پاکستانی اور چینی کمپنیوں کا پلاسٹک انڈسٹری میں تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق
اردو ٹوڈے، بیجنگ
پلاسٹک انڈسٹری سے متعلق پاکستانی اور چینی کمپنیوں کی بی ٹو بی بزنس کانفرنس کا انعقاد چین کے شہر گوانگ چو میں کیا گیا۔ کانفرنس کے دوران کئی ایم او یوز پر دستخط کیے گئےجس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں بی ٹو بی بزنس کانفرنس کا ایک سلسلہ منعقد کیا جا رہا ہے۔اس ضمن میں سی فوڈ ،ٹیکسٹائل ، چمڑا مصنوعات کے شعبے میں پہلے ہی 05 بی ٹو بی بزنس کانفرنسز کا انعقادکیا جا چکا ہے۔کانفرنس کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گوانگ چو میں پاکستان کے قونصل جنرل سردار محمد نے کہا کہ کانفرنس میں پلاسٹک انڈسٹری میں فعال صف اول کی 47 چینی کمپنیوں کی شرکت خوش آئند ہے۔ اس اہم سرگرمی کے دوران دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان پلاسٹک انڈسٹری میں جوائنٹ وینچرز امکانات پر غور کیا گیا ہے۔قونصل جنرل کے مطابق دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان مثبت ، تعمیری اور نتیجہ خیز بات چیت کی گئی ہے جس سے آئندہ عرصے میں پاکستان میں پلاسٹک انڈسٹری میں سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات کھلیں گے۔