شاہد افراز خان ،بیجنگ
چینی محققین کی جانب سے ابھی حال ہی میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) گورننس انڈیکس جاری کیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی ترقی میں مجموعی مقدار کے لحاظ سے امریکہ اور چین سب سے آگے ہیں اور چین مصنوعی ذہانت کی گورننس کے معاملے میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔اے آئی گورننس انٹرنیشنل ایویلیویشن انڈیکس مشترکہ طور پر سینٹر فار لانگ ٹرم اے آئی ریسرچ (سی ایل اے آئی) اور چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے تحت انسٹی ٹیوٹ آف آٹومیشن کے سینٹر آن اے آئی ایتھکس اینڈ گورننس کی جانب سے شروع کیا گیا تھا۔ٹیکنالوجی ماہرین کا یہ ماننا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی اخلاقیات، تحفظ اور گورننس کے معاملات میں غلبہ اور بالادستی حاصل کرنے کی کوئی بھی کوشش مصنوعی ذہانت کی ترقی سے پیدا ہونے والے خطرات کی ناکافی تفہیم کا نتیجہ ہوگی، جن کا سامنا انسانیت کو اجتماعی طور پر کرنا ہو گا۔
اس ضمن میں مصنوعی ذہانت کی ترقی اور گورننس کے مسائل کو حل کرنے کے لئے عالمی تعاون کی ضرورت ہے۔یہ انڈیکس مصنوعی ذہانت کی گورننس کے لئے دنیا کا پہلا جامع مقداری تشخیص انڈیکس ہے۔ اس انڈیکس میں 14 ممالک بشمول جی 7 کے رکن ممالک، 2023 کی توسیع سے قبل برکس کے رکن ممالک (برازیل، روس، بھارت، چین، جنوبی افریقہ) کے ساتھ ساتھ سنگاپور اور متحدہ عرب امارات میں مصنوعی ذہانت کی گورننس کی سطح کا جائزہ لیا گیا ہے۔انڈیکس نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ مصنوعی ذہانت میں بلند خطرات والے ممالک میں بھی نسبتاً اعلی درجے کی گورننس ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گورننس ترقی کے لئے ایک ضروری محرک قوت ہے۔ اعلیٰ آمدنی والے ممالک مصنوعی ذہانت کی ترقی کی سطح اور گورننس ٹولز کے لحاظ سے برکس ممالک سے نمایاں طور پر آگے ہیں اور گورننس ماحول کے معاملے میں قدرے آگے ہیں۔ تاہم، برکس ممالک میں اعلیٰ آمدنی والے ممالک کے گروپ کے مقابلے میں گورننس کی افادیت قدرے زیادہ ہے۔ گورننس کی موثریت میں برکس ممالک کی بہتر کارکردگی بنیادی طور پر مصنوعی ذہانت کی ترقی میں عوامی اعتماد، بیداری اور شمولیت جیسے پہلوؤں میں ان کے فوائد کی وجہ سے ہے۔
انڈیکس سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ فی کس جی ڈی پی کی سطح مصنوعی ذہانت کی گورننس کی سطح کے ساتھ مضبوطی سے منسلک ہے۔ ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ ترقی مصنوعی ذہانت کی گورننس کی بنیاد ہے۔ چین کا اسکور فی کس جی ڈی پی کی متعلقہ سطح سے نمایاں طور پر زیادہ ہے ، جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ملک میں مصنوعی ذہانت کی ترقی کی سطح فی کس جی ڈی پی کی سطح سے زیادہ ہے ، نیز عوامی بیداری اور مصنوعی ذہانت پر اعتماد میں ملک کی بہتر کارکردگی ہے۔انڈیکس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ چین، امریکہ اور برطانیہ مصنوعی ذہانت کی ترقی کے معاملے میں زیادہ ترقی یافتہ ہیں اور نسبتا اچھے گورننس نتائج حاصل کیے گئے ہیں۔ تاہم ، دوسرے ممالک کے مقابلے میں ، انہیں مصنوعی ذہانت کی گورننس میں زیادہ دباؤ اور چیلنجوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
چینی ماہرین کے نزدیک ملک کو اب بھی کمپیوٹنگ پاور اور ڈیٹا انفراسٹرکچر میں خامیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے ، اور اس شعبے میں غیر معمولی ترقی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، خاص طور پر جدید تحقیق اور ترقیاتی اداروں اور اسٹارٹ اپ کمپنیوں کی مدد لازم ہے ، تاکہ مصنوعی ذہانت کی اصل جدت طرازی کو مضبوط بنایا جاسکے۔ اس کے ساتھ ساتھ چین کو بین الاقوامی سطح پر دوسرے ممالک کی جانب سے پیدا ہونے والے خطرات کے بارے میں بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔تکنیکی ماہرین کہتے ہیں کہ چین کو ترقی اور ریگولیشن میں دوسرے ممالک کے تجربات سے سیکھنا چاہئے، اور گورننس کے ایسے طریقوں کو تلاش کرنا اور نافذ کرنا چاہئے جو چین کے ترقیاتی فلسفے اور مراحل کے مطابق ہوں.
حقائق ثابت کرتے ہیں کہ مصنوعی ذہانت کی گورننس میں بین الاقوامی تعاون نمایاں ترین اہمیت کا حامل ہے۔ انڈیکس سے پتہ چلتا ہے کہ ممالک مصنوعی ذہانت کی گورننس پر تحقیق میں قریبی تعاون کر رہے ہیں ، اور تمام ممالک فعال طور پر اس میں شریک بھی ہیں۔ ان میں سے ، چین ، امریکہ اور برطانیہ عالمی مصنوعی ذہانت کی گورننس کی تحقیق میں سب سے قریبی تعاون کرنے والے ممالک میں سے ایک ہیں۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی بھی ملک اکیلے مصنوعی ذہانت کی ترقی اور گورننس کے مسائل حل نہیں کرسکتا اور عالمی تعاون ناگزیر ہے۔یہ تعاون اس باعث بھی اہم ہے کہ انڈیکس سے پتہ چلتا ہے کہ 2023 میں بڑے پیمانے پر اے آئی ماڈلز کے اطلاق میں دھماکہ خیز اضافے کے ساتھ ، عالمی مصنوعی ذہانت سے جڑے خطرے کے واقعات کی تعداد میں پچھلے سال کے مقابلے میں 12 گنا اضافہ ہوا ہے۔ ان میں سے زیادہ تر خطرات صرف ایک ملک کے لئے بحران نہیں ہیں ،اسی باعث ایک ملک کے لئے اکیلے ان مسائل کو حل کرنا بھی مشکل ہے۔ اس صورتحال میں مصنوعی ذہانت ایتھکس کے حوالے سے ممکنہ تنازعات اور ریگولیٹری اور گورننس ماڈلز میں اختلافات کے پیش نظر ، مختلف ممالک کی پالیسیوں کے مابین انٹرفیس قائم کرکے ان مسائل کو حل کرنا ممکن ہے۔ مصنوعی ذہانت کے اخلاقی تحفظ اور گورننس کے لحاظ سے یہ بھی ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کی مرکزی حیثیت سے مصنوعی ذہانت کی عالمی گورننس کی حمایت کی جائے۔