شاہد افراز خان ،بیجنگ
چین میں جاری لیبر ڈے کی تعطیلات کے دوران ملک بھر میں سیاحت میں تیزی سے بحالی دیکھنے میں آئی ہے ، سیاحوں کی بڑی تعداد سیاحتی مقامات ، فطری رنگینی سے بھرپور مقامات اور تاریخی اعتبار سے دلچسپ مقامات کے سیر سپاٹے سے لطف اندوز ہو رہی ہے ، جس نے سفری سرگرمیوں اور آمدنی میں نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔اس حوالے سے مقبول ترین سفری مقامات میں دارالحکومت بیجنگ، تاریخی شہر شی آن، چھنگ دو، شنگھائی اور گوانگ جو جیسے شہر شامل ہیں. پانچ روزہ تعطیلات کے پہلے دن 29 اپریل کو، بیجنگ نے تقریباً 20 لاکھ سیاحوں کی میزبانی کی، جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں 200 فیصد زیادہ ہے جبکہ ایک دن میں آمدنی 100 ملین یوآن یا 14 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ رہی۔
دیگر علاقوں کی بات کی جائے تو صوبہ سی چھوان، جو اپنے پانڈا ریزرو، مصالحے دار ہاٹ پاٹ اور شاندار مناظر سمیت قدرتی مقامات کی وجہ سے مشہور ہے، نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 500 فیصد زیادہ سیاحوں کا خیر مقدم کیا ہے جبکہ آمدنی میں بھی 600 فیصد اضافہ ہوا۔جنوبی شہر گوانگ جو میں سیاحتی مقامات پر آنے والوں کی تعداد ایک سال پہلے کے مقابلے میں 75 فیصد بڑھ کر تقریباً 30 لاکھ ہوگئی ہے۔
ملک کی سیاحتی مارکیٹ میں تیزی سے بڑھتی ہوئی طلب کے ساتھ ساتھ کم اور طویل فاصلے پر مبنی سفری سرگرمیوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ چھٹیاں گزارنے والے تقریباً 44.4 فیصد نے چار سے سات دنوں کے لئے سفر کا انتخاب کیا ، اسی باعث بڑے پیمانے پر کیٹرنگ ، رہائش اور خوردہ شعبوں کی بحالی کو فروغ ملا ہے۔یہ امر قابل زکر ہے کہ تعطیلات کے پہلے تین دنوں میں ریلوے ، شاہراہوں ، بحری اور فضائی راستے سے 159 ملین سے زیادہ گھریلو سفر کیے گئے ہیں ، جس میں سال بہ سال 161.9 فیصد کا اضافہ ہے۔ان میں سے ریلوے ٹرپس کی تعداد 460.9 فیصد اضافے سے 53 ملین جبکہ فضائی ٹرپس کی تعداد 546 فیصد اضافے سے 5.29 ملین تک پہنچ چکی ہے۔شاہراہوں سے 97 ملین سفری ٹرپس کیے گئے ہیں ،جس میں سال بہ سال 99.7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ، اسی طرح بحری سفر کے لحاظ سےٹرپس کا حجم 86.2 فیصد اضافے سے 3.34 ملین تک پہنچ چکا ہے۔لوگوں کی سفری ضروریات کو پورا کرنے کے لئے، چین کے نقل و حمل کے شعبے اپنی صلاحیت میں اضافہ کر رہے ہیں اور اپنی خدمات کے معیار کو بہتر بنا رہے ہیں تاکہ مسافروں کو بہتر تجربات حاصل ہوں. چائنا نیشنل ریلوے گروپ نے آنے والے ہفتے میں 120 ملین مسافروں کے ٹریفک حجم کا تخمینہ لگایا ہے۔ معروف ٹریول پلیٹ فارم "سی ٹرپ” نے بتایا کہ ٹرین اور فضائی ٹکٹوں کی فروخت میں 10 گنا اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ ہوٹلوں کی بکنگ میں 14 گنا اضافہ ہوا ہے۔
کہا جا سکتا ہے کہ چین کے بہت سے شہروں میں سیاحت اور تفریح کو تقریباً تین سال کے بعد بھرپور انداز سے فروغ ملا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ملک بھر میں قدرتی مقامات اور ریزورٹس بھی تعطیلات کے دوران سیاحوں کو مسلسل راغب کرنے اور تفریح فراہم کرنے کے لئے متنوع ثقافتی سرگرمیاں منعقد کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، فلم انڈسٹری کو بھی چھٹیوں کے دوران ایک نمایاں بوم ملا ہے ، جو ایک طویل عرصے سے کووڈ 19 وبائی صورتحال سے بدحالی کا شکار ہے۔تعطیلات کے دوران اٹھارہ نئی فلمیں دکھائی جا رہی ہیں اور ابتدائی بکنگ پہلے ہی 150 ملین یوآن (تقریبا 20.25 ملین ڈالر) تک پہنچ چکی ہے۔تمام اشارے ظاہر کرتے ہیں کہ چینی لوگوں کی سیاحت اور کھپت میں دلچسپی سے سفر ، تفریح ، خوردہ اور ریستوراں جیسی صنعتیں بنیادی طور پر فائدہ اٹھا رہی ہیں اور چین کی رونقیں آج تین سال بعد پوری آب و تاب کے ساتھ دوبارہ لوٹ آئی ہیں۔