چین میں صنعتی سیاحت کا عروج
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

چین میں سیاحت کے رجحانات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں، اور اب روایتی سیاحتی مقامات کے ساتھ ساتھ صنعتی مقامات بھی عوام کی توجہ کا مرکز بنتے جا رہے ہیں۔ فیکٹریاں، شپ یارڈز، صنعتی عجائب گھر اور جدید مینوفیکچرنگ پارکس اب صرف پیداوار کے مراکز نہیں رہے بلکہ تعلیم، تفریح اور سیکھنے کے نئے مقامات میں تبدیل ہو رہے ہیں۔
اسی حوالے سے ایک دلچسپ اسٹوری نظر سے گزری جس میں بیجنگ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون لیو لی نے اپنے بچے کے لیے موسمِ گرما کی چھٹیوں میں تفریحی پارک یا قدرتی مقامات کے بجائے شمال مشرقی چین کے صوبہ جیلن کے شہر چانگ چھون میں قائم ایک ہائی اسپیڈ ٹرین مینوفیکچرنگ یونٹ کا انتخاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کا بچہ چین کی جدید صنعتی ترقی کو براہِ راست دیکھ سکے، کیونکہ سفر بھی ایک طرح کی تعلیم ہے۔
ملک بھر میں اسی طرح کے رجحان میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جہاں بڑی تعداد میں سیاح صنعتی مقامات کا رخ کر رہے ہیں۔ اس رجحان کو صنعتی سیاحت کا نام دیا گیا ہے، جسے حکومتی سطح پر بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔ حال ہی میں مختلف وزارتوں اور اداروں نے مشترکہ طور پر ایک پالیسی دستاویز جاری کی ہے جس میں صنعتی ورثے کے تحفظ اور صنعتی سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اب تک چین میں 142 قومی صنعتی سیاحتی ڈیمونسٹریشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں، جبکہ ماہرین کے مطابق یہ شعبہ آنے والے برسوں میں تیزی سے ترقی کرے گا اور اس کی سالانہ شرح نمو نمایاں حد تک بلند رہنے کی توقع ہے۔ چین کے 15ویں پانچ سالہ منصوبے (2026-2030) میں بھی صنعتی سیاحت کو دیگر سیاحتی شعبوں کے ساتھ مربوط ترقی دینے پر زور دیا گیا ہے۔
سیاحتی رجحانات میں اس تبدیلی کا تعلق عوام کی نئی دلچسپیوں سے بھی ہے، جہاں لوگ صرف تفریح نہیں بلکہ علم اور تجربے پر مبنی سفر کو ترجیح دے رہے ہیں۔ آن لائن پلیٹ فارمز کے مطابق فیکٹری وزٹس اور صنعتی مطالعاتی دوروں کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
بیجنگ میں قائم ایک معروف الیکٹرک گاڑیوں کے فیکٹری کمپلیکس نے بھی بڑی تعداد میں سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔ اس طرح کے صنعتی مقامات نہ صرف ٹیکنالوجی کو عوام کے قریب لا رہے ہیں بلکہ ملکی برانڈز اور صنعتی مہارت کے بارے میں آگاہی بھی بڑھا رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق صنعتی سیاحت محض تفریحی سرگرمی نہیں بلکہ یہ صنعت، ثقافت اور شہری ترقی کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ پرانی فیکٹریوں اور صنعتی مقامات کو جدید ثقافتی مراکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جہاں نمائشیں، ثقافتی سرگرمیاں اور تعلیمی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔
چین کے کئی شہروں میں پرانی صنعتی تنصیبات کو محفوظ رکھ کر انہیں سیاحتی اور ثقافتی مقامات میں تبدیل کیا گیا ہے، جس سے نہ صرف تاریخی ورثہ محفوظ ہو رہا ہے بلکہ شہری معیشت کو بھی نئی زندگی مل رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ رجحان مستقبل میں مزید وسعت اختیار کرے گا، جہاں صنعتی سیاحت کو تعلیمی دوروں، کاروباری سرگرمیوں اور رات کی معیشت کے ساتھ جوڑ کر ایک مربوط نظام بنایا جائے گا۔
چین میں صنعتی سیاحت کا بڑھتا ہوا رجحان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ جدید دور میں سیاحت صرف تفریح تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ علم، ٹیکنالوجی اور صنعتی ترقی کو سمجھنے کا ایک ذریعہ بھی بن چکی ہے۔ فیکٹریوں اور صنعتی مراکز کو عوامی دلچسپی کے مقامات میں تبدیل کرنا نہ صرف معیشت کو متنوع بنا رہا ہے بلکہ معاشرے میں سیکھنے اور جدت کے نئے دروازے بھی کھول رہا ہے۔