مدد علی سندھی سے گلگت بلتستان کے صوبائی وزیر تعلیم اور چیف سیکریٹری کی ملاقات
اردو ٹوڈے، اسلام آباد
نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی سے صوبائی وزیر تعلیم غلام شہزادآغا اور چیف سیکریٹری جی بی محی الدین احمد وانی کی ملاقات، گلگت بلتستان میں تعلیمی معیار بلند کرنے کے لئےمتعدد اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی اورصوبائی سیکریٹری سکول ایجوکیشن گلگت بلتستان ضمیر عباس بھی موجود تھے۔
نگران وفاقی وزیر تعلیم نے گلگت بلتستان کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم چوٹی کے پچاس طلباو طالبات کے لئے تعلیمی سکالرشپس کی فراہمی کا وعدہ کیا ۔ملاقات میں مدرسہ رجسٹریشن، مدارس میں تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی گفت و شنید ہوئی ۔ نگران وزیر تعلیم نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن کے حوالےسے ڈائریکٹر جنرل برائے مذہبی امور صوبائی وزارت تعلیم کی بھرپور معاونت کریں گے ۔ نگران وزیر تعلیم نے صوبائی وزیر غلام شہزاد آغا کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے مدارس میں تعلیمی امور میں مزید بہتری کے لیئے اصلاحات اور اقدامات جاری رکھے گی۔ نگرانی وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے گلگت بلتستان میں جاری تعلیمی پراجیکٹس کی معاونت اور فنڈنگ جاری رکھنے کی بھی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ گلگت بلتستان کے طلباءکے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے وفاقی حکومت اپنے وسائل و امداد فراہم کرتی رہے گی۔گلگت بلتستان میں Aspire Project اور ایکٹ ایڈ کے پراجیکٹ کے تحت مختلف تعلیمی منصوبوں کی کامیابی کے لئے وفاق بھرپور وسائل فراہم کرے گا۔ نگران وزیر تعلیم نے گلگت بلتستان حکومت کو یقین دلایا کہ وفاق صوبے میں تعلیمی سرگرمیوں کی بڑھوتری اور تعلیمی اداروں کی ترقی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر مالی و تکنیکی وسائل کی فراہمی جاری رکھے گی۔