چین پاکستان دوستی کی نئی پرواز
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

چین اور پاکستان کی دوستی کی داستان میں تعاون کے کئی رنگ نمایاں ہیں، لیکن اب یہ تعلقات زمین کی حدود سے آگے خلا تک پہنچ گئے ہیں۔ چین نے شین زو-24 انسان بردار خلائی جہاز کامیابی سے خلا میں روانہ کیا ہے، جس میں تین خلا باز سوار ہیں اور ان میں ایک پاکستانی خلا باز بھی شامل ہے۔ یہ مشن صرف ایک خلائی پرواز نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان سائنسی تعاون، باہمی اعتماد اور مشترکہ تحقیق کے ایک نئے دور کی علامت بن گیا ہے۔
شین زو-24 کی پرواز کے ساتھ پہلی مرتبہ چین کے انسان بردار خلائی پروگرام میں چینی اور غیر ملکی خلا بازوں نے ایک ساتھ خلائی سفر کیا ہے۔ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی نے چین کے تھیان گونگ خلائی اسٹیشن پر قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ یوں پاکستان اور چین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات نے ایک ایسی سمت اختیار کی ہے جہاں مشترکہ تجربات، سائنسی تحقیق اور مستقبل کی خلائی سرگرمیاں دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے مزید قریب لا رہی ہیں۔
یہ خلائی مشن چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کے اس اصول کی بھی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت خلا کے پرامن استعمال، برابری، باہمی مفاد اور مشترکہ ترقی کو اہمیت دی جاتی ہے۔ خلائی تحقیق اب صرف کسی ایک ملک کی سائنسی صلاحیت کا مظاہرہ نہیں رہی بلکہ ایسے شعبے میں تبدیل ہو رہی ہے جہاں مختلف ممالک مل کر انسانی زندگی، صحت، ماحول، زراعت اور نئی ٹیکنالوجی کے لیے امکانات تلاش کر سکتے ہیں۔
شین زو-24 کو لانگ مارچ-2 ایف راکٹ کے ذریعے بیجنگ وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ پر روانہ کیا گیا۔ پرواز کے تقریباً دس منٹ بعد خلائی جہاز راکٹ سے الگ ہو کر مقررہ مدار میں داخل ہوا اور لانچ کو مکمل کامیاب قرار دیا گیا۔ اس کے بعد خلائی جہاز نے تقریباً ساڑھے تین گھنٹے میں خودکار اور تیز رفتار انداز میں تھیان گونگ خلائی اسٹیشن کے مرکزی ماڈیول کے اگلے حصے سے جا کر ڈاکنگ مکمل کی۔ وہاں پہلے سے موجود شین زو-23 کے خلا بازوں نے نئے آنے والے ساتھیوں کا استقبال کیا۔ دونوں مشنز کے خلا بازوں کی یہ ملاقات چین کی خلائی تاریخ میں نویں مشترکہ خلائی ملاقات بھی بن گئی۔
اس مشن کی سب سے نمایاں خصوصیت پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ سائنسی تجربات ہیں۔ شین زو-24 کے دوران 90 سے زیادہ سائنسی تجربات اور ٹیکنالوجی ٹیسٹ کیے جائیں گے، جن کا تعلق خلائی حیاتیاتی علوم، خلائی مواد، مائیکرو گریویٹی میں سیال اور احتراق کے عمل، بنیادی طبیعیات، خلائی طب اور نئی خلائی ٹیکنالوجیز سے ہے۔ ان میں چار منصوبے پاکستان اور چین کے مشترکہ تعاون سے مکمل کیے جائیں گے، جن میں حیاتیاتی ٹیکنالوجی اور مواد کے شعبے نمایاں ہیں۔
ان تجربات میں ایک اہم تجربہ روشنی کی مدد سے غذا بنانے والے سائانوبیکٹیریا سے متعلق ہے۔ پاکستانی خلا باز مدار میں اس تجربے کو انجام دیں گے، جس سے مستقبل کے خلائی اسٹیشنوں اور گہری خلا میں قائم ہونے والے مراکز کے لیے آکسیجن کی دوبارہ پیداوار اور حیاتیاتی مصنوعات کی تیاری سے متعلق بنیادی معلومات اور سائنسی اعداد و شمار حاصل ہونے کی توقع ہے۔
ایک اور مشترکہ تجربے میں کوئنوا کے بیجوں کو تقریباً ایک سال تک خلائی ماحول کے سامنے رکھا جائے گا تاکہ ان کی سخت حالات برداشت کرنے کی صلاحیت اور پائیداری کا جائزہ لیا جا سکے۔ مقصد بہتر خصوصیات رکھنے والی اقسام کی تلاش ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات کے دور میں ایسی تحقیق زراعت کو زیادہ مضبوط، کم خطرے سے دوچار اور بدلتے ماحول کے مطابق بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
دیگر دو مشترکہ تجربات کا تعلق گرافین پر مبنی ہائبرڈ مرکبات اور شمسی حرارت سے خود کو بحال کرنے والے کاربن فائبر مرکبات سے ہے۔ بظاہر یہ موضوعات خلائی تحقیق تک محدود دکھائی دیتے ہیں، لیکن ان کے نتائج مستقبل میں زمین پر استعمال ہونے والی نئی نسل کی صنعتی اور سائنسی ٹیکنالوجی کی بنیاد بن سکتے ہیں۔
پاکستان اور چین کا خلائی تعاون آج کا آغاز نہیں بلکہ تین دہائیوں سے زیادہ پر محیط سفر ہے۔ پاکستان کا پہلا تجرباتی سیٹلائٹ بدر-1 بھی چینی راکٹ کے ذریعے خلا میں بھیجا گیا تھا۔ بعد کے برسوں میں مواصلاتی اور ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹس کے شعبوں میں تعاون آگے بڑھا اور حالیہ برسوں میں پاکستانی سیٹلائٹس کو چینی خلائی مشنز کے ذریعے مدار میں پہنچایا گیا۔ اس مسلسل تعاون نے دونوں ممالک کے خلائی پروگراموں کے درمیان ایک مضبوط بنیاد قائم کی ہے۔
اس مشترکہ مشن کی تیاری میں سائنسی تجربات کے ساتھ انسانی پہلوؤں کو بھی خاص اہمیت دی گئی۔ پاکستانی خلا باز کے لیے چینی اور انگریزی زبان میں رہنما کتابچے تیار کیے گئے، خوراک میں ثقافتی اور غذائی ضروریات کا خیال رکھا گیا اور تربیت کو بھی اسی ضرورت کے مطابق ترتیب دیا گیا۔ چینی ماہرین نے خلائی پرواز سے متعلق اہم چینی اصطلاحات اور احکامات سکھانے کے لیے خصوصی طریقے اختیار کیے۔ تربیت کے ایک مرحلے میں کلاسیکی چینی شاعری سے بھی روشناس کرایا گیا۔
خلا میں کام کرنے والی ٹیم کے لیے زبان صرف رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ کامیاب مشن کی بنیادی ضرورت بھی ہے۔ مشترکہ تربیت کے دوران چینی اور پاکستانی خلا بازوں نے ایک دوسرے کی زبان اور کام کرنے کے انداز کو سمجھنے کی کوشش کی۔ وقت کے ساتھ ان کے درمیان رابطہ محض ایک دوسرے کی بات سمجھنے تک محدود نہیں رہا بلکہ وہ ایک دوسرے کی اگلی سرگرمی کا اندازہ لگانے کے قابل بھی ہوئے۔ یہی باہمی اعتماد خلا میں انتہائی پیچیدہ سائنسی اور تکنیکی کاموں کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
شین زو-24 کا مقصد صرف پاکستانی خلا باز کو خلائی اسٹیشن تک پہنچانا نہیں۔ اس مشن کے ذریعے خلا میں موجود عملے کی تبدیلی، خلائی اسٹیشن کے معمول کے آپریشن، سائنسی تحقیق، آلات کی دیکھ بھال، عوامی آگاہی اور مختلف تجرباتی آلات کے ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ چین نے پہلی مرتبہ ایک سال تک خلا میں انسان کے قیام سے متعلق ایک اہم تجربہ بھی شروع کیا ہے، جس کے ذریعے خلائی ماحول میں انسانی جسم کی تبدیلی، صحت اور موافقت کا زیادہ جامع مطالعہ کیا جائے گا۔
یہ طویل مدتی تجربہ انسانی جسم کے بارے میں وسیع سائنسی معلومات جمع کرنے، خلا میں طویل قیام کے دوران صحت اور روزمرہ زندگی کے لیے حفاظتی نظام بہتر بنانے اور مستقبل کے طویل خلائی مشنز کے لیے ضروری عملی تجربات حاصل کرنے میں مدد دے گا۔
شین زو-24 کے ذریعے چین اور پاکستان کی خلائی شراکت داری ایک ایسے مرحلے میں داخل ہوئی ہے جہاں دوستی کا اظہار صرف روایتی تعلقات تک محدود نہیں بلکہ سائنسی تجربات، مشترکہ تحقیق اور انسانی ترقی کے عملی منصوبوں میں بھی نظر آتا ہے۔ خلا کی خاموش وسعتوں میں انجام دیے جانے والے یہ تجربات دراصل زمین پر رہنے والے انسانوں کے بہتر مستقبل کی تلاش ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چین اور پاکستان کا یہ مشترکہ خلائی سفر دونوں ملکوں کے لیے ایک نئی سائنسی منزل کے ساتھ ساتھ اس بات کی علامت بھی ہے کہ تعاون اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر زمین سے خلا تک نئے راستے کھولے جا سکتے ہیں۔



