خیرپور

کیمپسز میں امن اور رواداری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو

اردو ٹوڈے، خیرپور

Dr Ibu Poto

شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو نے کمیونٹی ریسیلینس ایکٹیوٹی نارتھ اور انٹر یونیورسٹی کنسورشیم برائے فروغ سوشل سائنسز (آئی یو سی پی ایس ایس )کے زیرِ اہتمام پرامن اور روادار یونیورسٹی کیمپسز کو فروغ دینے کے عنوان پر اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ  تین روزہ وائیس چانسلرز کانفرنس میں شرکت کی۔ اس تین روزہ کانفرنس میں صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضم شدہ اضلاع ،صوبہ سندھ ، صوبہ پنجاب،صوبہ  بلوچستان اور اسلام آباد کی 40 سے زائد سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کے وائیس چانسلرز نے شرکت کی۔ کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو نے کہا کہ کیمپسز میں امن اور رواداری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ معیاری تعلیم کو برقرار رکھا جاسکے۔ کیمپس میں امن کے نظریات کو فروغ دینے کے لیے، پیس کلب اور سوسائٹیز قائم کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کیمپس میں پہلا اسٹوڈنٹس سوسائٹیز سینٹر اور پیس کارنر قائم کیا ہے جہاں 37 اسٹوڈنٹس سوسائٹیز طلباء کی استعداد کار بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ یونیورسٹی میں ایف ایم ریڈیو اسٹیشن بھی قائم کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر ابوپوٹو نے کہا کہ رواداری اور ہم آہنگی کی عدم موجودگی میں معاشرے میں دیرپا امن برقرار نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے بین الصوبائی رابطہ اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے طلباء کے وفود کے بین الصوبائی تبادلے کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو نے آئی یو سی پی ایس ایس کے قومی کو آرڈنیٹر محمد مرتضیٰ نور کی مہمان نوازی کو بھی سراہا۔

Leave a Reply

Back to top button