شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں تدریسی عمل 19 ستمبر سے شروع ہورہا ہے
اردو ٹوڈے،خیرپور
شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں یونیورسٹی کھولنے اور دوسرے سیمسٹر کی کلاسیں چلانے کے سلسلے میں فیکلٹییوں کے ڈین صاحبان، تدریسی و انتظامی شعبوں کے سربراہان کا اجلاس وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو نے کہا کہ شدید بارشوں اور سیلاب نے صوبہ سندھ کو سخت نقصان س دوچار کیا ہے۔ اس سیلاب میں تعلیمی اداروں کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے تعلیم کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی متحرک ٹیم کے ساتھ مل کر یونیورسٹی سے برساتی پانی نکلوایا ہے اور چھوٹی مرمت کا کام بھی کروایا ہے جبکہ مرمت کے بڑے کام کیلئے پی سی ون متعلقہ اداروں کو بھیجی جا چکی ہے۔ طویل گفت و شنید کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ یونیورسٹی سوموار 19 ستمبر سے کھلے گی۔ پوائنٹ بسیں صاف راستوں پر چلیں گی۔ اس کے علاوہ تدریسی کلینڈر بھی فائنل کیا گیا۔ جس کے مطابق مڈٹرم ٹیسٹ 31 اکتوبر سے 4 نومبر تک لیے جائیں گے جبکہ دوسرے سیمسٹر کا فائنل ٹیسٹ 16 دسمبر 2022 سے 5 جنوری 2023 تک لیے جائیں گے۔ ڈین، ڈائریکٹر، چیئرمین اور شعبوں کے سربراہان کلاسوں کو صحیح طریقے سے چلانا یقینی بنائیں گے۔ اجلاس میں فیکلٹییوں کے ڈین، تدریسی و انتظامی شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی