شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں دو روزہ تربیتی پروگرام
صوفی اسحاق
اردو ٹوڈےخیرپور
شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اور لٹریچر کے زیرِ اہتمام اور ریجنل انگلش لینگویج آفیس پاکستان اور امریکن سفارت خانہ اسلام آباد کے اشتراک سے 21 ویں صدی کی پیشہ وارانہ تدریسی حکمتِ عملی کے عنوان پر دو روزہ تربیتی پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔ وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو نے اختتامی سیشن کی صدارت کی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو نے تربیتی پروگرام منعقد کروانے پر ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اور لٹریچر پروفیسر ڈاکٹر سید ذوالفقار علی شاہ کو سراہا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ریسورس پرسن افشاں اور صبا کی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔ ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو نے کہا کہ یہ ورکشاپ سندھ ایجوکیشن فاونڈیشن (سیف) کے اسکولوں کے اساتذہ کےلئے نہایت مفید ثابت ہوگا۔ پروفیسر ڈاکٹر سید ذوالفقار علی شاہ نے تمام اساتذہ اور طلبہ و طالبات کو تربیت کے مواقع فراہم کرنے پر وائیس چانسلر کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرام کے دوران اساتذہ نے کمیونیکیشن اسکلز، تدریسی صلاحیات پر تربیت حاصل کی ہے۔ سندھ ایجوکیشن فاونڈیشن کے ضلعی سربراہ مقبول لغاری نے سیف کے اساتذہ کو تربیت کا پلیٹ فارم مہیا کرنے پر وائیس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔ پارس نیاز اسسٹنٹ پروفیسر انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اور لٹریچر نے بھی مہمان مقرر کے طور پرتدریس بطور ایک پیشہ کے عنوان پر خطاب کیا۔ انہوں نے اساتذہ کی تربیت پر زور دیا۔ عبدالرشید سومرو اسسٹنٹ پروفیسر انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اور لٹریچر نےتربیتی پروگرام پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے آخر میں شرکاء میں شیلڈز اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کیئے گئے۔تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، علی رضا لاشاری، الطاف ابڑو، یاسر بھٹو، آسیہ اکبر و دیگر نے شرکت کی۔