چین میں نوجوانوں اور عمر رسیدہ افراد کے درمیان بڑھتے رشتے

تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

elder youth

بڑھتی عمر میں انسان کو صرف دیکھ بھال اور بنیادی سہولتوں کی ضرورت نہیں ہوتی، بلکہ کسی ایسے شخص کی رفاقت بھی درکار ہوتی ہے جو اس کے پاس بیٹھے، باتیں سنے اور روزمرہ زندگی میں اس کا ساتھ دے۔ دوسری طرف، نوجوانوں کے لیے مناسب رہائش کا حصول بھی ایک بڑا مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ چین میں ان دونوں ضروریات کو ایک دوسرے سے جوڑنے کا منفرد طریقہ اختیار کیا جا رہا ہے، جہاں نوجوان بزرگوں کی خدمت اور ان کے ساتھ وقت گزارنے کے عوض کم کرائے پر رہائش حاصل کر رہے ہیں۔

اس نظام کے تحت نوجوان نرسنگ ہومز اور بزرگوں کی دیکھ بھال کے مراکز میں رہتے ہیں اور وہاں مقیم عمر رسیدہ افراد کے ساتھ مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔ کوئی انہیں خبریں پڑھ کر سناتا ہے، کوئی چہل قدمی میں ساتھ دیتا ہے، جب کہ بعض نوجوان انہیں موبائل فون استعمال کرنے اور نئی ٹیکنالوجی سیکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ اس کے بدلے ان کے ماہانہ کرائے میں رعایت دی جاتی ہے۔ یوں نوجوانوں کو رہائش کے اخراجات میں سہولت ملتی ہے اور بزرگوں کو روزمرہ زندگی میں رفاقت اور توجہ میسر آتی ہے۔

اس نظام کی ایک مثال میں نوجوانوں کو ماہانہ 30 گھنٹے رضاکارانہ خدمات انجام دینے پر 500 یوآن، 40 گھنٹے پر 750 یوآن اور 50 گھنٹے مکمل کرنے پر ایک ہزار یوآن تک کرائے میں رعایت دی جاتی ہے۔ اس طرح مقررہ وقت خدمت کے لیے وقف کرنے والے نوجوانوں کو مکمل کرائے سے بھی چھوٹ مل سکتی ہے۔ ان پروگراموں میں شمولیت کے لیے عمر، رہائش اور دیگر شرائط بھی مقرر کی جاتی ہیں، جب کہ سماجی خدمات، صحت، نفسیات اور قانون جیسے شعبوں سے وابستہ افراد کو ترجیح دی جا سکتی ہے۔

اشتہار

ایسے مراکز میں رہنے والے نوجوانوں کے لیے یہ تجربہ صرف کم خرچ رہائش تک محدود نہیں رہتا۔ بزرگوں کے ساتھ مسلسل میل جول سے انہیں زندگی کے مختلف تجربات اور نسلوں کے درمیان موجود فرق کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔ ابتدا میں بعض نوجوانوں کو بزرگوں سے گفتگو شروع کرنے اور ان کا اعتماد حاصل کرنے میں دشواری پیش آتی ہے، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ تعلقات بہتر ہونے لگتے ہیں۔ بزرگ اپنی زندگی کے واقعات اور یادیں بیان کرتے ہیں، جب کہ نوجوان ان کی باتیں سنتے اور روزمرہ سرگرمیوں میں ان کا ساتھ دیتے ہیں۔

اس باہمی تعلق سے بزرگوں کی زندگی میں بھی تبدیلی آتی ہے۔ انہیں بات چیت کے لیے مزید ساتھی ملتے ہیں اور وہ مختلف سرگرمیوں میں زیادہ دلچسپی لینے لگتے ہیں۔ بعض اوقات کسی سرگرمی کے دوران پیچھے رہ جانے والے بزرگ کو نوجوان رضاکار انفرادی طور پر سمجھاتا ہے، جس سے ان کے لیے حصہ لینا آسان ہو جاتا ہے۔ اسی طرح نوجوانوں کو بھی اپنے خاندان کے بزرگ افراد کے ساتھ زیادہ صبر اور سمجھ بوجھ سے پیش آنے کا احساس پیدا ہوتا ہے۔

بعض مقامات پر یہ تعلق جدید ٹیکنالوجی اور ماضی کے تجربات کے تبادلے کی شکل بھی اختیار کر رہا ہے۔ نوجوان بزرگوں کو مصنوعی ذہانت کے آلات استعمال کرنے کا طریقہ سکھاتے ہیں، جب کہ عمر رسیدہ افراد اپنے شہروں کی تاریخ، ماضی کے حالات اور ملازمت کے دوران حاصل ہونے والے تجربات بیان کرتے ہیں۔ اس طرح ایک نسل نئی ٹیکنالوجی سے دوسری نسل کو روشناس کراتی ہے اور دوسری نسل اپنے تجربات کے ذریعے نوجوانوں کی رہنمائی کرتی ہے۔

اگرچہ اس طرز کے پروگرام ابھی محدود پیمانے پر جاری ہیں، لیکن چین میں بزرگ آبادی میں اضافے کے تناظر میں ان کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے اختتام تک ملک میں 60 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کی تعداد 32 کروڑ 30 لاکھ سے تجاوز کر چکی تھی، جو مجموعی آبادی کا تقریباً 23 فیصد ہے۔ اتنی بڑی عمر رسیدہ آبادی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے دیکھ بھال کے مراکز کے ساتھ ایسے سماجی نظام بھی اہمیت اختیار کر رہے ہیں جو تنہائی کم کرنے اور مختلف نسلوں کو قریب لانے میں مدد دے سکیں۔

اشتہار

اس حوالے سے ایک اور طریقہ رضاکارانہ خدمات کے لیے وقت جمع کرنے کا نظام ہے۔ اس کے تحت افراد بزرگوں کی مدد کے عوض پوائنٹس یا کریڈٹس حاصل کرتے ہیں، جنہیں بعد میں دیکھ بھال کی سہولتوں یا روزمرہ ضروریات کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ بعض نظاموں میں یہ کریڈٹس قریبی اہل خانہ کو بھی منتقل کیے جا سکتے ہیں۔ اس طرح آج کسی بزرگ کی مدد کے لیے دیا جانے والا وقت مستقبل میں خود رضاکار یا اس کے خاندان کے لیے سہولت کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ چین میں اس طرز کے نظام کو فروغ دینے کے لیے رہنما اصول بھی جاری کیے گئے ہیں۔

تاہم، ان پروگراموں کو کامیابی سے جاری رکھنا آسان نہیں۔ نوجوانوں کی ملازمت، کام کے اوقات، صحت اور سفر کے فاصلے جیسے مسائل ان کی رضاکارانہ خدمات کو متاثر کر سکتے ہیں۔ بعض نوجوان ملازمت کی جگہ بدلنے یا روزانہ طویل سفر کی وجہ سے رہائش چھوڑنے کا فیصلہ کر لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ، بزرگوں کے مراکز میں رہنے والے رضاکار پیشہ ور نگہداشت کرنے والے نہیں ہوتے، اس لیے ان کی ذمہ داریوں، بزرگوں کی حفاظت اور نجی زندگی کے احترام کے حوالے سے واضح انتظامات ضروری ہیں۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ بزرگوں کے لیے صرف کبھی کبھار ہونے والی اجتماعی سرگرمیاں کافی نہیں ہوتیں۔ بہت سے عمر رسیدہ افراد باقاعدگی سے ملنے آنے والے کسی ایسے شخص کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں جو ان کے پاس بیٹھے، ان کی بات سنے اور وقت کے ساتھ ان سے ایک مستقل تعلق قائم کرے۔ یہی پہلو اس نظام کی اصل اہمیت کو نمایاں کرتا ہے۔ کم کرائے پر رہائش نوجوانوں کے لیے ایک عملی سہولت ضرور ہے، لیکن اس پروگرام کی حقیقی کامیابی اس وقت سامنے آتی ہے جب رضاکارانہ خدمت محض ایک طے شدہ ذمہ داری کے بجائے انسانی تعلق اور باہمی اعتماد میں بدل جائے۔

چین میں جاری یہ کوشش ظاہر کرتی ہے کہ رہائش اور بزرگوں کی دیکھ بھال جیسے دو الگ مسائل کو باہمی تعاون کے ذریعے حل کرنے کی راہ نکالی جا سکتی ہے۔ نوجوانوں کو کم خرچ رہائش ملتی ہے، بزرگوں کو صحبت اور توجہ حاصل ہوتی ہے، اور دونوں نسلوں کے درمیان فاصلے کم ہوتے ہیں۔ بالآخر، اس نظام کی سب سے بڑی قدر صرف مالی رعایت یا خدمات کے گھنٹوں میں نہیں، بلکہ اس احساس میں ہے کہ عمر کے کسی بھی مرحلے پر انسان کو کسی ایسے شخص کی ضرورت رہتی ہے جو اس کے ساتھ بیٹھے، اس کی بات سنے اور اسے تنہا محسوس نہ ہونے دے۔

اشتہار

شاہد افراز خان Shahid Afraz Khan

شاہد افراز خان پیشے کے اعتبار سے براڈکاسٹر ہیں۔سن 2007 میں بطور پروگرام پروڈیوسر ریڈیو پاکستان اسلام آباد سے نشریاتی سفر کا آغاز کیا۔… More »

اسی موضوع پر مزید پڑھیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے


Back to top button