سکھر

سکھر روڈ حادثات سے بچاؤ اور ٹریفک قوانین کی آگاہی کے لئے روڈ سیفٹی سمینار کا انعقاد

شدید گرمی میں بھی حادثات سے ا نسانی جانوں کو بچانے کے لئے موٹر وے پولیس نے مہم کو مزید تیز کردیا ہے

امداد بوزدار
سکھر

سکھر روڈ حادثات سے بچاؤ اور ٹریفک قوانین کی آگاہی کے لئے موٹر وے پولیس سکھر سیکٹر کی جانب سے آئی بی اے یونیورسٹی کے آڈیٹوریم ہال میں روڈ سیفٹی سمینار کا انعقاد، جس کا مقصد پروفیسرز،طلبہ اورنان ٹیچنگ اسٹاف میں بروقت احتیاطی تدابیر کے ذریعے ممکنہ روڈ حادثات سے بچاؤ اور ٹریفک قوانین کی آگاہی تھا، منعقدہ سمینار کی سربراہی سیکٹر کمانڈر موٹر وے پولیس سکھر این فائیو ایس پی زاہد نذیر ورریاہ نے کی۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی موٹر وے خالد محمود، ایڈیشنل آئی جی انکسار خان اور ڈی آئی جی ساؤتھ زون شاہد جاوید کی خصوصی ہدایت پر ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر زاہد نذیر وریاہ کی زیر نگرانی آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کے آڈیٹوریم ہال میں روڈ سیفٹی سمینار کا انعقاد کیا گیا، سمینار میں یونیورسٹی کے پروفیسرز، طلبہ و طالبات اور نان ٹیچنگ اسٹاف نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر موبائل ایجوکیشن سکھر سیکٹر کے افسران نے شرکاء کو بتایا کہ ترقی یافتہ ممالک میں جہاں دیگر ٹیکنالوجیز کو جدید کیا جارہا ہے، وہیں روڈ حادثات کو روکنے کے لئے مختلف انداز سے آگاہی مہم بھی چلائی جارہی ہے، پاکستان میں روڈ حادثات اور ان حادثات کے پیش نظر ہونے والے انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لئے موٹر وے پولیس نے اپنی جاری مہم کو مزید تیز کردیا ہے اس موقع پر سیکٹر کمانڈر سکھر ایس پی زاہد نذیر وریاہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بتایا گیا کہ موٹر وے پولیس پورے پاکستان کی شاہراہوں، موٹر ویز کے علاوہ چھوٹے بڑے شہروں اور علاقوں میں روڈ سیفٹی سے متعلق عوام میں ٹریفک قوانین اور روڈ حادثات سے بچاؤ کے لئے اپنی مہم کو مزید تیز کررہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ہائی وے ہوں یا شہروں کے روڈ ان میں موٹر سائیکل چلانے والے افراد کے حادثے کا شکار ہونے کے زیادہ واقعات پیش آتے ہیں، جس کی بنیادی وجہ بے احتیاطی سے موٹر سائیکل چلانا، ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا اور موٹر سائیکل پر شیشوں کا آویزاں نہ ہونا ہے۔سیکٹر کمانڈر نے مزید کہا کہ آئی جی موٹر وے خالد محمود، ایڈیشنل آئی جی انکسار خان اور ڈی آئی جی ساؤتھ زون شاہد جاوید کے خصوصی احکامات کے بعد شدید گرمی میں بھی حادثات سے ا نسانی جانوں کو بچانے کے لئے موٹر وے پولیس نے مہم کو مزید تیز کردیا ہے،انہوں نے کہا کہ آج کا سمینار گھروں سے د فاتر آنے والے پروفیسر، اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے آنے والے طلبہ و طالبات اور انہیں یونیورسٹی میں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے والے نان ٹیچنگ اسٹاف کے لئے رکھا گیا ہے، تاکہ وہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرکے خود اور اپنے اہلخانہ کو کسی بھی بڑے ممکنہ روڈ حادثے سے بچاسکیں۔انہوں نے کہا کہ آئی جی موٹر وے، ایڈیشنل آئی جی اور ڈی آئی جی ساؤتھ زون کی خصوصی ہدایت پر مختلف مقامات پر روڈ سیفٹی کے حوالے سے پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے،موٹر وے پولیس انسانی جانوں کو روڈ حادثات سے بچانے کے لئے دن رات قومی شاہراہوں اور علاقوں میں اپنی خدمات محدود وسائل میں عبادت سمجھ کر ادا کررہی ہے،تاکہ لوگوں کو ٹریفک قوانین اور روڈ حادثات سے بچاؤ سے متعلق مفید مشورے اور معلومات فراہم کرکے انہیں اور دیگر لوگوں کو روڈ حادثات سے بچایا جاسکے۔ اس موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ نے موٹر وے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے پولیس نے احتیاطی تدابیر سے متعلق مفید معلومات فراہم کرکے پروفیسرز، طلبہ و طالبات اور نان ٹیچنگ اسٹاف میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور اجاگر کیا ہے۔ جس کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبہ موٹر وے پولیس کو سلام پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی ایسے مفید پروگرام وقتاً فوقتاً منعقد کیے جائیں گے تاکہ طلبہ و دیگر اسٹاف کو روڈ حادثات سے محفوظ رکھا جاسکے۔سمینار کے اختتام پر موٹر وے پولیس کی جانب سے پروفیسرز، طلبہ و طالبات کو روڈ سیفٹی کے حوالے سے کیے جانے والے سوالات کے درست جوابات دینے پرہیلمٹ، موٹر سائیکل کے سائیڈ شیشے ودیگر تحائف بھی تقسیم کیے، جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ کے عہدیداران کو سیکٹر کمانڈر کی جانب سے شیلڈ اور اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔

Leave a Reply

Back to top button