خیرپور

عمران خان کی ہر خواہش ناکام ہوگی، منظوروسان

صوفی اسحاق
اردوٹوڈے خیرپور

منظور وسان

وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے زراعت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ عام انتخابات مئی اور جون میں متوقع ہیں عمران خان کی ہر خواہش ناکام ہوگی۔ پیپلزپارٹی کے خلاف پہلے بھی سیاسی اتحاد بنے لیکن پیپلزپارٹی کا کچھ نہیں بگاڑ سکے انہوں نے کہا کہ میں پہلے ہی پیشن گوئی کی تھی کہ عمران خان اپنا وقت پورا نہیں کرسکے گا پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کے بعد موجودہ وزیر اعلیٰ ہمارے ساتھ مل جائیں گی تو ایسا بھی ہوسکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ حکومت، محکمہ زراعت فاطمہ فرٹیلائزر کی جانب سے سندھ سمیت خیرپور ضلع میں آئندہ کاشت کی جانے والی فصلوں اور خاص طور پر گندم کی کاشت کے بارے میں مفید مشوروں، تجاویز، سفارشات اور کمپنی سمیت محکمہ زراعت کے ماہرین کے مطابق فصلوں کی بہترین پیداوار حاصل کرنے کے لیے منعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔
منظور حسین وسان نے کہا کہ سندھ حکومت اور محکمہ زراعت کی ترجیح ہے کہ ورلڈ بنک کے تعاون سے مستحق کسانوں کو فنڈز فراہم کیے جائیں جبکہ ان کو کھاد کی فراہمی میں بھی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ ربیع کی فصل حاصل کرنے سے ان کے نقصانات کا ازالہ ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ جلد کسانوں اور آبادگاروں کو لیزر، مشنری سمیت دیگر زرعی آلات کی فراہمی کے لیے اسکیم کو فعال کیا جائے گا جس کے لیے ان تمام سامان کی میسری کے لیے سندھ حکومت 60 فیصد ادائیگی کرے گی جبکہ کسان اور ہاری 40 فیصد ادائیگی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سمیت ان کی خواہش ہے کہ سندھ کے ہاری اور کسان خوشحال ہوں گندم کی پیداوار اچھی ہوگی تو کسان اور ہاری خوشحال ہونگے اس سلسلے میں اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی ترجیحات میں شامل ہے کہ تمام ٹیوب ویلوں کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے تاکہ وقت ضرورت پانی کی کمی کا مسئلا حل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ کاشت کاری کے لحاظ سے خیرپور ضلع مضبوط ہے اور تمام غذائی اجناس سمیت سبزیاں اور پھل فروٹ اس ضلع میں پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیم نالوں کو پختہ کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ بارشوں کے پانی کی بروقت نکاسی ممکن ہوسکے اور عوام خاص طور پر کسانوں کو نقصان نہ ہو۔ کسان کنوینشن سے ڈائریکٹر جنرل زراعت حیدرآباد ہدایت اللہ چھجڑو، ڈاکٹر ظفر کھوکھر،عبدالصمد ابڑو، فاطمہ فرٹیلائیزر کے ڈاکٹر سعید اقبال، پی ایس در محمد، ڈائریکٹر زراعت سکھر رسول بخش جونیجو، ایاز ابڑو، نظیر حسین دستی، اسلام دین میمن، عبدالفتح جوکھیو، توحید غنی، جی ایم زبیر شیخ، ایاز ورگ سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کسانوں کو تحقیق، تجویز اور مفید مشوروں سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں محکمہ زراعت کے افسران نے تعریفی شیلڈ اور کارکردگی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔

Leave a Reply

Back to top button