چین۔ امریکہ تعلقات کا ایک نیا موڑ
تحریر: شاہد افراز خان، بیجنگ

دنیا کی دو بڑی معیشتوں کی حیثیت سے چین اور امریکہ کے درمیان تعلقات کا اثر صرف دونوں ملکوں تک محدود نہیں رہتا بلکہ عالمی تجارت، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور امن و استحکام پر بھی پڑتا ہے۔ اسی لیے چین اور امریکہ کے درمیان اعلیٰ سطح رابطہ ہمیشہ عالمی توجہ کا مرکز بنتا ہے۔چینی صدر شی جن پھنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ ملاقات میں دونوں ممالک کی قیادت نے مختلف معاملات پر مشترکہ سمجھ بوجھ پیدا کرنے پر اتفاق کیا، جسے دوطرفہ تعلقات میں عملی رابطے کو آگے بڑھانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
موجودہ مرحلے میں بنیادی سوال یہ ہے کہ چین اور امریکہ اپنے اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کے ساتھ کس طرح مستحکم تعلقات قائم رکھ سکتے ہیں۔ دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اختلافات کو قابو میں رکھتے ہوئے تعاون کے مواقع تلاش کیے جائیں اور مسابقت کو ایسے مرحلے تک نہ پہنچنے دیا جائے جہاں وہ کشیدگی میں تبدیل ہو جائے۔
دونوں ممالک کی معیشتیں کئی دہائیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ گہری طور پر منسلک ہیں۔ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون نے دونوں طرف کاروباری اداروں اور عوام کے مفادات کو باہم جوڑ رکھا ہے۔ اسی لیے اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مستحکم رکھنا دوطرفہ روابط کا ایک اہم پہلو سمجھا جاتا ہے۔ حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کی اقتصادی ٹیموں کے درمیان مشاورت اور تجارتی معاملات پر پیش رفت بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
تعاون کی گنجائش صرف تجارت تک محدود نہیں۔ اے آئی جیسے نئے اور تیزی سے ترقی کرنے والے شعبے بھی دونوں ملکوں کے لیے اہم بن چکے ہیں۔ چین اور امریکہ دونوں اے آئی کی تحقیق اور صنعت میں بڑے کردار رکھتے ہیں، تاہم اس شعبے میں مسابقت کے ساتھ خطرات بھی موجود ہیں۔ اے آئی کے غلط استعمال، سلامتی اور ممکنہ نقصانات سے متعلق خدشات نے بین الاقوامی سطح پر مکالمے کی ضرورت بڑھا دی ہے۔
اسی لیے اے آئی کے شعبے میں رابطہ اور تبادلہ خیال مستقبل کے دوطرفہ تعلقات کا اہم حصہ بن سکتا ہے۔ دونوں ممالک اس ٹیکنالوجی کے فوائد سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ اس کے ممکنہ خطرات کو سمجھنے، غلط استعمال کو روکنے اور انسانی نگرانی کو برقرار رکھنے کے لیے بات چیت جاری رکھ سکتے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں اے آئی کی سلامتی اور ہنگامی رابطے سے متعلق مزید مذاکرات کی تیاری بھی سامنے آئی ہے۔
چین اور امریکہ کے تعلقات میں اختلافات بھی موجود ہیں اور بعض معاملات انتہائی حساس نوعیت کے ہیں۔ ایسے ماحول میں ہر اختلاف کو فوری طور پر حل کرنا ممکن نہیں ہوتا، لیکن رابطے کے راستے کھلے رکھنا غلط فہمیوں کو بڑھنے سے روکنے میں مدد دے سکتا ہے۔ اسی لیے اعلیٰ سطح ملاقاتوں کے ساتھ اقتصادی، تکنیکی اور دیگر شعبوں میں مسلسل رابطے کی اہمیت بھی بڑھ جاتی ہے۔مستحکم تعلقات کا مطلب یہ نہیں کہ دونوں ملک ہر معاملے پر ایک جیسا مؤقف اختیار کریں گے۔ دونوں کی اپنی ترجیحات، مفادات اور پالیسیوں میں فرق موجود ہے۔ اصل چیلنج یہ ہے کہ ان اختلافات کو ایسے انداز میں منظم کیا جائے کہ وہ تعاون کے ممکنہ شعبوں کو مکمل طور پر متاثر نہ کریں۔
تجارت اور اے آئی کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی، صحت، توانائی، سائنسی تحقیق اور عوامی روابط جیسے شعبوں میں بھی تعاون کی گنجائش موجود ہے۔ جہاں دونوں ممالک کے مفادات ایک دوسرے سے ملتے ہوں وہاں عملی تعاون عالمی مسائل سے نمٹنے میں بھی مدد دے سکتا ہے۔
چین اور امریکہ کے تعلقات اس وقت ایک ایسے مرحلے میں ہیں جہاں مسابقت اور تعاون دونوں ساتھ ساتھ موجود ہیں۔ ایسے ماحول میں پائیداری کا انحصار صرف ایک ملاقات یا ایک معاہدے پر نہیں بلکہ مسلسل رابطے، وعدوں پر عمل اور اختلافات کو ذمہ داری کے ساتھ سنبھالنے پر ہوگا۔
دنیا کی دو بڑی طاقتوں کے درمیان تعلقات میں اتار چڑھاؤ کوئی نئی بات نہیں، لیکن موجودہ دور میں ان کے باہمی روابط کی عالمی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ تجارت سے لے کر اے آئی تک، دونوں ممالک کے فیصلے عالمی معیشت اور ٹیکنالوجی کے مستقبل پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ اس لیے باہمی اختلافات کے ساتھ تعاون کی گنجائش تلاش کرنا اور رابطے کے دروازے کھلے رکھنا عالمی استحکام کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔