شاہد افراز خان ،بیجنگ
چین میں بائیس جنوری سے جشن بہار اور نئے قمری سال کا آغاز ہو چکا ہے اور اس وقت ملک بھر میں جشن بہار کی خوشیاں انتہائی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہیں۔ چین میں ہر سال کو کسی خاص جاندار سے موسوم کیا جاتا ہے اور یہ نیا شروع ہونے والا سال "خرگوش” کا سال ہے جو چینی سماج میں خوبصورتی، امن، خوشحالی اور ترقی کی نمائندگی کرتا ہے.ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی جشن بہار کی خوشیوں کا آغاز شاندار ا سپرنگ فیسٹیول گالا سے کیا گیا۔چین میں اس ا سپرنگ فیسٹیول گالا نشریات کا آغاز 1983 میں کیا گیا تھا، جو چینی ثقافت اور مختلف فنون سے مزین وسیع پیمانے پر منعقد کیا جانے والا میلہ ہے۔ اسے نئے قمری سال کی آمد کے موقع پر چینی قومی ٹیلی ویژن کے ذریعے لانچ کیا گیا تھا۔ گزشتہ چار دہائیوں میں ا سپرنگ فیسٹیول گالا میں لاتعداد خاندان حصہ لے چکے ہیں، جبکہ اسے گنیز بک آف ریکارڈز کے مطابق سب سے زیادہ دیکھے جانیوالے ٹی وی پروگرام کی سند بھی حاصل ہے۔ نئے سال کے موقع پر کنبے کے تمام لوگوں کی ایک دوسرے سے ملاقات، ڈمپلنگ بنانا، اسپرنگ فیسٹیول گالا دیکھنا، نئے سال کے شام کے کھانے میں شریک ہونا اور سرخ لفافوں کا تبادلہ چینی روایت اور ثقافت کا حصہ بن چکا ہے۔
اکیس جنوری کی شام کو اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے چائنا میڈیا گروپ(سی ایم جی) کے اسپرنگ فیسٹیول گالا نے دنیا کے اربوں ناظرین کو خرگوش کے سال میں خوش آمدید کہا ۔چونکہ سی ایم جی کا اسپرنگ فیسٹیول گالا دنیا میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا فنی شو سمجھا جاتا ہے ،اسی باعث رنگا رنگ پروگراموں نے جہاں چینی ناظرین کو محظوظ کیا وہاں دنیا بھر میں ناظرین نے بھی چینی ثقافت کے متنوع رنگوں سے خوب لطف اٹھایا۔ 2023کے اسپرنگ فیسٹیول گالا میں گیت، رقص، چینی روایتی اوپیرا، ٹاک شو، ڈرامہ، مارشل آرٹس، ایکروبیٹک اور بچوں کے لئے مختلف اقسام کے پروگرام شامل کیے گئے، جن سے نئے عہد میں چین کی ترقی اور معیار زندگی میں مسلسل بہتری کے موضوعات کی بہترین عکاسی کی گئی۔یوں چینی قوم نے ٹائیگر کا سال گزرنے کے بعد خرگوش کے سال کا زبردست خیر مقدم کیا اور اسپرنگ فیسٹیول گالا نے خوشی و مسرت کے احساسات کو پرجوش انداز سے اجاگر کیا۔
یہ بات قابل زکر ہے کہ گزشتہ چار دہائیوں کی ترقی کے بعد "اسپرنگ فیسٹیول گالا” سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مختلف جہتوں کے اطلاق کی نمائش کا ایک جامع پلیٹ فارم بن چکا ہے، جو ہر سال تمام ناظرین کے نئے جمالیاتی ذوق کی تسکین کرتا ہے۔ 1983میں پہلے گالا کے موقع پر نہ تو کوئی خوبصورت اسٹیج تھی اور نہ ہی چمکیلی روشنیاں تھیں۔ لہذا پہلا اسپرنگ فیسٹیول گالا "تکنیکی مواد” سے قدرے عاری تھا۔ لیکن اب اسپرنگ فیسٹیول گالا میں اختراعی ٹیکنالوجیز کے اطلاق سے ناظرین کے لیے ایک شاندار سمعی و بصری تجربہ پیش کیا جاتا ہے ۔رواں سال بھی اسپرنگ فیسٹیول گالا کی نشریات کو سائنسی اور تکنیکی جدت طرازی سے مزین کیا گیا جس نے "فائیو جی + 4k / 8k + اے آئی” کے اسٹریٹجک پیٹرن کی تعمیر میں چائنا میڈیا گروپ کی نتیجہ خیز کامیابیوں کا عمدہ اظہار کیا۔ دنیا بھر کے ناظرین نے دیکھا کہ گالا نشریات کے دوران "سوچ + آرٹ + ٹیکنالوجی” کے انضمام اور جدت طرازی کو مسلسل فروغ دینے کے لئے 4k / 8k ،اے آئی اور ایکس آر جیسی جدید ٹیکنالوجیز کا وسیع پیمانے پر استعمال کیا گیا ،جس نے گالا نشریات کے حسن میں مزید اضافہ کیا ۔ یہ بات بھی قابل زکر ہے کہ تکنیکی اعتبار سے رواں سال کے گالا کے دوران کئی "فرسٹ” بھی سامنے آئے۔ مثال کے طور پر ، 8K الٹرا ایچ ڈی + 3D کلر ساؤنڈ میں براہ راست نشریات اور چین کا اپنا آزادانہ طور پر تیار کردہ 8K الٹرا ایچ ڈی کیمرہ اسپرنگ فیسٹیول گالا کے لئے استعمال کیا گیا۔ سی ایم جی کی انٹیلی جنٹ ٹیکنالوجی کو بیک وقت اسپرنگ فیسٹیول گالا کے ہائی ڈیفینیشن، 4k اور 8k ورژن تیار کرنے کے لیے بھی استعمال کیا گیا۔اسی طرح سی ایم جی کی جانب سے بیک وقت براہ راست نشریات کے لئے "سو شہر اور ہزار سکرین + کلاؤڈ سماع” کے دوہرے پلیٹ فارم کو اپنایا گیا۔یوں ناظرین چین کے تقریباً 500 شہروں کے ثقافتی چوراہوں میں 8kالٹرا ایچ ڈی بڑی اسکرینوں پر شاندار آڈیو ویژول لمحات سے لطف اندوز ہوئے۔
یوں سامعین اور ناظرین ایک شاندار سمعی و بصری تجربے سے زبردست طور پر محظوظ ہوئے۔حیرت انگیز طور پر رواں سال دنیا بھر کے 170 سے زیادہ ممالک اور خطوں کے 700 سے زائد میڈیا اداروں نے "اسپرنگ فیسٹیول گالا” کو نشر اور رپورٹ کیا۔سی ایم جی کے انگریزی، ہسپانوی، فرانسیسی، عربی اور روسی چینلز اور 68 زبانوں میں نیو میڈیا پلیٹ فارمز نے دنیا بھر کے ناظرین اور سامعین کو چینی ثقافت کے خوبصورت رنگوں سے روشناس کیا۔یوں نئے چینی سال کے موقع پر، یہ سرگرمی نہ صرف چینی عوام بلکہ دنیا بھر کے ناظرین و سامعین کے لیے ایک دلچسپ اور شاندار ثقافتی تقریب رہی۔پاکستان میں بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اسپرنگ فیسٹیول گالا کی نشریات دیکھیں اور اسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا۔ مجموعی طور پر کہا جا سکتا ہے کہ یہ فنی و ثقافتی شو ٹیکنالوجی اور آرٹ کا گہرا انضمام رہا جس سے چین سمیت دنیا بھر میں بہار کی خوشیاں بکھیری گئیں۔اس شاندار” اسپرنگ فیسٹیول گالا ” نے دنیا کو جہاں چینی ثقافت سے روشناس کروایا وہاں آج مختلف چیلنجز میں گھری دنیا اور ایک مشکل دور میں ، لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بھی بکھیری ہیں ، یہی بہار میں امید کا حقیقی پیغام بھی ہے۔