موسمِ گرما کی تعطیلات ختم، شاہ عبداللطیف یونیورسٹی میں 15 اگست سے کلاسز کا آغاز
اردو ٹوڈے، خیرپور
شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں موسمِ گرما کی تعطیلات کے بعد یونیورسٹی اور اس کے کیمپس کھولنے اور دوسرے سیمیسٹر 2023 کی کلاسیں شروع کرنے کے سلسلے میں ڈین کمیٹی کا اہم اجلاس یونیورسٹی کے وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تفصیلی غور و خوض کے بعد مختلف اہم فیصلے کئے گئے۔ فیصلہ کیا گیا کہ مین کیمپس کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے ذیلی کیمپس بھی گرمیوں کی تعطیلات مکمل ہونے کے بعد منگل 15 اگست 2023 سے دوبارہ کھل جائیں گے اور دوسرے سمسٹر کی کلاسز اسی دن یعنی منگل 15 اگست 2023 سے شروع ہوں گی۔ فیصلہ کیا گیا کہ رجسٹرار کا دفتر اساتذہ ، افسران اور ملازمین کے آئی ڈی کارڈ تیار کرے گا اوریونیورسٹی کا تمام عملہ یہ کارڈز لازمی طور پر دفتری اوقات کے دوران پہنیں گے۔فیصلہ کیا گیا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز آئی ٹی منیجر کے تعاون سے دوسرے سمسٹر کی کلاسز کے آغاز کے 15 دنوں کے اندر طلباء کے لیے آئی ڈی کارڈ تیار کرے گا۔ فیکلٹیوں کے ڈین صاحبان،تدریسی اداروں کے ڈائریکٹرز اور چیئرپرسن اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ طلباء اپنے متعلقہ شعبوں اور اداروں میں اپنے آئی ڈی کارڈ پہنے ہوئے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یونیورسٹی کے مختلف مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو درست طریقے سے چیک کیا جائے گا اور غیر فعال کیمروں کی نشاندہی کرکے انہیں فوری طور پر تبدیل کیا جائے گا۔کمانڈ اور کنٹرول سنٹر میں تعینات ٹیکنیکل اسٹاف تندہی اپنے فرائض سرانجام دے گا اور یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز اور سکیورٹی سیکشن کے ساتھ رابطہ قائم کرے گا۔ دوسرےسمسٹر کی کلاسز کے انعقاد کے تمام انتظامات بشمول ٹائم ٹیبل کی تیاری، صفائی ستھرائی اور سیکورٹی کے انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفیٰ مشوری ڈین فیکلٹی آف آرٹس اور لینگویجز، پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر امیر حسین شر ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر عبدالحسین شرڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر قاصد حسین ملاح ڈین فیکلٹی آف فزیکل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر مینہون خان لغاری رجسٹرار اور زوہیب شفقت میمن سیکرٹری ٹو وائس چانسلر نے اجلاس میں شرکت کی۔