بدین میں مسلم اور ہندو برادری کی جانب سے مشترکہ افطاری کا اہتمام
اردو ٹوڈے،بدین
بدین کے علاقہ کپری موری میں مسلم اور ہندو برادری کی جانب سے مشترکہ افطار ڈنر کا اہتمام سینکڑوں روزداروں نے ایک ساتھ بیٹھ کر روزہ افطاری کر کے بین المذہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کی مثال قائم اور برقرار رکھی.
ہر سال کی طرح اس سال بھی بدین ضلع کی تحصیل ماتلی کے علاقہ کپری موری کی قریبی معروف درگاہ ساندو ولی کے احاطہ میں مسلم اور ہندو برادری کے سیاسی سماجی علمی ادبی نوجوانوں پر مشتمل فقرہ ستھ کے رہنما اور رکن ضلع کونسل بدین عبدالحق ہالیپوٹو اور نوجوان سماجی رہنما رمیش میگواڑ کی جانب سے اپنے روزدار مسلم بھائیوں کے روزہ افطار کے لئے منفرد افطار ڈنر کا اہتمام کر کہ بین المذہب ہم آہنگی رواداری اور بھائی چارگی کی بہترین مثال قائم اور برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی .
میزبان اور رکن ضلع کونسل عبدالحق ہالیپوٹو کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہر سال کی طرح اس ماہ مقدس رمضان المبارک میں بھی مذہبی رواداری اور انسانی رشتوں کا تقدس کو برقرار رکھنے بہترین کوشش مسلم و ہندو برادری کی جانب سے روز افطاری کے اہتمام میں دکھائی دے رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مسلم اور ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوان اور بزرگ روزہ داروں کو افطار ڈنر کرانے کے لیے مل کر دسترخوان بچھانے مشروبات جگ اور گلاسوں میں تر کرنے کھجور پھل کے علاوہ کھانے کے طعام پلیٹوں میں سجا کر آنے والے اپنے مسلمان اور ہندو روزدار بھائیوں کے لیے پیش کر کے پیار محبت بھائی چارے کو برقرار رکھنے کے لئے متحرک اور کوشاں ہیں . اس موقع پر میزبان نوجوان ہندو سماجی رہنما رمیش میگواڑر نے بتایا کہ آج افطاری میں علاقہ معزیزین منتخب بلدیاتی نمائندوں اور دیگر مسلمان روزہ داروں اور ہندو برادری نے بڑی تعداد میں شریک ہو کر پیار محبت بھائی چارہ کا اظہار اور یکجہتی کا پیغام دیا ہے کہ پاکستان میں ہم سب آزاد ہیں اور برابری کے حقوق رکھتے ہیں ہمیں اپنی مذہبی آزادی ہے ہم شادی کی خوشی عید یا ہولی دیوالی کا تہوار سب مل کر مناتے ہیں جبکہ ایک دوسرے کے شریک غم بھی بنتے ہیں.
اس موقع پر نوجوان سماجی رہنما ڈاکٹر درمندر کولہی اور ایڈوکیٹ رام کولہی کا کہنا تھا کہ مسلمان اور ہندو برادری کی جانب سے مشترکہ روزہ افطاری کا اہتمام اور مسلم ہندو روزدارو کی شرکت نے ثابت کیا کہ پاکستان قائد اعظم کے ویژن کے مطابق رواداری کے اصول پر قائم اور دائم ہے .اسلام رواداری امن و سلامتی اور احترام انسانیت کا داعی ہے۔ پاکستان میں ہر فرد بلاتفریق مذہب و ملّت عزت ومساوات اور بنیادی انسانی اور مذہبی حقوق کے حوالے سے یکساں حیثیت کا حامل ہے۔ پاکستان میں تمام باشندے خواہ وہ کسی بھی مذہب کے پیروکار ہوں عقیدہ اور مذہب کی تفریق کے بغیر پوری طرح آزاد ہیں۔ ملسم ہندو مشترکہ دعوت افطار کے موقع پر ملک قوم اور افواج پاکستان کی حفاظت اور سلامتی کے لئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی.