چینکالمکھیل

ایشیائی گیمز میں نت نئی ٹیکنالوجیز کا عروج

شاہد افراز خان ،بیجنگ

Asian games

پاکستان سمیت دیگر ایشیائی ممالک کے ایتھلیٹس اس وقت ایشین گیمز  میں شرکت کے دوران ہانگ چو ایشین گیمز ویلج میں موجود ہیں۔ ویلج میں روبوٹس اور آگمینٹڈ رئیلٹی بسوں سے لے کر چاکلیٹ تھری ڈی پرنٹر تک جدید ٹیکنالوجی کے استعمال نے ایتھلیٹس اور شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے۔یہ ویلج شرکاء کو 24 گھنٹے مختلف اقسام کی ہمہ جہت خدمات فراہم کررہا ہے۔تھری ڈی چاکلیٹ پرنٹر صرف تین سے پانچ منٹ میں چاکلیٹ مصنوعات تیار کر سکتا ہے جن میں سنگ میل سے متعلق ڈیزائن شامل ہیں۔ ڈرائیور لیس آئس کریم منی ٹرک بھی گھوم رہے ہیں، لہذا لوگ اسکرین کے صرف ایک ٹیپ کے ساتھ آئس کریم کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔ ایشین گیمز کا میزبان شہر ہانگ چو ویسے بھی انٹرپرائز اور جدت طرازی کے مرکز کے طور پر جانا جاتا ہے، اس شہر کے لئے ایشین گیمز جدید ٹیکنالوجیز کی ایک سیریز کی نمائش کے لئے ایک ونڈو ہے، جس میں الٹرا ہائی اسپیڈ ٹرانسمیشن، مصنوعی ذہانت اور ورچوئل رئیلٹی شامل ہیں۔ہانگ چو ایشین گیمز کے لئے دو سیلف ڈرائیونگ بس روٹس ایتھلیٹس ولیج اور میڈیا ولیج کے لیے شروع کیے گئے ہیں تاکہ ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں اور میڈیا کو تکنیکی کامیابیوں کا اے آر تجربہ فراہم کیا جاسکے۔

مکمل خودکار کروزنگ موڈ میں ، بسیں مسافروں کو کروز ٹورز ، شٹل خدمات اور شاندار نظاروں سے لطف اندوز ہونے کی سہولت فراہم کرسکتی ہیں۔ ان میں اے آر ٹیکنالوجی بھی شامل ہے ، جس سے مسافروں کو ونڈوز کے ذریعے بیرونی دنیا کا مشاہدہ کرنے اور حقیقت اور ورچوئلٹی کے انٹرایکٹو امتزاج کا تجربہ کرنے کی سہولت ملتی ہے۔شٹل بسیں ایچ ڈی کیمروں، لیزر ریڈار، ملی میٹر ویو ریڈار اور الٹراسونک ریڈار اور پوزیشننگ سسٹم سے لیس ہیں تاکہ حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ چینی حکام نے اس حوالے سے بتایا کہ اے آر بسیں مسافروں کو بصری ، ذہین اور جدید سفر کا تجربہ فراہم کر رہی ہیں۔

اسی طرح 19 ویں ایشین گیمز کے لیے تیز رفتار پروسیسنگ اسپیڈ کے ساتھ ایک نیا کلاؤڈ سسٹم لانچ کیا گیا ہے تاکہ کھیلوں کے نتائج کی تیز تر تقسیم اور ڈیجیٹل نشریات کو رفتار سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔یہ نظام گیمز مینجمنٹ سسٹمز، رزلٹ ڈسٹری بیوشن سسٹمز اور گیمز سپورٹ سسٹمز پر مشتمل ہے اور 56 مقابلوں کے مقامات اور دیگر اہم سہولیات جیسے انفارمیشن ٹیکنالوجی مینجمنٹ سینٹر، مرکزی میڈیا سینٹر اور ہانگ چو ایشین گیمز ولیجز کے چوبیس گھنٹے آپریشنز میں مدد دے سکتا ہے۔متعلقہ حکام کے مطابق ایک بار تصدیق ہونے کے بعد سسٹم کی جانب سے مقابلے کے نتائج صرف پانچ سیکنڈ میں شائع کیے جاسکتے ہیں۔ ماہرین کے خیال میں یہ دنیا میں کسی بھی جامع کھیلوں کے ایونٹ میں نتائج جاری کرنے کے لئے سب سے موثر اور عملی ٹیکنالوجی ہے۔دریں اثنا، تیز رفتار انٹرنیٹ کے ساتھ، یہ نظام ناظرین کو حقیقی وقت میں ایشین گیمز سے لطف اندوز ہونے کی سہولت دے سکتا ہے۔یہ پہلا موقع ہے جب ایشین گیمز نے کلاؤڈ براڈکاسٹنگ تکنیک اپنائی ہے جس میں ٹرانسمیشن ڈیٹا بہت بڑا ہے ، جس میں 5000 گھنٹے کے کھیل انتہائی ہائی ڈیفینیشن میں ہیں۔انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے بھی اس حوالے سے یہ امید ظاہر کی کہ یہ ٹیکنالوجی تماشائیوں اور ناظرین کے لئے زیادہ تخیل اور تجربے میں بہتری کو فروغ دے گی۔کلاؤڈ سسٹم کو مقامی ٹیک کمپنی علی بابا کلاؤڈ انٹیلی جنس گروپ چلا رہا ہے۔ کمپنی کو امید ہے کہ کھیلوں کے بہتر تجربے کے لئے ایک پلیٹ فارم پیش کیا جائے گا۔ کمپنی کے مطابق یہ مستقبل کے مقابلوں کے لئے ایک اچھی مثال ہے، جس میں گیم مینجمنٹ کی کارکردگی، مواصلات کی کارکردگی اور عملے کے تعاون کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے مزید ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا جائے گا۔

دوسری جانب میزبان شہر ہانگ چو کے اربن مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے کھیلوں کے دوران شہر کے منظم آپریشن کو یقینی بنانے کی کوششوں کے حصے کے طور ٹنلز کی بہتر اور اسمارٹ دیکھ بھال کے حوالے سے بھی اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے۔ ٹنلز کے میکٹرونکس سسٹم مانیٹرنگ ڈیوائسز، پاور ڈسٹری بیوٹرز، ڈرینیج اور فائر فائٹنگ سسٹم کی ماہانہ جانچ پڑتال کے ساتھ ساتھ اسکیپ کور اور پائپ لائنوں کی دیکھ بھال کو جدید ٹیکنالوجی سے بہتر بنایا گیا ہے۔جدید ترین ٹکنالوجیز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ، تکنیکی عملہ ذہین مرکزی کنٹرول روم سے ٹنلز میں آپریٹنگ آلات کی مسلسل نگرانی کرسکتا ہے اور ریڈار سے لیس گاڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے زیر زمین چھپے حفاظتی خطرات کی فوری نشاندہی کرسکتا ہے ، جس سے ٹنل کی دیکھ بھال کی کارکردگی اور انٹیلی جنس میں اضافہ ہوتا ہے۔یوں ٹیکنالوجی کے استعمال سے جہاں شائقین کو محفوظ اور شاندار  کھیل دیکھنے کو مل رہے ہیں وہاں عالمی گیمز کے انعقاد میں "چین کا حوالہ” بھی آئندہ دنیا کے کام آئے گا۔

Leave a Reply

Back to top button