چین کے سیاسی نظام کی اہم سرگرمی
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

کسی بھی بڑی سیاسی جماعت کی طاقت صرف اس کے ارکان کی تعداد سے نہیں بلکہ اس امر سے بھی ظاہر ہوتی ہے کہ وہ اپنی قیادت اور نمائندگی کے لیے کس طرح کے لوگوں کا انتخاب کرتی ہے۔ چین میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 21ویں قومی کانگریس کے لیے مندوبین کے انتخاب کا آغاز بھی اسی اہم مرحلے کی عکاسی کرتا ہے۔ 2027 کے دوسرے نصف میں ہونے والی اس کانگریس کے لیے ملک بھر میں 2 ہزار 360 مندوبین منتخب کیے جائیں گے، جو کروڑوں پارٹی ارکان اور لاکھوں پارٹی تنظیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک ایسے اجلاس میں شریک ہوں گے جس میں پارٹی کی آئندہ قیادت اور تنظیمی سمت سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
یہ کانگریس ایسے وقت میں منعقد ہوگی جب چین سوشلسٹ جدیدیت کے بنیادی حصول کی جانب پیش رفت کر رہا ہے اور دوسرے صد سالہ ہدف کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اس لیے مندوبین کا انتخاب محض ایک تنظیمی مرحلہ نہیں بلکہ پارٹی کی آئندہ سیاسی اور تنظیمی ترجیحات کی تشکیل سے جڑا ایک اہم عمل ہے۔ انتخابی طریقہ کار میں سیاسی معیار، اہلیت، کردار، نمائندگی اور نظم و ضبط کو مرکزی اہمیت دی گئی ہے، تاکہ مختلف شعبوں اور معاشرتی طبقات کی آواز قومی کانگریس تک پہنچ سکے۔منتخب ہونے والے 2 ہزار 360 مندوبین سے توقع ہوگی کہ وہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے 10 کروڑ 10 لاکھ سے زائد ارکان اور 54 لاکھ سے زیادہ پارٹی تنظیموں کے اعتماد کی نمائندگی کرتے ہوئے کانگریس میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
مندوبین کا انتخاب اور قومی کانگریس کے تمام امور کی کامیاب تکمیل پارٹی کی طویل المدتی حکمرانی کی بنیاد کو مضبوط بنانے اور قیادت کے مرکزی کردار کو مؤثر انداز میں ادا کرنے کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے۔ اس عمل کا تعلق پارٹی اور ملک کی خوشحالی، ترقی اور طویل المدتی استحکام سے بھی براہِ راست جوڑا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انتخابی عمل میں صرف تعداد پوری کرنے کے بجائے نمائندگی کے معیار، سیاسی اہلیت، کردار اور مختلف شعبوں کی شمولیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انتخابی عمل کو شی جن پھنگ کے نئے دور میں چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کے بارے میں فکر کے مطالعے اور اس پر عمل درآمد کا ایک اہم مرحلہ بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ بالخصوص پارٹی تعمیر سے متعلق فکر کو انتخابی سرگرمیوں کے ساتھ مربوط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ مندوبین کا انتخاب پارٹی کی تنظیمی اور نظریاتی ضروریات سے ہم آہنگ ہو۔
انتخاب کی کامیابی کے لیے پارٹی کی مجموعی قیادت اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کی مرکزی اور متحد قیادت کو برقرار رکھنا بنیادی اصول قرار دیا گیا ہے۔ اس کے تحت امیدواروں کی سیاسی حیثیت اور سیاسی شعور کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ سیاسی معاملات پر فیصلہ کرنے، سوچنے اور پالیسیوں کو عملی شکل دینے کی صلاحیت کو بھی جانچا جائے گا۔ امیدواروں کی دیانت داری، کردار اور طرز عمل کی سخت جانچ پڑتال بھی انتخابی عمل کا اہم حصہ ہوگی۔
منتخب ہونے والے مندوبین کی مجموعی ساخت ایسی رکھنے کی کوشش کی جائے گی جس میں معاشرے کے مختلف شعبوں اور طبقات کی وسیع نمائندگی موجود ہو۔ معیشت، سائنس و ٹیکنالوجی، قومی دفاع، قانون کے نفاذ اور عدالتی نظام، تعلیم، عوامی ابلاغ، ثقافت، صحت، کھیل اور سماجی انتظام سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو نمائندگی دی جائے گی۔ روزگار کی بدلتی ہوئی نوعیت کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے، چنانچہ نئی نوعیت کے روزگار سے وابستہ کارکنوں میں سے نمایاں پارٹی ارکان کو بھی امیدواروں کے طور پر سامنے لانے کی کوشش کی جائے گی۔
صفِ اول پر کام کرنے والے کارکنوں کی نمائندگی بھی انتخابی ڈھانچے کا ایک اہم حصہ ہوگی۔ صوبائی سطح کے علاقوں، مرکزی مالیاتی اداروں اور مرکزی سرکاری ملکیتی اداروں سے منتخب ہونے والے مندوبین میں صفِ اول پر کام کرنے والے پارٹی ارکان کا تناسب عمومی طور پر کم از کم ایک تہائی رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مرکزی پارٹی اور ریاستی محکموں سے تعلق رکھنے والے مندوبین میں یہ تناسب عمومی طور پر کم از کم 15 فیصد ہوگا۔
جہاں نئی معیشت اور کاروبار کی نئی شکلیں تیزی سے ترقی کر رہی ہیں اور نئی نوعیت کے روزگار سے وابستہ کارکنوں کی تعداد زیادہ ہے، وہاں ایسے کارکنوں میں سے نمایاں پارٹی ارکان کو بھی امیدوار بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے ساتھ مثالی کارکنوں، کسانوں اور مختلف شعبوں سے وابستہ پیشہ ور افراد کو امیدوار بنانے کی خصوصی کوشش کی جائے گی۔ خواتین پارٹی ارکان اور مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے پارٹی ارکان کی بھی مندوبین میں مناسب نمائندگی یقینی بنائی جائے گی۔
انتخابی عمل میں سیاسی، تنظیمی اور انتخابی نظم و ضبط کی سختی سے پابندی کو بنیادی شرط قرار دیا گیا ہے۔ ووٹوں کی خرید و فروخت سمیت ہر قسم کی انتخابی بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور نگرانی و نفاذ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ مقصد یہ ہے کہ انتخابی عمل میں کسی قسم کی غیر قانونی یا غیر منظم سرگرمی کی گنجائش باقی نہ رہے اور ہر مرحلہ مقررہ اصولوں کے مطابق مکمل ہو۔
مندوبین کے انتخاب کا طریقہ کار بھی واضح طور پر پانچ مراحل پر مشتمل ہوگا۔ پہلے مرحلے میں امیدواروں کی نامزدگی کی جائے گی، اس کے بعد انتخابی یونٹس کی جانب سے نامزد امیدواروں کی جانچ پڑتال ہوگی۔ تیسرے مرحلے میں امیدواروں کی ابتدائی فہرست تیار کی جائے گی، پھر تیاری کی فہرست مرتب ہوگی اور آخر میں باضابطہ انتخاب عمل میں آئے گا۔ اس طریقہ کار کے تحت امیدواروں کی تعداد دستیاب نشستوں سے 15 فیصد سے زیادہ رکھی جائے گی، تاکہ انتخابی عمل میں مناسب مسابقت برقرار رہے۔
منتخب ہونے والے مندوبین کی اہلیت بھی قومی کانگریس سے قبل دوبارہ جانچی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے قائم کردہ اہلیت جانچ کمیٹی مندوبین کے انتخاب کے بعد ان کی جانچ کرے گی اور اس عمل کی تکمیل کے بعد ہی وہ قومی کانگریس میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
یوں 21ویں قومی کانگریس کے لیے مندوبین کا انتخاب ایک طویل اور منظم عمل کی صورت اختیار کر رہا ہے، جس میں سیاسی معیار، نمائندگی، تنظیمی نظم و ضبط، انتخابی نگرانی اور اہلیت کی جانچ کو ایک دوسرے سے جوڑا گیا ہے۔ آنے والے مہینوں میں یہ عمل مختلف مراحل سے گزرتا ہوا جون 2027 کے اختتام تک مکمل ہوگا اور اس کے نتیجے میں منتخب ہونے والے مندوبین آئندہ قومی کانگریس میں پارٹی کے لاکھوں ارکان اور مختلف شعبوں سے وابستہ وسیع تر معاشرتی طبقات کی نمائندگی کریں گے۔



