پاکستان اور بیرون ممالک کے سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہا جائے گا۔ نوجوان نسل تعلیم پر توجہ دے ۔ آوارہ گردی اور فضول کاموں پر وقت ضائع نہ کریں، سردار محمد یعقوب خان

راولاکوٹ( آن لائن) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر سے بیروزگاری کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ۔ اس سلسلے میں پاکستان اور بیرون ممالک کے سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہا جائے گا۔ محکمہ تعلیم اور صحت میں ایسے ملازمین جو طویل المیعاد رخصت لے کر بیرون ملک ملازمت کر رہے ہیں۔ انہیں فوری طور پر اپنی جائے تعیناتی پر حاضر کیا جائے۔ بصورت دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام انہیں برطرف کر کے خالی آسامیوں پر نئے لوگوں کو بھرتی کریں۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے نوجوان نسل پر زور دیا ہے کہ وہ تعلیم پر توجہ دے ۔ آوارہ گردی اور فضول کاموں پر وقت ضائع نہ کریں۔ پونچھ ڈویژن میں کتوں کی لڑائی پر مکمل پابندی ہے ۔ انتظامیہ پاپندی پر سختی سے عملدرآمد کرے ۔ آئندہ اگر کسی جگہ پر کتوں کی لڑائی ہوئی تو انتظامہ اور پولیس حکام ذمہ دار ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے عملی زندگی کا آغاز کیا تو کشمیرکے لوگوں کو بلا تخصیص قبیلہ و برداری مشرق وسطحی بھیجا جس سے پونچھ ڈویژن میں پیسہ اور خوشحالی تو آ گئی مگر اس سے نوجوانوں نسل سست اور کاہل ہو گئی۔ لوگوں نے اپنے ہاتھ سے کام کرنا چھوڑ دیا۔ جس کی وجہ سے ہماری زمین بیکار اور بانجھ ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا اقتصادی بد حالی اور افراط زر کا شکار ہے ۔ امریکہ اور یورپی ممالک بھی مہنگائی کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔ آئندہ چند برسوں کے دوران صورتحال بہتر نہ ہوئی تو زندگی کا تمام دارومدار زراعت پر آ جائے گا۔ اس لیے آزاد کشمیر کے لوگ اس جانب توجہ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یہاں علی سوجل کہوکوٹ ریڑھ بن نامنوٹہ اور دیگر مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے عوام علاقہ پر زور دیا کہ وہ اپنے تعلیمی اداروں کی نگرانی کریں اور چیک کریں کہ اساتذہ سکولوں میں حاضر ہیں یا نہیں۔ اگر کسی سرکاری سکول میں اساتذہ غیر حاضر ہوں تو رپورٹ محکمہ تعلیم کو دیتے ہوئے اس کی ایک نقل مجھے بھی ارسال کی جائے۔صدر آزاد کشمیر نے ہدایت کی کہ ریاست میں معیار تعلیم کی بہتری کے لیے ہر سرکاری سکول کی کارکردگی کا جائزہ کے لیے اساتذہ اور والدین پر مشتمل کمیٹیا ں تشکیل دی جائیں گی جو ماہانہ بنیادوں پر سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی حاضری اور کارکردگی کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں گی۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ نجی سکو ل بھی کارکردگی بہتر بنائیں۔ سٹرک کنارے ایک ایک کمرے کے سکول معیار تعلیم کی بہتری کے لیے کچھ نہیں کر سکتے ۔ ایسے سکولوں کو اپنا انفراسٹرکچر بہتر بنانا ہو گا۔ اس موقع پر نو منتخب رکن قانون ساز اسمبلی محترمہ فرزانہ یعقوب نے خطاب کرتے ہوئے حلقے کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوام نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا میں اس پر پورااتروں گی ۔میں نے آج آپ لوگوں کے پاس آ کر مخالفین کا پروپیگنڈہ غلط ثابت کر دیا ہے کہ میں الیکشن کے بعد بھاگ کر سوئزرلینڈ چلی جاؤں گی ۔ فرزانہ یعقوب نے کہا کہ میں پانچ سال تک اپنے حلقے میں رہ کر عوام کی خدمت کرتی رہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام علاقہ نے مجھے کامیاب بنا کر پارٹی قیادت کو بتا دیا ہے کہ پونچھ کے لوگ احسان فراموش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کا انتظام کرنا میری ذمہ داری جبکہ ان پر عملدرآمد اور کام کا معیار یقینی بنانا کارکنوں اور اس علاقے کے لوگوں کی ذمہ داری ہو گی ۔ فرزانہ یعقوب نے کہا کہ حلقے کی پڑھی لکھی خواتین اور نوجوانوں کے لیے روزگار کا بندوبست کرنے کی کوشش کروں گی ۔ صدر ریاست کی زیر نگرانی اس حوالے سے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی کام پر یقین رکھتی ہوں۔

اردو ٹوڈے نیوز لیٹر

تازہ ترین خبریں، بریکنگ نیوز اور اہم تجزیے براہِ راست اپنے ان باکس میں حاصل کریں۔

قارئین کی رائے (فیس بک کمنٹس)

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مرکزی صفحہ تازہ ترین شیئر کریں تحریر بھیجیں