وزیراعظم 14اگست کو الیکشن کے روڈ میپ کا اعلان کریں گے
اسلام آباد: عام انتخابات نومبر کے پہلے ہفتے میں ہونے کا امکان ہے، وزیراعظم 14اگست کو الیکشن کے روڈ میپ کا اعلان کریں گے۔
پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان عام انتخابات کے حوالے سے اسلام آباد میں مذاکرات ہوئے، ذرائع کے مطابق، سلم لیگ ن کی 7 رکنی اور پیپلز پارٹی کی 5 رکنی ٹیم نے مذاکرات میں حصہ لیا۔
ن لیگ کی ٹیم میں چوہدری نثار، راجہ ظفرالحق، خواجہ آصف، اسحاق ڈار، پرویز رشید جبکہ پیپلز پارٹی کی ٹیم میں خورشید شاہ، اعتزاز احسن، رضا ربانی،فرحت اللہ بابر، جہانگیر بدر شامل تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں اس بات پر اتفاق کیا کہ نگران سیٹ اپ میں کوئی امپورٹڈ وزیراعظم، وزیراعلٰی اور وفاقی و صوبائی وزراء شامل نہیں کیے جائیں گے اور نگراں کابینہ ملک میں رہنے والے پاکستانیوں پر مشتمل ہوگی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مذاکرات کو بعض دوست ممالک کی حمایت بھی حاصل ہے جنہوں نے دونوں سیاسی جماعتوں کو ٹکراؤ کی بجائے مفاہمت سے آگے بڑھنے کا مشورہ دیا تھا۔ عام انتخابات کے لیے دونوں سیاسی جماعتیں دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر ضابطہ اخلاق بھی مرتب کریں گی۔
انتخابات تک سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے خلاف کسی قسم کے ریفرینس نیب میں داخل نہیں کئے جائیں گے