چین، روس اور امریکا کا امن کی جانب مشترکہ عزم

تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

trilateral summit

دنیا میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی، باہمی اعتماد کے بحران اور مختلف خطوں میں جاری تنازعات کے ماحول میں چین، روس اور امریکا کے سربراہان کا شین زن میں تاریخی سہ فریقی اجلاس عالمی امن اور سلامتی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت بن کر سامنے آیا ہے۔ تینوں ممالک نے عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے اسٹریٹجک استحکام اور بین الاقوامی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا اور امن کے لیے باہمی تعاون، مذاکرات اور اختلافات کو ذمہ دارانہ انداز میں حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

چینی صدر شی جن پھنگ، روسی صدر ولادیمیر پوتن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شین زن میں ملاقات کی، جہاں تینوں رہنماؤں نے موجودہ بین الاقوامی صورتحال پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کے اختتام پر جاری ہونے والے چین، روس اور امریکا کے سربراہان مملکت کے امن سے متعلق اعلامیے نے عالمی امن، سلامتی، توانائی، جوہری خطرات اور بین الاقوامی نظام سے متعلق کئی اہم نکات کو سامنے رکھا۔

تینوں ممالک نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی حیثیت سے عالمی چیلنجز سے زیادہ مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ میں اصلاحات کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ اس عزم کا بنیادی مقصد عالمی امن اور سلامتی کے قیام کے لیے اقوام متحدہ کے بنیادی مشن کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تینوں ممالک نے توانائی کے مستحکم بہاؤ کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے تمام ممالک کے مفاد میں صاف شدہ پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور فراہمی بڑھانے کے منصوبے پر بھی اتفاق کیا۔

اشتہار

اعلامیے میں ریاستی رضامندی کے اصول اور ریاستی عہدہ داروں کو حاصل استثنیٰ کے احترام کو بنیادی اہمیت دی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عالمی فوجداری عدالت سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو اپنے دائرہ اختیار کا غلط استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ یہ مؤقف بین الاقوامی تعلقات میں خودمختاری اور ریاستی حقوق کے احترام کی اہمیت کو نمایاں کرتا ہے۔

تینوں ممالک نے ایک اور انتہائی حساس معاملے پر بھی واضح مؤقف اختیار کیا کہ جوہری جنگ جیتی نہیں جا سکتی اور اسے کبھی نہیں لڑا جانا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے جوہری خطرات میں کمی اور جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ یہ نقطہ ایسے وقت میں خاص اہمیت رکھتا ہے جب عالمی سطح پر جوہری خطرات اور اسٹریٹجک کشیدگی کے حوالے سے تشویش موجود ہے۔

اجلاس میں چینی صدر شی جن پھنگ نے بڑی طاقتوں کے درمیان تعلقات کے لیے چار بنیادی اصول بھی پیش کیے، جن میں باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی، باہمی مفاد پر مبنی تعاون اور مذاکرات و مشاورت شامل ہیں۔ ان اصولوں کے ذریعے انہوں نے اس سوال کا جواب پیش کرنے کی کوشش کی کہ بڑی طاقتیں اختلافات کے باوجود کس طرح ایک دوسرے کے ساتھ رہتے ہوئے عالمی امن اور استحکام کو مضبوط بنا سکتی ہیں۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ ممالک کو ایک دوسرے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت، اپنے اپنے منتخب کردہ سماجی نظام اور ترقی کے راستوں کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات کا احترام کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق کسی دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز ضروری ہے، جبکہ باہمی حساس نوعیت کے اہم معاملات پر پیشگی رابطہ، دوسرے فریق کے نقطہ نظر کو سمجھنے کی کوشش اور احتیاط سے کام لینا ناگزیر ہے۔ بالخصوص ایک دوسرے کی سرخ لکیروں کو چیلنج کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

اشتہار

چینی صدر نے واضح کیا کہ چین، روس اور امریکا کو ایک دوسرے کے شراکت دار اور دوست ہونا چاہیے، نہ کہ تنازع اور محاذ آرائی کی طرف بڑھنے والے فریق۔ انہوں نے پرامن بقائے باہمی کو برقرار رکھنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔ ان کا یہ مؤقف اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے کہ بڑی طاقتوں کے درمیان مسابقت کو لازماً تصادم میں تبدیل ہونا ضروری نہیں۔

شی جن پھنگ نے دوسری جنگ عظیم کے اہم فاتح ممالک کی حیثیت سے چین، روس اور امریکا پر عائد ذمہ داری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تینوں ممالک کو جنگ کے بعد قائم ہونے والے بین الاقوامی نظام کا ثابت قدمی سے تحفظ کرنا چاہیے۔ انہوں نے جوہری ہتھیاروں کو انسانیت پر لٹکتی ہوئی تلوار قرار دیتے ہوئے ان پر مکمل پابندی اور وقت کے ساتھ ان کی مکمل تباہی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کیا جا سکے۔

اقتصادی تعاون بھی اجلاس کے اہم پہلوؤں میں شامل رہا۔ شی جن پھنگ نے باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین، روس اور امریکا کو اقتصادی تعاون اور تجارت مضبوط بنانی چاہیے اور وسائل، صنعتی پیداوار اور کھپت کے شعبوں میں اپنی اپنی طاقتوں کو یکجا کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق تعاون کا دائرہ وسیع کرنے سے تمام فریقوں کے لیے مشترکہ فوائد پیدا کیے جا سکتے ہیں، جبکہ صنعتی اور سپلائی چینز کو توڑنا یا ایک دوسرے سے علیحدہ کرنا درست راستہ نہیں۔

توانائی کے شعبے میں بھی تینوں ممالک کے درمیان رابطہ کاری اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ عالمی توانائی منڈی میں سلامتی اور استحکام برقرار رکھنے کے لیے چین، روس اور امریکا کے درمیان مواصلات اور تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا، جبکہ اعلامیے میں توانائی کے مستحکم بہاؤ کی اہمیت بھی دہرائی گئی۔

اشتہار

عالمی امن کے لیے صرف بڑے اعلانات کافی نہیں بلکہ بحران کے وقت بروقت رابطہ بھی ضروری ہے۔ اسی لیے شی جن پھنگ نے تینوں ممالک کے درمیان باقاعدہ اعلیٰ سطح تبادلوں کو برقرار رکھنے، مختلف سطحوں پر مذاکرات کے راستے کھلے رکھنے اور بحران کے دوران رابطے اور پیشگی روک تھام کے نظام قائم کرنے کی تجویز دی۔ اس کا مقصد غلط فہمیوں کو کم کرنا، اختلافات کو قابو میں رکھنا اور معمولی کشیدگی کو بڑے تصادم میں تبدیل ہونے سے روکنا ہے۔

تنازعات کے حوالے سے بھی چین نے سیاسی اور سفارتی ذرائع کو ترجیح دینے پر زور دیا۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ چین، روس اور امریکا کو تنازعات کے فریقوں کو مذاکرات کی میز پر آنے کی ترغیب دینا اور سیاسی و سفارتی ذرائع سے تنازعات کے حل کی کوشش جاری رکھنی چاہیے۔

اجلاس کے اختتام پر شی جن پھنگ نے چین، روس اور امریکا کے سہ فریقی سربراہ اجلاس کو مثبت، تعمیری اور نتیجہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک عالمی امن کے تحفظ کے حوالے سے مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں اور سب اس بات پر متفق ہیں کہ بڑی جدوجہد سے حاصل ہونے والے امن کی قدر کی جانی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ اجلاس میں حاصل ہونے والے اتفاق رائے کو عملی شکل دی جائے، باہمی رابطہ مزید مضبوط کیا جائے، تعاون کے ذریعے امن کو فروغ دیا جائے اور ایک بہتر دنیا کی تعمیر کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں۔

شین زن میں ہونے والی یہ ملاقات اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ موجودہ پیچیدہ عالمی ماحول میں بڑی طاقتوں کے درمیان براہ راست رابطہ، باہمی احترام اور مسلسل مذاکرات کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ اختلافات اپنی جگہ موجود ہو سکتے ہیں، لیکن عالمی امن، جوہری خطرات میں کمی، توانائی کے استحکام، اقتصادی تعاون اور بین الاقوامی سلامتی جیسے بنیادی معاملات پر مشترکہ ذمہ داری کا احساس مستقبل کے لیے اہم بنیاد فراہم کر سکتا ہے۔ چین، روس اور امریکا کے اس اجلاس کا سب سے نمایاں پیغام یہی ہے کہ عالمی امن محض کسی ایک ملک کی کوشش سے قائم نہیں ہو سکتا بلکہ اس کے لیے بڑی طاقتوں سمیت تمام ممالک کو اختلافات کو تصادم کے بجائے مذاکرات، تعاون اور باہمی مفاد کے ذریعے حل کرنے کی سمت مسلسل آگے بڑھنا ہوگا۔

شاہد افراز خان Shahid Afraz Khan

شاہد افراز خان پیشے کے اعتبار سے براڈکاسٹر ہیں۔سن 2007 میں بطور پروگرام پروڈیوسر ریڈیو پاکستان اسلام آباد سے نشریاتی سفر کا آغاز کیا۔… More »

اسی موضوع پر مزید پڑھیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے


Back to top button