قدیم آبی قصبے سے ڈیجیٹل دنیا تک
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

چین کے قدیم قصبوں میں ایک ایسا قصبہ بھی ہے جہاں صدیوں پرانی تاریخ اور جدید ٹیکنالوجی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔ پانی کے کنارے آباد ایک ہزار سال پرانا ووچن آج دنیا بھر میں صرف اپنے تاریخی حسن اور روایتی ثقافت کے باعث نہیں بلکہ عالمی انٹرنیٹ تعاون کے ایک اہم مرکز کے طور پر بھی پہچانا جاتا ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں ہر سال دنیا کے مختلف حصوں سے انٹرنیٹ، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور سائبر اسپیس سے وابستہ افراد جمع ہوتے ہیں اور اس ٹیکنالوجی کے مستقبل پر غور کرتے ہیں جو انسانی زندگی کے تقریباً ہر شعبے کو متاثر کر رہی ہے۔
ووچن کی موجودہ شناخت اچانک وجود میں نہیں آئی۔ چین کے صدر شی جن پھنگ کی رہنمائی میں قدیم قصبے کے تحفظ، آبی ماحول کی بہتری، تاریخی عمارتوں کی بحالی اور روایتی ثقافت کو نئے انداز میں پیش کرنے کی کوششوں نے اسے ایک ایسی جگہ میں تبدیل کیا جہاں ماضی اور مستقبل ایک ساتھ دکھائی دیتے ہیں۔ بعد ازاں عالمی انٹرنیٹ کانفرنس کے مستقل انعقاد کے لیے اس قصبے کا انتخاب اس تصور کی علامت بن گیا کہ جدید ٹیکنالوجی اور انسانی تہذیب ایک دوسرے کی ضد نہیں بلکہ ایک دوسرے کو آگے بڑھانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ یوں ایک ہزار سال پرانے قصبے نے عالمی ڈیجیٹل تعاون کے نئے دور سے اپنا تعلق قائم کر لیا۔
2026 کی ورلڈ انٹرنیٹ کانفرنس ووچن سمٹ بھی اسی سوچ کو آگے بڑھاتی نظر آئی۔ کانفرنس میں تقریباً 138 ممالک اور خطوں سے 1800 مندوبین شریک ہوئے، جبکہ اس کا مرکزی موضوع "اوپن سورس اور کھلا پن، مشترکہ کردار اور مشترکہ فوائد، سائبر اسپیس میں ہم نصیب معاشرے کی مشترکہ تعمیر” رکھا گیا۔ کانفرنس میں مصنوعی ذہانت کو مزید کھلے، جامع اور باہمی تعاون پر مبنی انداز میں ترقی دینے پر زور دیا گیا، کیونکہ اب انٹرنیٹ محض معلومات کے تبادلے کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ مصنوعی ذہانت، معیشت، تعلیم، صحت، صنعت اور روزمرہ زندگی میں تبدیلی کا بنیادی محرک بن چکا ہے۔
ایک بڑے اور ذمہ دار ملک کے سربراہ کے طور پر صدر شی جن پھنگ نے انٹرنیٹ کی ترقی کو صرف تکنیکی پیش رفت کے بجائے انسانی ترقی اور عالمی تعاون کے وسیع تناظر میں دیکھا ہے۔ 2015 میں انہوں نےدوسری ورلڈ انٹرنیٹ کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں سائبر اسپیس میں ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کا تصور پیش کیا، جسے بین الاقوامی برادری کی جانب سے وسیع پیمانے پر تسلیم کیا گیااور پزیرائی ملی۔اُن کے اس گلوبل وژن کے مطابق انٹرنیٹ کو ترقی کی نئی محرک قوت، سلامتی کے تحفظ کے نئے محاذ اور تہذیبوں کے درمیان باہمی استفادے کے نئے پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے۔

صدر شی جن پھنگ کے نکتۂ نظر میں انٹرنیٹ کی ترقی کا مقصد صرف ٹیکنالوجی کو تیز تر بنانا نہیں بلکہ اس کے فوائد زیادہ سے زیادہ ممالک اور لوگوں تک پہنچانا بھی ہے۔ وہ ترقی کو ترجیح دینے، زیادہ جامع اور خوشحال سائبر اسپیس کی تعمیر، سائنسی و تکنیکی کامیابیوں کے عملی استعمال اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے پر زور دیتے رہے ہیں۔ اسی کے ساتھ ایک پرامن اور محفوظ سائبر اسپیس کی ضرورت بھی اجاگر کی گئی ہے، جہاں سائبر خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کا احترام ہو اور سائبر تسلط، بلاک تصادم اور سائبر اسپیس میں ہتھیاروں کی دوڑ سے گریز کیا جائے۔
یہ تصور 2026 کی ووچن سمٹ کے موضوع سے بھی ہم آہنگ دکھائی دیتا ہے، جہاں اوپن سورس ٹیکنالوجی، مشترکہ جدت اور ڈیجیٹل ترقی کے فوائد میں وسیع تر شراکت پر زور دیا گیا۔ چین کی جانب سے بھی کھلی جدت، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور علم کے اشتراک کے ذریعے ایک کھلے، جامع اور متحرک عالمی ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل پر زور دیا گیا۔
چین کی انٹرنیٹ ترقی کی کہانی بھی اسی وسیع تبدیلی کا ایک اہم حصہ ہے۔ گزشتہ تین سے زائد دہائیوں کے دوران چین میں انٹرنیٹ نے محدود پیمانے سے آغاز کرتے ہوئے دنیا کے سب سے بڑے اور جدید ترین ڈیجیٹل معاشروں میں سے ایک کی بنیاد رکھ دی ہے۔ ایک ارب سے زائد انٹرنیٹ صارفین، وسیع فائبر آپٹک نیٹ ورک، دنیا کے بڑے ترین فائیو جی نیٹ ورک اور تیزی سے ترقی کرتی مصنوعی ذہانت اس تبدیلی کی واضح مثالیں ہیں۔ انٹرنیٹ اب شہری علاقوں تک محدود نہیں بلکہ دیہی علاقوں میں بھی تعلیم، تجارت، طبی خدمات، روزگار اور نئی کاروباری سرگرمیوں کے مواقع پیدا کر رہا ہے۔
چین میں انٹرنیٹ کی ترقی نے صرف رابطے کے ذرائع کو بہتر نہیں کیا بلکہ معیشت کے انداز بھی بدل دیے ہیں۔ آن لائن خریداری، آن لائن سفری خدمات، ڈیجیٹل ادائیگیاں، آن لائن تعلیم، طبی خدمات، لائیو اسٹریمنگ اور آن لائن روزگار جیسے شعبے لوگوں کی روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکے ہیں۔ صنعتی شعبے میں صنعتی انٹرنیٹ، بگ ڈیٹا، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت کے استعمال نے پیداوار اور انتظام کے طریقوں میں نئی تبدیلیاں پیدا کی ہیں، جبکہ دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے مقامی مصنوعات کو وسیع منڈیوں تک پہنچانے کے نئے راستے کھولے ہیں۔
اس ترقی کا اگلا مرحلہ مصنوعی ذہانت کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ لارج اے آئی ماڈلز، جدید کمپیوٹنگ، نئی نسل کے نیٹ ورکس اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز انٹرنیٹ کی صلاحیتوں کو مزید وسیع کر رہی ہیں۔ تاہم مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی نے یہ سوال بھی اہم بنا دیا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے فوائد دنیا کے تمام ممالک اور معاشروں تک کس طرح پہنچائے جائیں اور اس کے استعمال میں تحفظ، شفافیت اور ذمہ داری کو کیسے یقینی بنایا جائے۔
انٹرنیٹ کی اصل طاقت شاید یہی ہے کہ یہ فاصلے کم کرتا ہے۔ ایک ملک میں تیار ہونے والی ٹیکنالوجی دوسرے ملک کے کسان، طالب علم، ڈاکٹر، کاروباری فرد یا عام شہری کے کام آ سکتی ہے۔ اسی طرح مختلف معاشروں کے تجربات اور خیالات ایک دوسرے تک پہنچ سکتے ہیں۔ لیکن اس کے ساتھ یہ ذمہ داری بھی بڑھتی ہے کہ سائبر اسپیس کو محفوظ، پرامن، جامع اور سب کے لیے قابل رسائی رکھا جائے۔
آج ووچن کی سب سے بڑی خوبصورتی شاید یہی ہے کہ ایک طرف قدیم پل، روایتی عمارتیں، پانی کی گزرگاہیں اور صدیوں پرانی ثقافت موجود ہے، جبکہ دوسری طرف اسی ماحول میں دنیا کی جدید ترین ٹیکنالوجیز، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل مستقبل پر گفتگو ہوتی ہے۔ یہ منظر دراصل انٹرنیٹ کے سفر کی بھی ایک علامت ہے۔ ماضی اپنی شناخت برقرار رکھتے ہوئے مستقبل سے جڑ سکتا ہے، بشرطیکہ ترقی کے ساتھ انسان، معاشرہ اور مشترکہ مفاد بھی مرکز میں رہیں۔ووچن کا قدیم قصبہ اسی سوچ کی ایک خوبصورت مثال بن چکا ہے، جہاں ایک ہزار سالہ تاریخ آج کے ڈیجیٹل عہد سے جڑ کر یہ پیغام دیتی ہے کہ ٹیکنالوجی کا بہترین مستقبل وہی ہے جو انسانوں کو قریب لائے، مواقع میں اضافہ کرے اور مشترکہ ترقی کی راہ ہموار کرے۔



