اسلام آباد

عمران امریکہ کا نام لے کر لوگوں کے جذبات سے کھیل رہا ہے، سعید غنی

اردو ٹوڈے، اسلام آباد
وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران نیازی امریکہ کا نام لے کر لوگوں کے جذبات سے کھیلنا چاہتا ہے اور یہ ثابت کرنا چاہتا ہے کہ میں امریکہ کے خلاف ہوں،اس وقت عمران نیازی اپنی ذات سے آگے کچھ نہیں دیکھ رہا ہے۔

سعید غنی
وہ اپنی وزارت عظمیٰ کو بچانے کے لئے اس ملک کی بنیادوں کو ہلا رہا ہے۔وہ اس ملک کے بین الاقوامی تعلقات کو داؤ پر لگا رہا ہے۔ وہ ملک کے معاشرے میں انارکی پھیلانا چاہ رہا ہے۔
ملک میں لوگوں کے درمیان لڑائیاں کروانا چاہتا ہے۔عمران خان اس وقت ملک کے لئے ایک سیکورٹی تھریڈ بن چکا ہے، وہ پاکستان کے خلاف کام کررہا ہے، وہ پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کے ایجنڈے پر کارفرما ہے، سندھ میں جو دو حقیقی سیاسی قوتیں ہیں ان میں ایک پیپلز پارٹی اور ایک ایم کیو ایم ہے۔
صوبہ سندھ کی جہاں تک بات ہے، تمام جماعتیں صوبہ سندھ کی بشمول مسلم لیگ نون کے، پی ٹی آئی، جماعت اسلامی اور جے یو آئی کے تمام متفق ہے کہ سندھ میں کوئی نیا صوبہ نہیں بننا چاہئے اور پیپلز پارٹی بھی اس پر قائم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ گذشتہ روز عمران خان نے روتے ہوئے اپنی الوداعی پریشانی کے عالم میں تقریر میں 45 منٹ کے دوران کم ازکم سوا دو سو مرتبہ اپنا ہی تذکرہ کیا اور میں میں کرتا رہا۔
لیکن افسوس ناک بات ہے کہ کسی جمہوری معاشرے کے لئے کہ جو وزیر اعظم اپنے آپ کو جمہوریت کا چیمپین اور اصول پسند کہتا ہے، اس کو یہ یقین ہے اور کل اسمبلی میں اس کو نظر بھی آیا کہ اسمبلی میں اکثریت اپوزیشن کے پاس ہے پی ٹی آئی کے ناراض ارکان کے علاوہ بھی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کہ کسی بھی ملک میں ایسی صورتحال پیدا ہو تو وزیر اعظم بڑے دل کے ساتھ اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ ہمارے پاس اکثریت نہیں ہے اور ہم اپنا عہدہ چھوڑ رہے ہیں اور اسمبلی کسی نئے قائد ایوان کو منتخب کرلے۔ انہوں نے کہا کہ کل عمران نیازی کو ڈھٹائی کے ساتھ یہ کہتے ہوئے سب نے سنا کہ میں آخری گیند تک مقابلہ کروں گا اس کو پاگل پن کے علاوہ کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
سعید غنی نے کہا کہ گذشتہ روز اور اس سے قبل بھی ان کے جلسوں میں ان کا فوکس بیرون قوتوں اور گذشتہ روز باقاعدہ اس نے امریکہ کا نام بھی لے لیا ہے اور الزام عائد کردیا کہ امریکہ سے اپوزیشن کو پیسہ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 مارچ کو تحریک عدم اعتماد جمع کروائی گئی جبکہ پیپلز پارٹی پچھلے سال سے عدم اعتماد کی بات کررہی ہے اور نومبر دسمبر سے بلاول بھٹو زرداری مستقل اس حوالے سے بات کررہے ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ 7 مارچ کو امریکا میں پاکستانی سفیر کی جانب سے ملنے والے مراسلے میں کس طرح 8 مارچ کو تحریک عدم اعتماد کا ذکر ہوا ہے؟۔ سعید غنی نے کہا کہ آج عمران نیازی یہ الزامات لگا رہا ہے کہ یہ سب کچھ امریکا کی ایما پر ان کے اشارے اور پیسہ پر ہورہا ہے اور جب عدم اعتماد پیش کی گئی اس وقت اس نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ میں تو چاہتا تھا کہ یہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد عمران نیازی نے یہ الزام بھی لگایا کہ اس پورے عمل میں سندھ حکومت کا پیسہ استعمال ہورہا ہے۔سعید غنی نے کہا کہ اس کے بعد عمران نیازی نے کہا کہ میرے پاس ایک ترم کارڈ ہے، پھر اس نے کہا کہ میرے پاس ایک سرپرائیز ہے اور اس کے بعد جلسہ کرکے کہا کہ میرے پاس ایک خط ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام باتوں سے قوم کو معلوم ہوجانا چاہیے کہ یہ شخص کتنا جھوٹا ہے اور کتنی غلط بیانی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی امریکہ کا نام لے کر لوگوں کے جذبات سے کھیلنا چاہتا ہے اور یہ ثابت کرنا چاہتا ہے کہ میں امریکہ کے خلاف ہوں۔

یہ بھی پڑھیے

مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام متعدد شہروں میں امریکہ مخالف ریلیاں

22 پریس کلبوں کو ڈجیٹلائز کرنے کا پروگرام، صحافیوں کی وزیر اطلاعات سے ملاقات
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے جھوٹ بولا کہ کسی بھی حکومت نے ڈراؤن حملوں کے خلاف کوئی بات نہیں کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے یونائٹیڈ نیشن کی جنرل اسمبلی کے اجلاس اور پاکستان کی پارلیمنٹ کے جوائنٹ سیشن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈراؤن حملے غلط ہیں ہم سے ڈو موڑ کا مطالبہ نہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ہماری وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کئی بار اس پر بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور نون لیگ کی حکومت میں کئی بار امریکی سفیر کو بلا کر ان سے جواب طلبی کی گئی تھی۔عمران نیازی بتائے کہ اس کو 7 مارچ کو ملنے والے خط پر کس کو بلایا اور کس سے جواب طلبی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص امریکی صدر کے الیکشن میں کامیابی کے لئے نوافل ادا کرتا ہو وہ آج کہہ رہا ہے میں امریکہ کے خلاف ہوں۔

Back to top button