ڈاکٹر عبدالوحید مستوئی،سکھر
گورنمنٹ آف پاکستان کی ہدایات پر سیپکو کے دائرہ اختیار میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف شب و روز کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈائریکٹر ایف آئی عبدالحمید بھٹو اور سی او سیپکو اعجاز احمد چنہ کی جانب سے تمام چیف انجنیئرز، ایس ایز آپریشن اور ایکسینز آپریشن کے ساتھ سیپکو ہیڈ کوارٹر سکھر میں میٹنگ منعقد کی گئی جس میں سیپکو کی موجودہ رکوری اور دیے گئے رکوری ٹارگیٹس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایف آئی عبدالحمید بھٹو نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی کی جانب سے بجلی چوری پر قابو اور نادہندگان سے رکوری کرنے کے لیے ایف آئی کی بھرپور معاونت رہے گی جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر سیپکو اعجاز احمد چنہ نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف صفر رواداری کی حکمت عملی کو برقرار رکھتے ہوئے کمپنی کے افسران اور اہلکار ریکوری کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے اپنے فرائض ایمانداری کے ساتھ ادا کریں اور معاشرے میں بجلی چوری کی حوصلہ شکنی کے لیے بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف دن رات بلا تفریق کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھیں اور اگر کوئی افسر یا اہلکار بجلی چوری روکنے میں ناکام رہتا ہے تو اس کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔