الخدمت فاؤنڈیشن بدین کے زیرِ اہتمام خصوصی افراد میں وہیل چیئرز تقسیم

الخدمت فاؤنڈیشن بدین وہیل چیئرز تقسیم

الخدمت فاؤنڈیشن بدین وہیل چیئرز ڈسٹری بیوشن
الخدمت فاؤنڈیشن بدین کی جانب سے خصوصی افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کی تقریب میں اے ڈی سی ون کاشف رضا منگی ، اے سی بدین راجیش دلپت امیر جماعت اسلامی علی مردان شاہ اور دیگر خصوصی افراد کے ہمراہ

بدین: الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے زیرِ اہتمام ضلع بدین کے خصوصی افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کرنے کے لیے ایک باوقار تقریب جیم خانہ بدین میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں خصوصی افراد کی بڑی تعداد کے علاوہ سرکاری افسران، سماجی شخصیات، وکلا، تاجر برادری، صحافیوں اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بدین کاشف رضا منگی، اسسٹنٹ کمشنر راجیش کمار، امیر جماعت اسلامی ضلع بدین سید علی مردان شاہ گیلانی، اور سینئر صحافی و حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے سینئر نائب صدر تنویر احمد آرائیں تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی الخدمت فاؤنڈیشن ضلع بدین کے صدر غلام رسول احمدانی، جنرل سیکریٹری عبدالکریم بلیدی، ایاز لطیف سومرو سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات بھی موجود تھیں۔

تقریب کے اہم خطابات اور مہمانِ خصوصی کا پیغام

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کاشف رضا منگی نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بلاامتیاز رنگ، نسل، زبان اور مذہب انسانیت کی خدمت کر رہی ہے، جو ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی معذوری کا شکار افراد کی مدد کرنا صرف سماجی ذمہ داری ہی نہیں بلکہ ایک عظیم انسانی اور دینی فریضہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو سہولیات فراہم کرنا انہیں باوقار اور خودمختار زندگی گزارنے کا حق دینا ہے، اور ایسے فلاحی اقدامات معاشرے میں امید، محبت اور احساسِ ذمہ داری کو فروغ دیتے ہیں۔

حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے سینئر نائب صدر تنویر احمد آرائیں نے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی سماجی خدمات لائقِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بدین میں سیلاب سے متاثرہ بے گھر خاندانوں کے لیے پکے مکانات کی تعمیر، یتیم بچوں کی کفالت، صحت، تعلیم اور فلاحی منصوبوں کے ذریعے الخدمت نے خدمتِ خلق کی روشن مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر مثبت اور عوامی فلاح کے منصوبے میں الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی اور ایسے ادارے معاشرے کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن بدین کی فلاحی سرگرمیاں

جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر انجینئر سید علی مردان شاہ گیلانی نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتے ہوئے ضلع بھر میں آرفن سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ یتیم بچوں کو ماہانہ وظائف، درسی کتب، یونیفارم اور راشن فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کی مدد ہی ایک حقیقی فلاحی معاشرے کی بنیاد ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن ضلع بدین کے صدر غلام رسول احمدانی نے کہا کہ ادارہ خصوصی افراد، بیواؤں، یتیموں اور مستحق خاندانوں کی مدد کے ساتھ ساتھ بے روزگار افراد کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے سبزی اور فروٹ کے ٹھیلے مہیا کر رہا ہے، جبکہ اسلامک مائیکرو فنانس پروگرام کے تحت بلا سود قرضے بھی دیے جا رہے ہیں، جن سے سینکڑوں خاندان معاشی طور پر مستحکم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن خدمت کو عبادت سمجھتے ہوئے ہر ضرورت مند تک بلا تفریق پہنچنے کے عزم پر قائم ہے۔

تقریب کے اختتام پر خصوصی افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔ مستحق افراد اور ان کے اہلِ خانہ نے الخدمت فاؤنڈیشن کے اس انسان دوست اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے فلاحی منصوبے نہ صرف خصوصی افراد کی مشکلات میں کمی لاتے ہیں بلکہ انہیں باوقار، بااعتماد اور فعال زندگی گزارنے کا حوصلہ بھی دیتے ہیں۔

تقریب میں معزز شہریوں، تاجروں، وکلا، سماجی کارکنوں، صحافیوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے کے محروم اور خصوصی افراد کی خدمت کے لیے سرکاری اداروں اور فلاحی تنظیموں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ ضرورت مند افراد کی زندگی میں حقیقی اور مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔


مزید خبروں یا اپڈیٹس کے لئے اردو ٹوڈے کا واٹس ایپ گروپ جوائن کریں.

تنویر احمد آرائیں

تنویر احمد ارائیں، سینئر صحافی، صدر بدین پریس کلب اور سینئر نائب صدر حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس۔ آپ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے… More »

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button