آلو کی سرزمین سے اے آئی کے مرکز تک

تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

ulanqab

کسی علاقے کی شناخت وقت کے ساتھ بدل سکتی ہے، جب نئی ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع اس کی معیشت کو نئی سمت دیتے ہیں۔ چین کے اندرونی منگولیا خوداختیار علاقے کا شہر اُلانقاب طویل عرصے تک آلو کی پیداوار کے حوالے سے پہچانا جاتا تھا، لیکن اب یہ مصنوعی ذہانت اور کمپیوٹنگ کی صنعت میں اپنی جگہ بنا رہا ہے۔ یہاں قائم ہونے والے ڈیٹا سینٹرز لارج اے آئی ماڈلز کی تربیت اور جدید ڈیجیٹل خدمات کے لیے کمپیوٹنگ وسائل فراہم کر رہے ہیں، جبکہ اس ترقی سے مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے راستے بھی کھل رہے ہیں۔

اُلانقاب سے بیجنگ تک جدید آپٹیکل کیبل کے ذریعے براہ راست رابطہ قائم کیا گیا ہے، جس سے ڈیٹا کی ترسیل میں یک طرفہ تاخیر صرف 2.1 ملی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس رفتار کے باعث دونوں شہروں کے درمیان کئی سو کلومیٹر کا فاصلہ ڈیجیٹل رابطے کے لیے تقریباً غیر محسوس ہو جاتا ہے۔ یہ سہولت اس شہر کو ان کمپنیوں کے لیے پرکشش بناتی ہے جنہیں مصنوعی ذہانت کے نظام چلانے اور بڑی مقدار میں ڈیٹا پراسیس کرنے کے لیے تیز رفتار نیٹ ورک درکار ہوتا ہے۔

اُلانقاب کی ترقی میں اس کا جغرافیائی محل وقوع بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اندرونی منگولیا کا موسم سال کے تقریباً دس ماہ تک قدرتی طور پر ٹھنڈک فراہم کرنے کے لیے موزوں رہتا ہے، جس سے ڈیٹا سینٹرز کے کولنگ نظام پر آنے والے اخراجات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ یہاں بڑے کمپیوٹنگ منصوبوں کے لیے وسیع زمین دستیاب ہے، جبکہ قابل تجدید توانائی کے وسائل بھی موجود ہیں۔ بیجنگ، تھین جن اور حہ بے کے صنعتی خطے سے قربت اس کی اہمیت میں مزید اضافہ کرتی ہے۔

نومبر 2025ء میں اُلانقاب نے تین سالہ عملی منصوبہ شروع کیا، جس کا مقصد شہر کو "ٹوکن سٹی” کے طور پر ترقی دینا ہے۔ اس تصور کے تحت ہوا اور شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے، ماحول دوست کمپیوٹنگ صلاحیت بڑھانے اور اے آئی ٹوکنز کی تیاری و استعمال پر مبنی ایک مربوط صنعتی نظام تشکیل دیا جا رہا ہے۔

اے آئی ٹوکنز وہ اکائیاں ہیں جن کے ذریعے مصنوعی ذہانت کے لارج ماڈلز میں معلومات کی پراسیسنگ اور پیداوار کو ناپا جاتا ہے۔ جیسے جیسے ان ماڈلز کا استعمال بڑھ رہا ہے، ویسے ویسے انہیں چلانے کے لیے کمپیوٹنگ وسائل کی ضرورت بھی بڑھ رہی ہے۔ اُلانقاب اس بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے بنیادی ڈھانچہ فراہم کر رہا ہے۔

شہر اب بیجنگ سے آنے والے 75 ہزار پیٹا فلاپس کے کمپیوٹنگ کاموں کو سنبھال رہا ہے۔ یہ وسائل بائٹ ڈانس، ڈیپ سیک اور بیدو جیسی کمپنیوں کے لارج اے آئی ماڈلز کی تربیت اور دیگر کاموں میں استعمال ہوتے ہیں۔ ان کی مدد سے کمپیوٹر وژن، خودکار ڈرائیونگ اور فلم و ٹیلی وژن کی تصاویر کی رینڈرنگ جیسے جدید شعبوں میں کام کیا جا رہا ہے۔

شہر کی فعال کمپیوٹنگ صلاحیت ایک لاکھ 90 ہزار پیٹا فلاپس تک پہنچ چکی ہے، جس میں ذہین کمپیوٹنگ کا حصہ 90 فیصد سے زیادہ ہے۔اندرونی منگولیا میں ڈیٹا، مصنوعی ذہانت، ٹوکن معیشت اور ماحول دوست کمپیوٹنگ کے فروغ کے لیے مختلف پالیسیاں بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔ جون 2026ء تک چین کی کمپیوٹنگ صنعت کی 30 بڑی نجی کمپنیوں میں سے 20 نے اس علاقے میں اپنے منصوبے قائم کر لیے تھے، جبکہ ان کی مجموعی سرمایہ کاری 200 ارب یوآن سے تجاوز کر چکی تھی۔

اس صنعتی ترقی کا اثر مقامی آبادی اور روزگار پر بھی پڑ رہا ہے۔ اُلانقاب میں ڈیٹا سینٹرز کے 100 سے زیادہ منصوبے موجود ہیں، جن کی وجہ سے انفراسٹرکچر کی نگرانی، دیکھ بھال اور تکنیکی امور سے واقف کارکنوں کی طلب بڑھ گئی ہے۔ ان کارکنوں کا کام بجلی کی فراہمی، کولنگ نظام اور سرور روم کے آلات کا باقاعدہ معائنہ کرنا ہے تاکہ پورا نظام محفوظ اور مسلسل کام کرتا رہے۔ اس ذمہ داری کے لیے بجلی کے نظام، ایئر کنڈیشننگ، کم وولٹیج آلات اور آگ سے تحفظ کے انتظامات سے متعلق تکنیکی مہارت ضروری ہے۔ نوجوانوں کے لیے یہ شعبہ روایتی زرعی معیشت سے آگے بڑھ کر جدید ٹیکنالوجی میں پیشہ ورانہ مستقبل بنانے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔

2026ء میں 20 سے زیادہ کمپیوٹنگ کمپنیوں نے اُلانقاب میں اپنے کام شروع کیے، جس سے نوجوانوں کی اپنے آبائی علاقے میں واپسی کا رجحان بھی بڑھا ہے۔ اندرونی منگولیا میں کمپیوٹنگ اور اے آئی کی صنعت کے لیے قائم تعلیمی و صنعتی تربیتی مرکز اب تک دو ہزار سے زیادہ افراد کو تربیت دے چکا ہے۔ اس مرکز میں پیشہ ورانہ تعلیم کو ڈیٹا سینٹرز کی عملی ضروریات کے ساتھ جوڑا گیا ہے، تاکہ تربیت حاصل کرنے والے افراد کو روزگار کے لیے درکار مہارتیں فراہم کی جا سکیں۔

چین میں مصنوعی ذہانت کے استعمال میں تیزی سے اضافہ اس تبدیلی کی اہم وجہ ہے۔ اس اضافے نے کمپیوٹنگ صلاحیت، ڈیٹا سینٹرز اور متعلقہ تکنیکی خدمات کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔

اُلانقاب کا سفر ظاہر کرتا ہے کہ ڈیجیٹل معیشت کی ترقی صرف بڑے شہروں یا معروف ٹیکنالوجی مراکز تک محدود نہیں۔ مناسب بنیادی ڈھانچے، توانائی کے وسائل، تیز رفتار رابطوں اور ہنرمند افرادی قوت کے ذریعے روایتی زرعی شناخت رکھنے والے علاقے بھی جدید صنعتوں کے مراکز بن سکتے ہیں۔ آلو کی پیداوار سے شہرت پانے والا یہ شہر اب مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے تقاضوں کو پورا کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے، جہاں ٹیکنالوجی کی ترقی کے ساتھ مقامی نوجوانوں کے لیے نئے امکانات بھی پیدا ہو رہے ہیں۔

شاہد افراز خان Shahid Afraz Khan

شاہد افراز خان پیشے کے اعتبار سے براڈکاسٹر ہیں۔سن 2007 میں بطور پروگرام پروڈیوسر ریڈیو پاکستان اسلام آباد سے نشریاتی سفر کا آغاز کیا۔… More »

اسی موضوع پر مزید پڑھیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے


Back to top button