شاہد افراز خان ،بیجنگ
وطن عزیز پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے حوالے سے دنیا بھر کی طرح چین میں بسنے والے پاکستانیوں نے بھی انتہائی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ہے اور مختلف انداز سے مادر وطن سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا ہے۔ اس مرتبہ ایک خاص رنگ یہ دیکھنے میں آیا کہ چین کے دارالحکومت بیجنگ سے انتہائی قریب واقع شہر لانگ فانگ میں پاکستان فوڈ اینڈ کلچرل فیسٹیول کا زبردست انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی ثقافت کے متنوع رنگوں نے شائقین کو خوب محظوظ کیا اور چین اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلقات کی ایک مرتبہ پھر عمدہ عکاسی کی گئی۔
جشن آزادی کی مناسبت سے اس رنگا رنگ فیسٹیول کا انعقاد بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے اور سلک روڈ انٹرنیشنل آرٹس سینٹر کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ تقریب میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام ، چین میں قیام پزیر پاکستانی شہریوں ، دوست ممالک کے سفارت کاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ اہم چینی شخصیات نے شرکت کی اور تقریب کی رونق کو خوب بڑھایا۔ تقریب کے آغاز میں دونوں ممالک کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔ چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے خطبہ استقبالیہ میں چین پاکستان باہمی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی ہمالیہ سے بلند ،سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی روایتی دوستی کو وقت کے ساتھ مزید عروج حاصل ہو رہا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر و ترقی اور پیش رفت کا بھی خاص طور پر زکر کیا۔معین الحق نے شرکاء کو پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثے سے بھی متعارف کروایا اور پاکستان فوڈ اینڈ کلچرل فیسٹیول کو ایک ایسی شاندار سرگرمی قرار دیا جس میں ہر عمر کے افراد کی تواضع کا سامان موجود ہے۔ اس موقع پر چینی بچوں کی جانب سے پاکستانی ملی نغمہ جیوے جیوے پاکستان بھی پیش کیا گیا جسے حاضرین نے بھرپور سراہا۔ سفیر پاکستان بچوں کو سراہنے کے لیے خود اسٹیج پر تشریف لے گئے اور اس قدر شاندار پرفارمنس پر بچوں کو خوب داد دی۔ اس موقع پر چینی فنکاروں نے بھی پاکستان کی روایتی لوک دھنوں پر اپنی زبردست پرفارمنس سے شائقین سے خوب داد سمیٹی۔
پاکستان کے مختلف ثقافتی رنگوں کو اجاگر کرتی اس خوبصورت تقریب میں پاکستانی دستکاریوں کی بھی عمدہ نمائش کی گئی اور چنیوٹی فرنیچر ، قیمتی پتھروں ،برتنوں ، سجاوٹی اشیاء سمیت دیگر مصنوعات میں شرکاء نے گہری دلچسپی لی اور کئی چیزوں کو ہاتھوں ہاتھ خریدا گیا۔فیسٹیول میں شرکاء کی تواضع پاکستانی کھانوں سے کی گئی اور چین میں معروف پاکستانی ریستورانوں نے روایتی پاکستانی کھانوں سے میلے کی رونق کو خوب بڑھایا۔ یہ بات دلچسپ ہے کہ عام طور پر چینی شہری تیز مرچ مسالے والے کھانے کم استعمال کرتے ہیں مگر فوڈ فیسٹیول میں پاکستانی شہریوں کی نسبت چینی شہری پاکستانی کھانوں سے زیادہ لطف اٹھاتے رہے۔ فیسٹیول میں شریک افراد بریانی ،قورمہ ، روسٹ مٹن ،اچاری گوشت، گول گپے، لسی ،چائے گلاب جامن اور دیگر کئی طرح کے زائقہ دار کھانوں سے خوب محظوظ ہوئے اور پاکستانی کھانوں کی تعریف کی۔
پاکستانی ثقافت میں ملبوسات کو بھی نمایاں اہمیت حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ ثقافتی میلے میں پاکستان کے مختلف علاقوں کے ملبوسات کو شرکاء نے بے حد پسند کیا اور خاصی دلچسپی لی۔ایک جانب چینی خواتین ہاتھ سے بنے ہوئے قمیض شلوار ، چادروں اور اسکارف سے متاثر نظر آئیں تو دوسری جانب پاکستانی قالین اور دیگر آرائشی مصنوعات بھی انہیں بے حد اچھی لگیں۔فیسٹیول کے دوران بچوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی پروگرام ترتیب دیے گئے تھے اور بچوں نے مختلف سرگرمیوں میں اپنی مہارت کا عمدہ مظاہرہ کیا اور مصوری سمیت دیگر سرگرمیوں میں پرجوش انداز سے شریک ہوئے۔اسی طرح پاکستانی خواتین نے چینی خواتین کی فرمائش پر انہیں پاکستانی اسٹائل کی مہندی بھی لگائی ، یہاں چینی خواتین کا شوق اور دلچسپی کافی متاثر کن رہی۔ثقافتی میلے میں پاکستانی ادب کے مختلف پہلووں سمیت پاکستانی لوک رقص اور پاکستانی فلموں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جسے تمام شائقین نے زبردست کاوش قرار دیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ ایسی سرگرمیاں تواتر سے منعقد ہونی چاہیے۔
جشن آزادی کے موقع پر پاکستان ایمبیسی بیجنگ کی جانب سے فوڈ اینڈ کلچرل فیسٹیول کا انعقاد چین میں قیام پزیر پاکستانیوں کے لیے ایک زبردست تحفہ تو ہے ہی مگر دوسری جانب ایسے میلوں کے انعقاد سے چینی شہریوں کو پاکستانی ثقافت کے مختلف پہلوؤں کو قریب سے جاننے اور سمجھنے کا موقع بھی ملے گا جس سے آئندہ پاکستان اور چین کے درمیان افرادی و ثقافتی روابط کو بھی زبردست فروغ مل سکتا ہے۔