چینکالم

ایک مستحکم اور خوشحال دنیا کا وژن

شاہد افراز خان ،بیجنگ

Speech in China

چین کے صدر شی جن پھنگ نے  ابھی حال ہی میں سال نو کے حوالے سے اپنے خطاب میں اہم ملکی و بین الاقوامی امور پر روشنی ڈالی اور آئندہ ایک بہتر دنیا کی تعمیر کے حوالے سے اپنے وژن کا دنیا سے تبادلہ کیا۔دیکھا جائے تو  نئے سال کے موقع پر اُن کا خطاب عالمی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے چین کے عزم کو ظاہر کرتا ہے، ساتھ ساتھ مستقبل کے لیے ایک امید افزاء وژن کا اعلان کرتا ہے اور انسانی ترقی میں چین کے قائدانہ کردار کو اجاگر کرتا ہے۔شی جن پھنگ نے کووڈ 19 کے انسداد کے لئے چین کی غیر معمولی کوششوں کی تحسین سمیت  اہم ملکی کامیابیوں کی کھل کر وضاحت کی ۔انہوں نے خاص طور پر علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لئے چین کے کامل عزم پر بھی روشنی ڈالی۔

چین کی جانب سے دنیا کو بتایا گیا کہ تاریخ اس عزم کی گواہ ہے کہ چین پرامن بقائے باہمی کے اصولوں کو مضبوطی سے برقرار رکھے ہوئے ہے۔چین مسلسل یکطرفہ پابندیوں کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے۔ یہ کبھی بھی دوسرے ممالک کے سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا ہے اور نہ ہی اپنی مرضی دوسروں پر مسلط کرنے یا پھر بالادستی کا قائل رہا ہے۔شی جن پھنگ نے تمام ممالک کے عوام کے لئے امن اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے چین کے اسی گہرے انسانیت پسندانہ نقطہ نظر کا اعادہ کیا۔اُن کے خطاب میں مستقبل کے وژن اور انسانی ترقی میں چین کے قائدانہ کردار کا اعلان کیا گیا۔اس وقت چونکہ کووڈ 19 وبائی صورتحال کی وجہ سے دنیا میں کافی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور بہت سی مشکلات درپیش ہیں لہذا ان غیر معمولی حالات میں چینی صدر کے خطاب سے واضح ہوا کہ چین ، عوام کے مفاد اور خوشیوں کو اولیت دیتا ہے اور قومی استحکام اور عوام کی قدر دانی ملک کی نمایاں ترجیحات ہیں۔ چین کی جانب سے یہ اشارہ بھی دیا گیا کہ اُس کے دروازے بات چیت کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور چین ہمیشہ کی طرح انسانی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے تیار ہے۔

یہ ایک حقیقت ہے کہ 2022  میں اس صدی کی بدترین وبائی صورتِ حال اور شدید تبدیلیوں کے تناظر میں چین  نے مشکلات اور خطرات کا سامنا کیا ہے ۔ شی جن پھنگ  نے اپنے خطاب میں بھی  کہا کہ چین نے غیر معمولی مشکلات اور چیلنجز پر قابو پا لیا ہے، اور یہ سفر ہر گز آسان نہیں تھا۔گزشتہ سال شی جن پھنگ کی قیادت میں سی پی سی  کی مرکزی کمیٹی نے  مختلف چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے  چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم  کی تعمیر میں نئی عظیم کامیابیاں حاصل کیں ۔ خاص طور پر  کمیونسٹ پارٹی آف چائنا  کی 20 ویں قومی کانگریس کے انعقاد نے چینی طرز کی جدیدیت کی جامع تعمیر اور چینی قوم کی عظیم  نشاۃ  ثانیہ  کو فروغ دینے کے لئے ایک عظیم الشان منصوبہ بندی  کی ہے اور نئے  عہد میں نئے سفر  کے لیے پارٹی اور ملک کے اہداف اور کاموں کو واضح کیا گیا ہے۔سال 2023 میں ایک نئے سفر کا آغاز کرتے ہوئے 1.4 ارب سے زائد چینی عوام اعتماد کے ساتھ ایک نئے نقطہ آغاز سے سفر  آگے بڑھا رہے ہیں۔ چینی عوام کا عزم بھی اٹل ہے کہ وہ  ماضی کی طرح مستقبل کے لیے بھی جدوجہد اور محنت کے ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور شرکت کریں گے  اور کل کا چین مزید روشن اور بہتر ہو گا ۔ یہ خطاب چینی عوام کے ساتھ ساتھ وہ لوگ جو چین کے دوست ہیں،اُن کے لیے بھی امید کا ایک پیغام ہے کہ وہ آئندہ جہاں  عالمی امور میں چین کے تعمیری کردار کو دیکھ سکیں گے وہاں چین کے ترقیاتی ثمرات سے بھی مستفید  ہو سکیں گے۔

Leave a Reply

Back to top button