پاکستان میں نیٹو سپلائی کے خلاف احتجاج جاری
پاکستان میں نیٹو سپلائی کے خلاف جاری احتجاج کے سلسلے میں آج دفاع پاکستان کونسل کے احتجاجی پروگرام کے دوسرے مرحلے کا کوئٹہ سے آغاز ہوا جبکہ پشاور میں بھی تحریک انصاف پاکستان کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی –
کوئٹہ سےنمائندے کے مطابق نیٹو سپلائی کے خلاف آج دفاع پاکستان کونسل کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے نیٹو سے معاہدہ کرکے اپنے جوانوں کا خون بیچ دیا اور اس پر انہیں شرم آنا چاہیئے – مقررین نے نیٹو سپلائی کے خلاف ہر پلیٹ فارم سے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کیا اس اجتماع میں ہزاروں شریک افراد نے امریکہ اور نیٹو کے خلاف زبردست نعرےبازی کرتے ہوئے نیٹو سپلائی کی بحالی پر حکومت پاکستان کے فیصلے کی شدید مذمت کی-
دوسری جانب پشاور میں آج نیٹو سپلائی کی بحالی اور امریکی ڈرون حملوں کے خلاف تحریک انصاف پاکستان نے احتجاجی ریلی نکالی – پشاور سے نمائندے کے مطابق اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ سے نکلنا چاہتی ہے – انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں میں بے گناہ پاکستانی شہری مر رہے ہیں – عمران خان نے رمضان المبارک کے بعد ستمبر میں امن قافلہ لے کر وزیرستان جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ مرنے والوں کے ورثا کو میڈیا کے سامنے پیش کریں گے اور دنیا کو دکھا دیں گے کہ کس طرح ڈرون حملوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بہانے بے گناہ لوگوں کا خون بہا دیا جاتا ہے –