چین – پاکستان سبز تعاون اور پائیدار ترقی کے حوالے سے اسلام آباد میں شجرکاری سرگرمی کا انعقاد

چین کے قومی یومِ شجر کاری کے موقع پر چائنا میڈیا گروپ کے تعاون سے ڈائریکٹوریٹ آف ریجنل سروسز، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں شجر کاری مہم کے تحت ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور چین – پاکستان سبز تعاون کو فروغ دینا تھا۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی چینی اور پاکستانی شخصیات نے شرکت کی اور سبز و پائیدار مستقبل کے عزم کا اظہار کیا۔

01 1

اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کی معاونِ خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے پودا لگا کر پاک – چین سدا بہار دوستی کی علامت کو مزید مضبوط کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی ہر شعبے کی طرح ماحولیات اور سبز ترقی کے میدان میں بھی مثالی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کے ماحول دوست اقدامات اور پائیدار ترقی کے ماڈلز دنیا بھر کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہیں اور پاکستان بھی ان تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ماحول کے تحفظ اور شہری سبزہ کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریجنل سروسز، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین کے قومی شجر کاری دن کے موقع پر منعقد کی جانے والی یہ شجرکاری مہم ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی مشترکہ سرگرمیاں نہ صرف شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان سبز تعاون کو بھی مزید مضبوط بناتی ہیں۔

رجسٹرار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میجر راجہ عمر یونس نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی جانب سے اس شجرکاری مہم میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سبز ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے شراکت داری ایک مثبت اور مؤثر اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف ماحول کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوتی ہیں بلکہ نوجوان نسل میں بھی شجرکاری اور پائیدار ترقی کے شعور کو فروغ دیتی ہیں۔

تقریب میں کم سن بچوں نے بھی شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور پودے لگا کر سرسبز مستقبل کی امید کو تقویت دی۔تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ شجرکاری اور ماحول دوست اقدامات کے ذریعے چین اور پاکستان کے درمیان سبز تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک صاف، سرسبز اور پائیدار ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔


مزید خبروں یا اپڈیٹس کے لئے اردو ٹوڈے کا واٹس ایپ گروپ جوائن کریں.

شاہد افراز خان Shahid Afraz Khan

شاہد افراز خان پیشے کے اعتبار سے براڈکاسٹر ہیں۔سن 2007 میں بطور پروگرام پروڈیوسر ریڈیو پاکستان اسلام آباد سے نشریاتی سفر کا آغاز کیا۔… More »

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button