا انضمام رہا جس سے چین سمیت دنیا بھر میں بہار کی خوشیاں بکھیری گئیں۔

چینی قمری کلینڈر کے مطابق  12ویں مہینے کے آخری روز ” اسپرنگ فیسٹیول  ایوننگ گالا 2022″ نے  ملک بھر کے لوگوں کے ساتھ مل کر  نئے قمری سال کی گھنٹی بجائی تاکہ ایک خوشحال اور سدا بہار خوشگوار سال کا استقبال کیا جا سکے ۔چائنا میڈیا گروپ کے ٹی وی چینلز اور نیو میڈیا پلیٹ فارمز  نے انگریزی، ہسپانوی، فرانسیسی، عربی، روسی سمیت 44 زبانوں میں دنیا بھر کے میڈیا اداروں کے اشتراک سے "جشن بہار ایوننگ گالا” کی براہ راست نشریات کے ذریعے دنیا کو جہاں چینی ثقافت سے روشناس کروایا  وہاں وبا کے اس دور میں چہروں پر مسکراہٹیں بھی بکھیری ہیں ، یہی بہار کا حقیقی پیغام بھی ہے  ۔

 

Leave a Reply

Back to top button