پہلا اسٹوڈنٹس سوسائٹیز سنٹر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی میں قائم کیا گیا ہے، ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو
اردو ٹوڈے، خیرپور
شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو نے اسلام آباد میں شعور فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدہ اور قومی ادارہ برائے انسدادِ دہشت گردی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے اشتراک سے وائیس چانسلر کی قومی کانفرنس تعلیمی اداروں کے درمیان امن بیانیہ کے فروغ پر گفتگو میں شرکت کی۔ اس موقع پرپروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو نے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں امن، رواداری اور شمولیتی نقطہ نظر کو مضبوط کرنے کے مقصد اور تعلیمی اداروں میں امن و رواداری کو فروغ دینے پر منتظمین کی غیر متزلزل کوششوں کو سراہا۔ ڈاکٹر ابوپوٹو نے کہا کہ یہ کانفرنس فیکلٹی ممبران، یونیورسٹی مینجمنٹ اور طلباء کے درمیان پر امن تعلقات کو فروغ دے گی۔ ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلا اسٹوڈنٹس سوسائٹیز سنٹر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں امن اور ہم آہنگی کے نظریات کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے جبکہ فیکلٹی آف سوشل سائنسز میںس بی ایس کی سطح پر سماجی اور مذہبی رواداری کا مضمون متعارف کروا کر ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کی گئی ہے۔علاوہ ازیں یونیورسٹی میں پہلا امن کارنر بھی قائم کیا گیا ہے اور امن و رواداری کے فروغ کیلئے جوش و خروش سے کام کر رہا ہے۔