گھگھر کے قریب بھنبھو گوٹھ میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کا بہیمانہ قتل
سید سجاد علی شاہ،ملیر
گھگھر ولیج کے قریب بھنبھو گوٹھ میں مسلح افراد نے ایک گھر پر دھاوا بول کر کلہاڑیوں کے وار سے شوہر، بیوی اور ان کے کمسن بیٹے کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ یہ دلخراش واقعہ اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت عبدالمجید ودھیو، ان کی اہلیہ سکینہ ودھیو اور بیٹے عبدالنبی ودھیو کے طور پر کی گئی ہے۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول خاندان کا تعلق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ سے ہے، اور ابتدائی تفتیش میں واقعے کو ذاتی دشمنی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم تحقیقات تمام زاویوں سے جاری ہیں۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو فوری کارروائی اور تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ جلد مجرموں کو قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔