شاہد افراز خان ،بیجنگ
چین میں ملکی سطح پر تیار کردہ دنیا کے پہلے سی 919 ، بڑے مسافر بردار طیارے نے اتوار کو اپنی افتتاحی تجارتی پرواز مکمل کرلی ہے، یوں چین نے ایک ترقی پزیر ملک کی حیثیت سے شعبہ ہوا بازی میں ایک نیا کارنامہ سرانجام دیا ہے ۔ چائنا ایسٹرن ایئرلائنز کی پرواز ایم یو 9191 شنگھائی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے صبح 10 بجکر 32 منٹ پر روانہ ہوئی اور دوپہر 12 بج کر 31 منٹ پر بیجنگ کے کیپٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کامیابی سے اتر گئی۔سی 919 مسافر برادر طیار ے کے پہلے فضائی سفر کا تجربہ کرنے کے لئے 130 سے زیادہ مسافر جہاز میں سوار تھے۔ سفر کے لئے، ہر ایک مسافر کو چائنا ایسٹرن ایئرلائنز کی جانب سے خصوصی طور پر ڈیزائن کردہ بورڈنگ پاس فراہم کیا گیا، جو طیارے کی پہلی تجارتی پرواز کی یاد میں ہے. چائنا ایسٹرن ایئرلائنز نے سی 919 کے لیے سیفٹی انسٹرکشن ویڈیو بھی بنائی ہے جس میں چین کے خوبصورت مناظر دکھائے گئے ہیں تاکہ مسافر آڈیو ویژول دعوت سے لطف اٹھا سکیں۔دوران پرواز ایک انتہائی دلچسپ اور متوقع چیز فوڈ سروس ہے ، جس میں مسافروں کی جانب سے منتخب کردہ تھیم پر مبنی کھانے شامل ہیں۔یہ تھیم چینی محاورے "ووفو لنمین” سے موسوم ہے جس کا مطلب ہے "خاندان کے لیے پانچ نعمتیں”۔مسافر اب شنگھائی سے بیجنگ کے ساتھ ساتھ صوبہ سی چھوان کے شہر چھنگ دو کے لیے بھی سی 919 کمرشل پرواز کے ٹکٹ بک کرسکتے ہیں۔ اکانومی کلاس کی نشست کی قیمت 919 یوآن (تقریباً 130 ڈالر) رکھی گئی ہے ۔
سی 919 کو کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنا نے تیار کیا تھا اور گزشتہ ستمبر میں سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن آف چائنا نے اسے ٹائپ سرٹیفکیٹ دیا تھا۔ چائنا ایسٹرن ایئرلائنز نے مارچ 2021 میں پانچ سی 919 طیارے خریدنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ ایئر لائن کو اپنا پہلا سی 919 جیٹ9 دسمبر ، 2022 کو موصول ہوا ، اور باقی چار طیارے سپلائر کی پیداوار اور ترسیل کے منصوبے کی بنیاد پر اگلے دو سالوں میں فراہم کیے جائیں گے۔ چائنا ایسٹرن ایئرلائنز نے 26 دسمبر 2022 کو اپنے پہلے سی 919 طیارے کے لیے 100 گھنٹے کی تصدیقی پرواز کا آغاز کیا تھا تاکہ طیارے کی آپریشنل حفاظت کی تصدیق اور توثیق کی جا سکے۔ کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنا کے مطابق اب تک 1200 سے زائد سی 919 جیٹ لائنرز کا آرڈر دیا جا چکا ہے۔
چین کی جانب سے اس جہاز کی تیاری2009 میں باضابطہ طور پر شروع کی گئی تھی اور آج سی 919 پروگرام تجارتی خدمت کے اپنے ہدف کی جانب تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔5 مئی 2017 کو پہلے سی 919 طیارے نے تقریباً 1 گھنٹہ اور 19 منٹ پر محیط اپنی پہلی پرواز مکمل کی ، جس سے چین کی ہوا بازی کی صنعت میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد سے ، سی 919 ایک وسیع ٹیسٹنگ پروگرام سے گزرا ہے ، جس میں کئی قابل ذکر سنگ میل ہیں۔ دسمبر 2017 میں ،طیارہ ساز کمپنی نے دوسرے سی 919 طیارے کی پہلی طویل فاصلے کی پرواز کی کامیاب تکمیل کا اعلان کیا ، جو 2 گھنٹے اور 23 منٹ تک جاری رہی۔ اس نے طیارے کی آپریشنل رینج اور کارکردگی کی توثیق کی جانب ایک اہم قدم کی نشاندہی کی۔ نومبر 2020 میں ، سی 919 نے ایک اہم سنگ میل حاصل کیا جب اس نے چین کی سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن سے ٹائپ انسپکشن اتھارٹی حاصل کی۔ اس اجازت نامے نے پرواز کی جانچ کے لئے فضائی قابلیت کے تقاضوں کو پورا کرنے کی تصدیق کی۔ سی 919 کے کمرشل مارکیٹ آپریشن کے آغاز کے ساتھ ،یہ طیارہ نہ صرف عالمی تجارتی ہوا بازی کے منظر نامے کو نئی شکل دے سکتا ہے بلکہ ایرو اسپیس انڈسٹری میں چین کی ترقی کی علامت بھی ہے۔