خیرپور میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی
اردو ٹوڈے، خیرپور
شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں ینگ پیس ڈیولپمنٹ کور کی جانب سے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو نے کی۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو نے کہا کہ ہمارا ملک پاکستانی مسلح افواج کی مدد سے محفوظ ہے ۔یہ ادارہ متحد ہے جس کے نتیجے میں ہمارا ملک اور قوم مکمل طور پر مسلح افواج کے ذریعے محفوظ ہے۔ جنگ اور امن کے دنوں میں پاک افواج نے کلیدی کردار ادا کیا۔ جنگوں کے دوران اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دہشت گردوں، شرپسندوں اور باغیوں کے خلاف ہزاروں فوجی جوان اور افسران شہید ہوئے۔ ڈاکٹر ابوپوٹو نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم مسلح افواج کے ہیروز کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے مضبوط ہوں گے تو ہمارے صوبے صحیح طریقے سے عوام کی خدمت کرسکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج کی تعیناتی کی وجہ سے ہماری سرحدیں محفوظ ہیں۔ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اور ریلی کے آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری نے مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا سانحہ انتہائی قابل ِمذمت اور افسوسناک تھا کیونکہ شرپسند عناصر نے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی۔شرپسندوں نے جناح ہاؤس، پشاور ریڈیو اسٹیشن پر حملہ کیا حتیٰ کہ قومی ورثے کو بھی نذر آتش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شرپسندوں کی جانب سے حساس فوجی تنصیبات پر بھی حملہ کیا گیا۔ یہ کارروائیاں بغاوت کے زمرے میں آتی ہیں۔ ڈاکٹر لاشاری نے کہا کہ پاک فوج نے سرحدوں کی حفاظت ، علاقائی سالمیت اور نگرانی کے لیے شاندار خدمات انجام د ے رہے ہیں۔ ریاست کی سلامتی کی مضبوطی وقت کی اہم ضرورت ہے۔پروفیسر ڈاکٹر سجاد علی رئیسی ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز نے پاک فوج کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فوج ملک کی دفاعی لائن کے طور پر عالم اسلام کی سب سے بڑی فوج ہے۔ ہم مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوائے چند مٹھی بھر شرپسندوں کے ہم بحیثیت قوم پاک فوج کے ساتھ متحد ہیں ۔ڈاکٹر علی رضا لاشاری انچارج اسٹوڈنٹس سوسائٹیز سینٹر نے خطاب کرتے ہوئے ریلی منعقد کروانے پر وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو کا شکریہ ادا کیا۔ یکجہتی ریلی میں پروفیسر ڈاکٹر مینہوں خان لغاری وائیس چانسلر کے مشیر برائے اکیڈمکس، پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی چانڈیو، ڈاکٹر عنایت اللہ بھٹی،مشتاق علی خاصخیلی اور ملازمین اور طلبا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے پاک فوج کی حمایت میں نعرے لگائے۔