چینکالم

بیجنگ کی رونقیں بحال

شاہد افراز خان ،بیجنگ

سوموار کی شام کو بیجنگ میں دوستوں کے ساتھ چہل قدمی کرتے ہوئے نزدیکی ریستورانوں پر لوگوں کا کافی ہجوم دیکھا حتیٰ کہ کچھ مقامات پر لوگ ریستوران کے باہراپنی باری کا انتظار کر رہے تھے۔لوگوں کی اس قدر دلچسپی کی بڑی وجہ ایک ماہ سے زائد عرصے تک وبا کے باعث بیجنگ کے ریستورانوں پر "ان ڈور ڈائننگ” کی ممانعت تھی اور اب جبکہ شہر  میں انسداد وبا کی بہتر صورتحال کے باعث پیر سے پابندیاں نرم کر دی گئی ہیں سو  بیجنگ کے شہری اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خوش گوار لمحات گزارنا چاہتے ہیں۔

بیجنگ کی رونقیںبیجنگ انتظامیہ کے مطابق پیر سے، بیجنگ میں ریستوران صارفین کو دوبارہ خوش آمدید کہہ سکتے ہیں لیکن اس شرط کے ساتھ کہ جو بھی صارف ریستوران کا رخ کرئے گا اُس کا  پچھلے تین دنوں میں کووڈ۔19 کا ٹیسٹ منفی ہونا چاہیے۔یوں جیسے جیسے انسداد وبا کی صورتحال مزید بہتر ہوتی جائے گی ، شہر وبائی ردعمل کی پابندیوں کو مزید نرم کرتے ہوئے مستقل طور پر معمول پر آجائے گا۔ پیر  کے روز سے ہی کوریئرز کو بھی رہائشی کمیونٹیز میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے  اور جو لوگ گھروں سے کام کر رہے تھے  وہ بھی اب دفاتر  واپس آسکتے ہیں۔اسی طرح  پبلک ٹرانسپورٹ بشمول بسیں، سب ویز اور ٹیکسیاں معمول کے مطابق کام شروع کر چکی ہیں۔

تعلیمی اعتبار سے 12ویں جماعت کے طلباء کے علاوہ جو پہلے ہی 2 جون سے کیمپس میں واپس آچکے ہیں، پرائمری، مڈل اور ہائی اسکولوں کے دیگر تمام درجات کے طلباء 13 جون سے ذاتی طور پر کلاسز میں شریک ہوں گے ، جبکہ کنڈرگارٹنرز 20 جون سے آف لائن کلاسز دوبارہ شروع کر سکتے ہیں۔بیجنگ سمیت چین بھر میں سات سے آٹھ  جون تک قومی کالج داخلہ امتحان "گاؤ کاؤ” کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے جسے طلباء کی زندگی میں اہم ترین امتحان کا درجہ حاصل ہے ۔رواں برس ملک بھر میں 11.93 ملین امیدوار امتحان میں حصہ لے رہے ہیں جو عددی اعتبار سے ایک نیا ریکارڈ ہے ،جن میں بیجنگ کے 48,000 سے زائد امیدوار بھی شامل ہیں، اس لحاظ سے بیجنگ انتظامیہ نے خصوصی انتظامات کیے ہیں تاکہ طلباء کو داخلہ امتحان میں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا سکیں۔  طلباء کی بہتر جسمانی و نفسیاتی صحت کو یقینی بنانے کے لیے بیجنگ نے ایک نفسیاتی مشاورت کی ہاٹ لائن بھی  شروع کر رکھی ہے، جو 25 مئی سے 10 جون تک روزانہ صبح 9 سے شام 6 بجے تک خدمات فراہم کر رہی ہے۔

عوامی مقامات جیسے لائبریریوں، عجائب گھروں، سینما گھروں اور جمز کو بھی دوبارہ کام شروع کرنے کی اجازت مل چکی ہے، لیکن وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ لوگوں کی تعداد مجموعی صلاحیت کے 75 فیصد سے زیادہ نہ ہوں۔ایسے تمام افراد جو عوامی مقامات پر داخل ہوتے ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ استعمال ہیں، یا اجتماعات میں شرکت کرتے ہیں انہیں  72 گھنٹوں کی مدت والی منفی نیوکلک ایسڈ ٹیسٹ رپورٹ دکھانا ہو گی۔

یہ بات قابل زکر ہے کہ22  اپریل کے بعد سے جب بیجنگ میں اومیکرون کے مقامی طور پر منتقل ہونے والے کیسز کی اطلاع ملی، ، شہر نے ڈائنیمک زیرو کووڈ پالیسی پر عمل کیا ہے، اور بدلتے ہوئے حالات کے جواب میں اپنے انسداد وبا اقدامات کو ایڈجسٹ کیا ہے۔انہی کوششوں کے ثمرات ہیں کہ بیجنگ  میں وبا پر جلد قابو پانے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، اور صورتحال مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔اس ضمن میں بیجنگ کے شہریوں کا کردار بھی قابل ستائش رہا ہے جنہوں نے حکومتی ہدایات پر من و عن عمل کرتے ہوئے  نہ صرف یومیہ بنیادوں پر نیو کلک ایسڈ ٹیسٹ کروائے ہیں بلکہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے بھی اجتناب کیا ہے ۔ یوں انتظامیہ اور شہریوں کی مشترکہ کوششوں سے آج بیجنگ کی رونقیں بحال ہو چکی ہیں اور شہر کی رعنائیاں دوبارہ لوٹ آئی ہیں۔

Leave a Reply

Back to top button