کالمچین

شہری ترقی کا جدید ترین ماڈل

شاہد افراز خان ،بیجنگ

Modern Development

ابھی حال ہی میں چینی صدر شی جن پھنگ نے دارالحکومت بیجنگ سے ملحقہ صوبہ حہ بے کا دورہ کیا اور بیجنگ۔تھیان جن۔ حہ بے خطے کی مربوط ترقی میں نئی بلندیوں تک پہنچنے کی کوششوں پر زور دیا ۔ انہوں نے اس علاقے کی ترقی کو چینی جدیدکاری کے حصول میں  ایک مثال بنانے کی ہدایات جاری کیں۔اپنے دورے کے دوران شی جن پھنگ نے ملک کے فیوچر سٹی کہلانے والے نئے شہر شیونگ آن نیو ایریا کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے اس نئے شہر کی محض چھ سالوں میں تیز رفتار تعمیر کو "معجزہ” قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ اب توجہ  اعلیٰ سطح کے انتظام اور اعلیٰ معیار کی ترقی پر مرکوز کی جائے .ایک ابھرتے ہوئے "مستقبل کے شہر” کے طور پر، شیونگ آن اس سال اپنی چھٹی سالگرہ منا رہا ہے. یکم اپریل2017 کو چین نے اس شہر کی تعمیر کے اپنے منصوبوں کا اعلان کیا تھا تاکہ بیجنگ پر پڑنے والے دباو کو کم کیا جا سکے اور دوسری جانب بیجنگ۔تھیان جن۔ حہ بے خطے کی مربوط ترقی کو آگے بڑھایا جا سکے۔یہ امر قابل زکر ہے کہ شین زین اسپیشل اکنامک زون اور شنگھائی پدونگ نیو ایریا کے بعد شیونگ آن قومی اہمیت کا حامل چین کا تیسرا نیا علاقہ بن چکا ہے۔

تعمیراتی سرگرمیوں کے آغاز کے بعد سے ، اس شہر نے پانچ کلیدی عوامل کی روشنی میں ایک اسمارٹ اور موثر شہر بننے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ان اہداف میں حفاظت ، سہولت ، کارکردگی ، سبز نقل و حمل اور معاشی ترقی، شامل ہیں۔ اپنے آغاز سے لے کر اب تک شیونگ آن نے 618.4 ارب یوآن (89.1 ارب ڈالر) مالیت کے مجموعی طور پر 177 اہم منصوبے شروع کیے ہیں۔ اس وقت بنیادی ڈھانچے کے شاندار منصوبوں کا ایک سلسلہ مکمل ہو چکا ہے۔اس ضمن میں شیونگ آن اسٹیشن پہلا بڑا انفراسٹرکچر منصوبہ ہے جس کی تعمیر دسمبر 2018 کے اوائل میں شروع کی گئی تھی اور محض دو سال کی قلیل مدت میں اسے دسمبر 2020 میں آپریشنز کے لئے کھول دیا گیا  ۔

آج شہر کے اندر، سڑکوں کے نیٹ ورک، آبی گزرگاہوں اور ماحولیاتی راہداریوں کی عمومی تشکیل بھی تیزی سے شکل اختیار کر چکی ہے۔تیز رفتار تعمیرات پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ ، ہائی ٹیک صنعتوں کو فروغ دینے کے لئے شہر میں وافر وسائل فراہم کیے گئے ہیں۔ فائیو جی ٹیکنالوجیز کو 5 جی اسمارٹ روبوٹس، سیلف ڈرائیونگ کاروں، اسمارٹ بسوں اور اسمارٹ پارکس جیسے منظرناموں میں وسیع پیمانے پر استعمال کیا گیا ہے۔ مثال کے طور پر ، شیونگ آن اسٹیشن کی پارکنگ کو انٹرنیٹ آف وہیکلز کے پائلٹ زون میں تعمیر کیا گیا ہے۔ اس وقت چونکہ یہ شہر ایک بے مثال رفتار سے ترقی کر رہا ہے لہذا چینی حکام کی کوشش ہے کہ جدید حکمرانی کی تکنیک اور مہارتوں کو بھی سیکھا جائے اور نئے عہد کے تقاضوں کی روشنی میں انہیں لاگو  کیا جائے ، یوں یہ شہر  کئی اعتبار سے چین کی ترقی کے اگلے مرحلے کے وژن کی نمائندگی کرتا ہے۔

 شیونگ آن شہر کے آئندہ ترقیاتی اہداف کو دیکھا جائے تو 2035 کے آخر تک اسے ایک اعلیٰ سطح کے سوشلسٹ جدید شہر میں ڈھالا جائے گا جو سبز، انٹیلی جنٹ،  قابل رہائش اور مسابقتی ہوگا۔ شیونگ آن نے ایک سٹی سیکیورٹی لیب بھی تعمیر کی ہے جس کا مقصد لوگوں کے لئے انتظامی خدمات کو مربوط کرنا ہے۔ صدر شی اس حوالے سے واضح کر چکے ہیں کہ شہر میں تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، رہائش اور سماجی تحفظ سمیت دیگر امور سے متعلق پالیسیوں اور اقدامات کو بہتر بنایا جائے، تاکہ رہائشی ٹھوس فوائد سے لطف اندوز ہوسکیں۔ مزید برآں، اعلیٰ معیار کی عوامی خدمات فراہم کرنے کے لئے، بیجنگ میں قائم یونیورسٹیاں، اسپتال اور اسکول شیونگ آن میں شاخیں تعمیر کر رہے ہیں یا تعمیر کریں گے.شہر  کی ترقی سے متعلق اسٹریٹجک منصوبے کے مطابق، یہ شہر فعال طور پر دنیا میں جدید رجحانات کی پیروی کرے گا اور ہائی ٹیک صنعتوں کو ترقی دے گا. اپنی تیزی سے بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت کے ساتھ ، شیونگ آن بعد میں چین اور بیرون ملک ڈیٹا اثاثوں کے لئے بین الاقوامی تجارتی قوانین اور معاہدوں کی تشکیل میں بھی فعال طور پر شریک ہو گا۔یہ شہر اس بات کا عملی مظہر ہے کہ چین اب صرف شہروں کے مروجہ پیمانے پر توجہ مرکوز نہیں کر رہا ہے ، بلکہ چینی خصوصیات کے حامل جدید شہروں کی تعمیر پر عمل پیرا ہے ، جس میں دنیا کے لیے سیکھنے کے کئی پہلو ہیں۔

Leave a Reply

Back to top button