جمعیت علماء اسلام کے زیراہتمام الیکشن میں دھاندلی کے خلاف تیسرے روز بھی احتجاج جاری
اردو ٹوڈے، بدین
جمعیت علماء اسلام کے زیراہتمام الیکشن میں دھاندلی کے خلاف تیسرے روز بھی احتجاج جاری رہا ۔ جے یو آئی کے کارکنوں نے اللہ والا چوک قطر مسجد سے ڈی آر او ڈی سی آفس بدین تک احتجاجی ریلی نکالی اور آفس کے سامنے دھرنا دے کر احتجاج کرتے ہوئے دھاندلی زدہ الیکشن کو مسترد کر دیا ۔
جمعیت علماء اسلام ف کی اپیل پر جے یو آئی کے سینکڑوں کارکنوں نے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف اللہ والا چوک قطر مسجد سے جی یو آئی کے رہنماؤں مولانا فتح محمد مہری ، مولانا محمد عیسیٰ سموں اور مولانا عبدالوحيد فاروقی کی قیادت میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ڈی سی بدین کے افس تک احتجاجی ریلی نکالی اور آفس کے سامنے دھرنا دے کر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عوام نے عام انتخابات کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن قرار دے کر مسترد کر دیا ہے ۔ عوام کسی صورت اس الیکشن کو قبول کرنے کو تیار نہیں ۔ مقررین نے کہا اگر سندھ میں سابق حکومت کے کرپٹ اور شکست خور امیدواروں کو دھاندلی کے زور پر کامیاب کر کے عوام پر مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو جمہوریت اور ملک کو ناتلافی نقصان سے کوئی نہیں بچا سکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس فراڈ الیکشن کو یکسر رد کرتی ہے احتجاجی مظاہرین نے عدلیہ اور فوج کی نگرانی میں الیکشن کرانے کا مطالبہ بھی کیا -اس موقع پر کارکنوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان ڈی آر اوز اور اے آر اوز کے خلاف زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کی مرکزی شوریٰ اور قیادت نے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے ملک بھر میں بھرپور عوامی تحریک چلانے کا جو فیصلہ کیا ہے جمعیت علماء اسلام کے کارکن اس کے لئے تیار ہیں اور ووٹ کے تقدس کو پامال کرنے والوں کا ہر سطح پر گھیراؤ کریں گے ۔