ایوانِ صدر میں اعلیٰ سطح کا اجلاس

اسلام آباد: ہفتے کو اسلام آباد میں واقع ایوانِ صدر میں رات گئے جاری رہنے والی میٹنگ میں اعلیٰ سوِل اور ملٹری حکام نے شرکت کی اور ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کی صدارت صدر آصف علی زرداری نے کی جبکہ وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف، آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی، امریکہ میں پاکستانی سفیرشیری رحمان کے علاوہ وزارتِ خارجہ اور خزانہ کے اہم افسران بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں نیٹو سپلائی کی بحالی، پاکستان اور امریکہ کے درمیان یادداشت کے معاہدوں پر دستخط ، پاک امریکہ تعلقات اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر غور ہوا۔

ذمے دار ذرائع نے ڈان اخبار کو بتایا کہ پاکستان کے راستے افغانستان بھیجی جانے والی نیٹو رسد کو باقاعدہ بنانے کے لئے ایک یادداشتی معاہدہ پیر کو حتمی طور پر تیار کرلیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں یادداشتی معاہدے کے لئے دونوں جانب سے کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں فریقین نے معاملات طے پانے کے بعد وکلاء کی مدد سے معاہدے کی حتمی تیاری پر کام شروع کردیا ہے۔

یہ اب تک واضح نہیں ہوسکا کہ ایم او یو میں نیٹو سپلائی سے تباہ ہوجانے والی نیشنل ہائی وے کی تعمیرِ نو کا مجوزہ منصوبہ شامل ہے یا پھر اس پر الگ سے کام کیا جائے گا۔

نیٹو افواج کی جانب سے گزشتہ برس چھبیس نومبر کو سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد پاکستان نے نیٹو سپلائی پر پابندی لگادی تھی۔ اس حملے میں پاکستان کے چوبیس فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

نیٹو کو پاکستان سے دوبارہ سپلائی گزشتہ ہفتے امریکی معافی کے بعد بحال کی گئ تھی۔ تاہم سات ماہ کے تعطل سے تقریباً سات ہزار ٹرک جمع ہوگئے تھے۔

تاہم، دونوں فریقین ٹرکوں کی روانگی میں تیزی لانے پر اتفاق کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں پہلے سے کلیئر اور بند کئے گئے ایک ہزار چھ سو ٹرکوں کو روانہ کیا جائے گا جبکہ دوسری کھیپ بھی تیار کی جائے گی۔

واشنگٹن میں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے پیش کردہ حالیہ بریفنگ میں ذرائع ابلاغ کے نمائیندوں کو بتایا گیا کہ پاکستان نیٹو ٹرک کی تیز رفتار ترسیل کے معاملے میں سنجیدہ ہے۔

جمعرات کو اسلام آباد میں دفترِ خارجہ کے افسران نے بتایا تھا کہ پاکستان اور امریکہ نیٹو سپلائی کو باقاعدہ بنانے کے لئے جلد ایک ایم او یو پر دستخط کریں گے۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ کے نمائیندوں کا کہنا ہے کہ حکومت اس سلسلے میں مشرف دور میں کیا جانے والا امریکہ سے معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ دونوں ممالک کے درمیان مسائل کی وجہ بنا ہوا تھا۔


مزید خبروں یا اپڈیٹس کے لئے اردو ٹوڈے کا واٹس ایپ گروپ جوائن کریں.

ڈی ایکس ٹائمز آرکائیو

ڈی ایکس ٹائمز آرکائیو (DX Times Archive) یہ اردو ٹوڈے کا ایک خصوصی آرکائیو سیکشن ہے، جہاں ڈی ایکس ٹائمز کی تاریخی خبروں اور… More »

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button