سکھر

وفاقی ٹیکس محتسب پاکستان ایک ریلیف دینے والا ادارہ ہے ، سجاد علی منگی

ڈاکٹر عبدالوحید مستوئی، سکھر

وفاقی ٹیکس محتسب پاکستان کے ریجنل آفس سکھر کے اسسٹنٹ ایڈوائزر سجاد علی منگی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ٹیکس دہندگان کی جانب سے سال 2024 کے دوران ایف ٹی او کے مرکزی سیکریٹریٹ سمیت تمام علاقائی دفاتر میں 13,506 شکایات رجسٹرڈ کرائی گئیں، جن میں سے 12,914 شکایات کو حل کرتے ہوئے ٹیکس دہندگان کو 22 ارب روپے کی رقم رِیفنڈ کے طور پر واپس دلائی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں سکھر ریجنل آفس میں درج 143 ریفرنس کیسز کی سماعت کرکے شکایات کو حل کیا گیا۔ یہ سب کچھ ٹیکس قوانین پر عمل کرنے والے اداروں، ٹیکس بار ایسوسی ایشنز اور تاجر برادری کے ایف ٹی او پر اعتماد کے سبب ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب پاکستان ایک ریلیف دینے والا ادارہ ہے اور اس کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمینارز منعقد کیے جا رہے ہیں۔سجاد علی منگی نے مزید کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب پاکستان ڈاکٹر آصف محمود کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بنیاد پر کاروں کی بکنگ کے دوران خریداروں سے اضافی ٹیکس وصول کرنے والی کمپنیوں سے یہ رقم واپس دلائی گئی، جس کے تحت سکھر سے تعلق رکھنے والے 20 خریداروں سمیت لاڑکانہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے افراد کو کار خریداری کے دوران وصول کیے گئے 80 ہزار روپے واپس دلائے گئے۔اسی طرح، محکمہ تعلیم میں حالیہ بھرتی کیے گئے اساتذہ کی شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے ان کی تنخواہوں سے کاٹی گئی لاکھوں روپے کی رقم بھی رِیفنڈ کرائی گئی ہے۔ انہوں نے ٹیکس دہندگان کو مشورہ دیا کہ اگر قانون کی خلاف ورزی، نامناسب یا غیر منصفانہ رویے، زیادتی، بددیانتی، تاخیر کے حربے، بار بار نوٹسز جاری کرنے، یا رِیفنڈ کی رقم کی عدم ادائیگی جیسے مسائل کا سامنا ہو تو وہ وفاقی ٹیکس محتسب پاکستان کے سیکریٹریٹ یا علاقائی دفاتر سے آن لائن یا پوسٹل نظام کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Back to top button