یومِ آزادی اور معرکۂ حق — اتحاد، جوش و ولولہ اور رنگا رنگ تقاریب

اردو ٹوڈے، میڈیا ڈیسک

اسلام آباد میں یومِ آزادی اور معرکۂ حق کی تاریخی فتح کی مناسبت سے مرکزی تقریب شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جہاں سبز ہلالی پرچموں کی بہار اور حب الوطنی کے ترانوں نے ماحول کو پرجوش بنا دیا۔

تقریب میں ملک کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت، وفاقی وزراء، پارلیمانی شخصیات اور دوست ممالک کے سفارتکار شریک ہوئے۔ ترکِیہ اور آذربائیجان کے فوجی دستوں کے متاثرکن مارچ پاسٹ کو شرکاء نے خوب سراہا۔ اس کے بعد پنجاب رینجرز، ایف سی خیبرپختونخوا، ایس ایس جی کمانڈوز اور علم بردار دستوں نے ولولہ انگیز مارچ پیش کیا، جبکہ فوجی بینڈز کی دھنوں نے "پاکستان زندہ باد” کے نعروں کو مزید بلند کر دیا۔

پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے جری جوانوں کی قدم بہ قدم ہم آہنگ پیش قدمی نے بہادری، عزم اور اتحاد کی عملی تصویر پیش کی۔ اس موقع پر معروف گلوکاروں نے ملی نغمے اور خصوصی پرفارمنسز پیش کیں، جن میں "سوہنی دھرتی اللہ رکھے” نے ہر دل کو جوش و خروش سے بھر دیا۔

رات 12 بجتے ہی قومی ترانہ اجتماعی طور پر پڑھا گیا، جس کے فوراً بعد آسمان رنگا رنگ آتشبازی سے جگمگا اٹھا۔ دفاعِ وطن کے عظیم کارناموں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور معرکۂ حق کی یاد تازہ کی گئی۔ دوست ممالک کے فوجی دستوں اور فنکاروں کی شرکت نے اس پیغام کو مزید مضبوط کیا کہ پاکستان امن، بھائی چارے اور عالمی تعاون کا حامی ہے۔

تقریب کا یہ تاریخی لمحہ آنے والی نسلوں کے لیے حب الوطنی، اتحاد اور عزم کی لازوال مثال کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔


مزید خبروں یا اپڈیٹس کے لئے اردو ٹوڈے کا واٹس ایپ گروپ جوائن کریں.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے


Back to top button